All posts by Khabrain News

سری لنکا میں کشتی الٹ گئی،4بچوں سمیت6افراد ہلاک

کولمبو:  سری لنکا میں کشتی الٹنے سے4بچوں سمیت6افراد ہلاک ہوگئے۔

سری لنکن نیوی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کشتی الٹنے کا واقعہ مشرقی علاقے میں پیش آیا۔کشتی الٹنے سے4بچوں سمیت 6افراد ہوگئے جبکہ 12افراد کوبچالیا گیا۔

ڈوبنے والے متعدد افراد کی تلاش جاری ہے۔حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہرکیا ہے۔کشتی گنجائش سے زائد افراد سوارہونے کے باعث الٹی۔

 

کل سے پمپس بند رہیں گے، پیٹرولیم ڈیلرز کا ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ایک بار پھر25 نومبر سے ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ 25 نومبر صبح 6 بجے سے ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند رہیں گے، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی پیٹرول پمپس بند رہیں گے۔

پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حکومت نے ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کیے۔

سیکرٹری پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نعمان بٹ کا کہنا ہے کہ ڈیلر مارجن 6 فیصد ہونے تک حکومت سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔

نعمان بٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومت نے مطالبات ماننے کی یقین دہانی کروائی تھی لیکن ابھی تک کوئی رابطہ نہیں کیا، حکومت کی یقین دہانی کے بعد 5 نومبر کی ہڑتال کی کال واپس لی تھی۔

سیکرٹری پیٹرولیم ڈیلرز کا کہنا ہے کہ پیٹرول پمپ مالکان کو کل صبح 6 بجے سے پمپ بند رکھنےکا کہہ دیا ہے۔

حکومت سے مذاکرات کامیاب، پنجاب فلور ملز نے ہڑتال کا فیصلہ واپس لے لیا

لاہور: محکمہ خوراک پنجاب اور  فلور ملز  ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے۔

 ترجمان فلور ملز ایسوسی ایشن کے مطابق مذاکرات کے بعد فلور ملز ایسوسی ایشن نے ہڑتال کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔

فلور ملز ترجمان کا کہنا ہے کہ  مذاکرات میں 7 میں سے 5 نکات پر اتفاق ہو گیا اور بقیہ نکات پرمذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق  اب فلور ملز  پرائیویٹ گندم کا آٹا سفید تھیلے میں کے پی کےسمیت دیگر صوبوں کو ترسیل کر سکیں گی، فلور ملز کے لیے گندم کا کوٹا بڑھانے کابھی اصولی فیصلہ ہو گیا تاہم ملز مالکان اور محکمہ خوراک اس کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تیار کریں گی جس کی منظوری کابینہ سےلی جائے گی۔

 ترجمان کا کہنا ہےکہ بات چیت سے آٹے کی قلت اور قیمت کا مسئلہ بھی حل ہو گیا ہے۔

امریکا کی 110 ممالک کو جمہوریت پر سمٹ کی دعوت، دو اہم ممالک نظرانداز

واشنگٹن: امریکی صدر بائیڈن نے 110 ممالک کو جمہوریت پر ورچوئل سمٹ میں شرکت کی دعوت دی ہے تاہم اس فہرست میں دو اہم ممالک کو نظر انداز کر دیا گیا ہے۔

دسمبر میں ہونے والی سمٹ میں شامل ممالک کی فہرست اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ویب سائٹ پر جاری کر دی گئی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق 110 ممالک کی فہرست میں پاکستان، بھارت اور عراق کا نام شامل ہے لیکن چین اور ترکی کے نام اس فہرست میں شامل نہیں ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ورچوئل کانفرنس میں دعوت کے لیے تائیوان، مصر، سعودی عرب، اردن، قطر اور متحدہ عرب امارات کو دعوت نہیں دی گئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق رواں برس 9 اور 10 دسمبر کو ہونے والی ورچوئل کانفرنس میں شرکت کے لیے مشرق وسطیٰ سے صرف عراق اور اسرائیل کو دعوت دی گئی ہے۔

ملک کو 30 ٹریلین کا مقروض کرنیوالوں کو سزا ملنی چاہیے، عمران خان

اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے ایف بی آر کے ٹریک اینڈ ٹریس نظام کا افتتاح کردیا ، افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم مالیاتی امور میں شفافیت کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا ، نئے سسٹم کے اجراءپر مشیر خزانہ اور ایف بی آر کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے ۔ مستقبل میں اس نظام کے بہتر اثرات مرتب ہوں گے ۔انہوں نے کہاکہ ہمارا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ملک چلانے کیلئے پیسہ نہیں ہے جس کی وجہ سے قرضے لینے پڑتے ہیں یہ پاکستان کا مسلسل مسئلہ رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر آپ کے خرچے زیادہ اور آمدن کم ہو تو مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ ہمارے ہاں ٹیکس کلچر کبھی بنا ہی نہیں ہے۔ کرپٹ مافیا نے کبھی بھی پاکستان میں ٹیکس کلچر کو فروغ نہیں پانے دیا۔ ٹیکس چوری کو لوگ برا نہیں سمجھتے۔ ماضی میں لوگوں کو خدشہ تھا کہ ان کا دیا ہوا ٹیکس چوری ہوکر باہر چلا جائے گا ترقی یافتہ ملکوں میں کوئی سوچ نہیں سکتا،وزیر اعظم نے کہاکہ اب ملک میں ٹیکس کلچر کو فروغ دینا انتہائی ضروری ہے۔ ٹیکس کے بغیر ہم چل نہیں سکتے ۔ انہوں نے کہاکہ 2008 سے 2018 تک پاکستان کا 4 گنا زیادہ قرضہ بڑھا ۔ بے دریغ قرضہ لینے والوں کو سزائیں ملنی چاہئیں۔ گزشتہ حکمرانوں نے بیرونی دوروں پر عوام کے ٹیکس کا پیسہ بے دریغ خرچ کیا جس سے لوگوں کو اعتماد نہیں رہا ۔وزیراعظم نے کہاکہ موجودہ حکومت میں ریکارڈ ٹیکس اکٹھا ہوا ہے۔ امید ہے ٹیکس کی شرح6 ہزار ارب تک پہنچ جائے گی۔ عمران خان نے کہاکہ 6 ہزار ارب میں سے 3 ہزار ارب ماضی کے حکمرانوں کے لئے ہوئے قرضہ کی قسطوں میں چلا جائے گا باقی کروڑوں لوگوں کیلئے صرف 3ہزار ارب روپے بچ جائیں گے اس پیسے سے ہم نے عوام کو تعلیم اور صحت کی سہولیات دینی ہیں اور پھر سرمایہ کاری بھی کرنی ہے۔ یہ سب کچھ کرنا کتنا مشکل ہے ۔ زراعت کو بھی فروغ دینا ہے یہ سب کچھ کرنے کیلئے قرضہ لینا پڑتا ہے اور اس پر سود دینا پڑتا ہے ،وزیر اعظم نے کہاکہ ہم ایک عجیب چکر میں پھنسے ہوئے ہیں اس چکر سے نکلنے کیلئے ٹیکس کو تیزی سے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ یہ ٹیکنالوجی کی طرف جانے سے ہی ممکن ہے آج کا اقدام اس حوالے سے بہت اہم ہے ۔ مجھے امید ہے کہ ہم جس تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں ہمارے ٹیکس محصولات جلد 8ہزار ارب روپے تک پہنچ جائیں گے ۔ ٹیکس محصولات کے اضافے میں ایف بی آر کا بڑا کردار ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے ملک کی 60 فیصد آبادی 30 سال سے کم لوگوں پر مشتمل ہے ہمارے پاس ٹیکس اکٹھا ہوگا تو ہم ان پرخرچ کرپائیں گے۔ ٹریک اینڈ ٹریس نظام اہم شعبوں کی الیکٹرانک نگرانی یقینی بنائے گا ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹیکس وصولیوں میں اضافہ ہوگا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آلودگی سے بچنے کیلئے پائیدار ماحولیاتی تحفظ کا منصوبہ وقت کی ضرورت ہے، متعلقہ محکمے آلودگی سے بچنے کیلئے صوبوں کے ساتھ مل کر حکمت عملی وضع کریں، ہمارے منشور کے مطابق صاف اور آلودگی سے پاک پاکستان اولین ترجیح ہے، بڑے پیمانے پر شجرکاری سے شہروں کو سرسبز بنانے پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔

برطانیہ کے بعد جنیوا میں بھی سکھوں کا خالصتان ریفرنڈم کرانے کااعلان

لندن (ڈاکٹر اختر گلفام سے) سکھوں نے برطانیہ کے بعد جنیوا میں بھی خالصتان ریفرنڈم کا اعلان کر دیا ہے۔ یورپ اور دنیا بھر کے سکھوں کو 10 دسمبر کو سوئٹزرلینڈ پہنچنے کی ہدایات دے دی ہیں۔ بھارت ابھی برطانیہ میں سکھوں کے علیحدہ وطن خالصتان کے لئے ہونے والے ریفرنڈم کا ماتم کر رہا تھا کہ اسے ایک اور آفت نے آ گھیرا ہے کہ سکھس فارجسٹس نے جنیوا میں بھی خالصتان کے قیام کے لئے ریفرنڈم کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے ماہ یعنی دسمبر میں اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کے ہونے والے سیشن کے دوران 10 دسمبر کو یورپ، بھارت اور برطانیہ سمیت دنیا بھر سے ہزاروں سکھ خالصتان ریفرنڈم میں حصہ لینے کے لئے جنیوا پہنچیں گے۔ ذرائع کے مطابق بھارت نے جنیوا میں ہونے والے سکھوں کے اس خالصتانی ریفرنڈم کو رکوانے کے لئے سوئٹزرلینڈ کی حکومت سے رابطہ کر کے سخت احتجاج کیا ہے لیکن اس بھارتی احتجاج کا کورا جواب دے دیا۔ اس طرح برطانیہ کے بعد سوئٹزرلینڈ میں بھی بھارت کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

نواز شریف نے پاسپورٹ تجدید کیلئے سفارت خانہ کو درخواست دیدی

15 فروری سے پاسپورٹ کی میعاد ختم ہوچکی، درخواست کونسل کے ذریعے پاکستانی سفارتخانہ کودی۔
پاکستانی سفارتخانے کا پاسپورٹ کے معاملے پر وزارت داخلہ ، خارجہ سے رابطہ۔
ذرائع کے مطابق واپسی کا بہانہ ختم کرنے کیلئے پاسپورٹ بنانے پر سوچ بچار شروع۔
قائد ن لیگ کو پاکستانی عدالتیں کئی مقدمات میں اشتہاری قرار دے چکیں۔
برطانیہ جاتے وقت نواز شریف کے پاس ڈپلومیٹ پاسپورٹ تھا۔
سکیورٹی بانڈز پر علاج کیلئے برطانیہ گئے تھے۔

آئندہ 3 ماہ میں یورپ میں کورونا سے مزید7 لاکھ اموات کا خدشہ ہے، ڈبلیو ایچ او

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے مارچ 2022 تک یورپ میں کورونا وائرس سے مزید 7لاکھ ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کردیا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے حالیہ عرصے میں یورپ میں کورونا کیسز کی تعداد میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہےکہ اگر یہی صورت حال رہی تو مارچ 2022 تک وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 15 لاکھ سے بڑھ کر 22 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ کورونا کیسز میں اضافے کے باعث اسپتالوں کے خصوصی نگہداشت کے شعبوں پر دباؤ میں اضافےکا بھی خدشہ ہے۔

خیال رہے کہ حالیہ کچھ عرصے میں یورپ  میں کورونا کیسز میں واضح اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جرمنی، برطانیہ، ہالینڈ اور آسٹریا میں متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جس کے بعد حکومتوں کی جانب سے نئی پابندیاں بھی لگائی جارہی ہیں۔

ملک کو 30 ٹریلین کا مقروض بنانے والوں کو سزائیں ملنی چاہئیں، وزیراعظم

وزیراعظم عمران نے مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کی حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ 

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھاکہ ہمارا بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ہمارے پاس ملک چلانے کیلئے پیسے نہیں، ملک چلانے کیلئے ہمیں قرض لینا پڑتا ہے جبکہ اشرافیہ نے ملک میں کبھی ٹیکس کلیکشن سسٹم مضبوط نہیں ہونے دیا۔

ان کا کہنا تھاکہ ملک کو 30 ٹریلین کا مقروض بنانے والوں کو سزائیں ملنی چاہئیں، 10  سال میں اتنا قرض لینے کے باوجود ڈیم بنائے نہ کوئی بڑا کام کیا بلکہ ماضی میں حکمرانوں نے بیرونی دوروں پر دس دس گنا زیادہ خرچ کیا۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ عوام کو یقین ہوگا کہ پیسہ ان پر خرچ ہوگا تو وہ ٹیکس دیں گے، ملک اور عوام کی خوشحالی ٹیکس دینے میں ہے اور ہمارا ہدف 6ہزار ارب روپے کا ریونیو جمع کرنا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹیکس وصولیوں میں اضافہ ہوگا، ایف بی آر کا ٹیکس وصولیوں میں بہت بڑا کردار ہے۔

عظمیٰ بخاری اگر جیل بھیجیں تو جانے کو تیار ہوں، فیاض الحسن چوہان

وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ اگر عظمیٰ بخاری جیل بھیجیں تو جانے کو تیار ہوں۔
پنجاب اسمبلی کے باہر وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان اور رہنما (ن) لیگ عظمی بخاری کے درمیان دلچسپ نوک جھوک دیکھنے میں آئی، اس موقع پر عظمیٰ بخاری کے ہمراہ لیگی رہنما حناپرویز بٹ بھی موجود تھیں۔
رہنما (ن) لیگ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ چوہان صاحب، جیل میں اپنے لیے سیل بنالیں جس پر فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ عظمیٰ بخاری اگر جیل بھیجیں تو جیل جانے کو تیار ہوں۔