All posts by Khabrain News

مودی نے کسانوں کے آگے گھٹنے ٹیک دیے، زرعی قوانین منسوخ کرنے کا اعلان

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے تقریباً ایک سال سے جاری کسانوں کے احتجاج کے سامنے گھٹنے ٹیکتے ہوئے متنازع زرعی قوانین منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے قوم سے اپنے خطاب میں بھارت کی مختلف ریاستوں میں احتجاج پر بیٹھے کسانوں کو گھروں کو واپس لوٹنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے نئے زرعی قوانین کی منسوخی کا فیصلہ کیا ہے۔

نریندر مودی کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے پارلیمنٹ سے 2020 میں پاس ہونے والے تین زرعی قوانین واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے، حکومت رواں ماہ کے آخر میں ہونے والے پارلیمنٹ کے اجلاس میں باقاعدہ قواعد و ضوابط کے ذریعے زرعی قوانین کو منسوخ کر دے گی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نریندر مودی کی جانب سے متنازع زرعی قوانین کی منسوخی کا اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کچھ ہی ماہ بعد بھارتی پنجاب سمیت 5 ریاستوں میں انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ بھارت میں مودی سرکار کی جانب سے کی جانے والی زرعی اصلاحات کے خلاف پنجاب، ہریانہ اور اتر پردیش سمیت مختلف علاقوں میں کسان ایک سال سے احتجاج کر رہے ہیں۔

بھارت میں ہونے والے پرتشدد مظاہروں میں کسان اور بی جے پی کے کارکن بھی ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ چند ماہ قبل ایک بی جے پی کے وزیر کے بیٹے کی گاڑی نے احتجاج پر بیٹھے کسانوں کو کچل دیا تھا جس پر مشتعل کسانوں نے گاڑی کو نذر آتش کرتے ہوئے اس میں سوار 4 افراد کو قتل کر دیا تھا۔

روس کیخلاف یوکرین نے امریکااور یورپی اتحادیوں سے مزید فوجی امداد مانگ لی

روس کے خلاف یوکرین نے امریکااور یورپی اتحادیوں سے مزید فوجی امداد مانگ لی ہے۔
خبرایجنسی کے مطابق یوکرینی وزیر دفاع نے کہا کہ روس کے خلاف یوکرین کو سیاسی مدد کےساتھ ساتھ مغربی ممالک سے اسلحہ بھی چاہیے۔
یوکرین کی سرحد پر روسی فوج کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جبکہ یوکرین کی پارلیمنٹ نے بارڈر گارڈز کو آتشیں اسلحہ اور فوجی آلات کے استعمال کی اجازت دینے کا قانون پاس کیا ہے۔
خبرایجنسی کے مطابق یوکرین نے روس کے 28 سپیشل فورسز کے اہلکاروں پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔

انتخابی نظام کو کنٹرول کیا جارہا ہے، زبردستی کا نظام قبول نہیں کرینگے، فضل الرحمان

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ الیکشن سے قبل انتخابی نظام کو کنٹرول کیا جارہا ہے۔
کوئٹہ میں جمعیت علمائے اسلام کے زیر اہتمام علما کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے فضل الرحمان نے کہا کہ خلافت عثمانیہ کے زوال کے بعد یورپ سرمائے پر قابض ہوگیا، مسلمان اب یورپ کی معیشت کے آگے ہاتھ پھیلا رہے ہیں، دنیا بھر میں تبدیلیاں آرہی ہیں اور پاکستان بھی عالمی تبدیلیوں کے زد میں ہے، سپر طاقتیں تبدیل ہوتی رہتی ہیں، آنے والے مستقبل میں امریکہ کی بجائے چین معیشت کی قیادت کریگا، ہم نے پاکستان کا مفاد دیکھنا ہے، 70 سال امریکہ کی غلامی میں گزار لیے۔
فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی قوتوں کے پاس اسلامی معاشرے کو بگاڑنے کیلئے عمران خان سے بہتر کوئی نہیں ، میرے پاس اعلیٰ سطح وفد بھیجا گیا جس نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ گزارہ کریں، اس سلسلے میں تین میٹنگ ہوئی میں نے کہا کہ میری ترجیح اپنا مفاد نہیں، مجھے کہا گیا کہ آپ عمران خان کو یہودی ایجنٹ کہتے ہو۔
سربراہ پی ڈی ایم نے مزید کہا کہ الیکشن آرہے ہیں تو اس انتخابی نظام کو کنٹرول کیا جارہاہے، تاہم پی ڈی ایم نے اب کمر کس لی ہے ، ملک کو خلاف آئین اقدامات سے نہیں چلایا جاسکتا اور زبردستی کا کوئی نظام قبول نہیں کرینگے، 25 جولائی2018 ملکی تاریخ کا سیاہ دن تھا، جس کردار نے 2018 کے الیکشن کرائے اسی کردار نے 17 نومبر کو ترامیم کرائیں، کل 17 نومبر کو 51 قوانین پاس کیے گئے، لیکن جمعیت علماء اسلام اور پی ڈی ایم نے فیصلہ کن جدوجہد کیلئے مشاورت کرلی ہے۔

مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی دوبارہ نظر بند

مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو ان کے گھر میں دوبارہ نظر بند کردیا گیا۔

یہ اطلاع انہوں نے ٹوئٹر پر کی گئی ٹوئٹس میں دی، جس کے ساتھ مقفل دروازوں اور سیکیورٹی انتظامات کی تصاویر بھی شیئر کیں۔

کشمیری رہنما کا کہنا تھا کہ ان کے علاوہ ان کے میڈیا ایڈوائزر اور ایک اور ساتھی کو بھی گھروں میں نظر بند کردیا گیا ہے۔

محبوبہ مفتی کا مزید کہنا تھا کہ بے گناہ شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنا اور پھر ان کے اہلِ خانہ کو باعزت تدفین کا حق نہ دے کر بھارتی حکومت غیر انسانیت کی اتھاہ گہرائیوں میں گر گئی ہے۔

سابق وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ شروع سے ان کا بیانیہ احتساب سے فرار کے لیے جھوٹ پر بنیاد کرتا ہے۔

اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے بھارتی حکام کے حوالے سے مزید کہا کہ وہ اپنے اقدامات پر جوابدہ نہیں ہونا چاہتے اس لیے جو آوازیں اس قسم کی ناانصافی اور ظلم کے خلاف بلند ہو رہی ہیں انہیں دبایا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ پیر کی رات سری نگر میں بھارتی فوج نے چھاپے کے دوران دو مبینہ حریت پسندوں سمیت 5 افراد کو قتل کردیا تھا۔

پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ شہری بھارتی فوج اور مبینہ حریت پسندوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے تاہم عینی شاہدین اور شہریوں کے اہل خانہ نے بتایا تھا کہ بھارتی فوجیوں نے انہیں انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا۔

بعد ازاں بھارتی حکام نے سال 2020 سے شروع کی جانے والی پالیسی کے تحت لاشوں کو ایک دور افتادہ شمال مغربی گاؤں میں خفیہ طور پر دفن کر دیا تھا۔

جس پر گزشتہ روز ان مقتولین کے درجنوں رشتہ داروں نے مرکزی شہر میں احتجاج کیا تھا اور ان کی تدفین کے لیے حکام سے لاشیں واپس کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

ان شہریوں کی شناخت تاجر محمد الطاف بھٹ اور ڈینٹل سرجن کے ساتھ ساتھ ریئل اسٹیٹ ڈیلر مدثر کے ناموں سے ہوئی تھی جس میں الطاف بھٹ کی بیٹی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر خاصی وائرل ہوئی جس میں لڑکی نے ان لمحات کے بارے میں بتایا جب انہیں ان کے والد کے قتل کی اطلاع ملی تھی۔

رشتہ داروں کا کہنا تھا کہ کم از کم مرنے والوں کا احترام کیا جائے اور انہیں ان کے پیاروں کی باوقار طریقے سے تدفین کی اجازت دی جائے۔

یہاں یہ بات یاد رہے کہ 5 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کےبعد محبوبہ مفتی سمیت وادی کے متعدد سیاسی رہنماؤں کو بھارتی حکومت نے حراست میں لے لیا تھا۔

چنانچہ محبوبہ مفتی 14 ماہ تک اپنے گھر میں نظر بند رہی تھیں جس کے بعد بھارتی حکام نے انہیں اکتوبر 2020 میں رہا کردیا تھا، محبوبہ مفتی کا شمار ان سیاسی رہنماؤں میں ہوتا ہے جو بھارت کے حامی سمجھے جاتے ہیں۔

جو لوگ کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھا رہے ہیں وہ تبدیلی نہیں آنے دیتے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جو لوگ پرانے کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھا رہے ہیں وہ تبدیلی نہیں آنے دیتے، مرے ہوئے لوگوں کے ووٹوں کا اندراج کرایا ہوا ہے، کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھانے والے جدت نہیں لانا چاہتے۔

وزیراعظم عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ڈیجیٹل پورٹل کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے ہم نے کبھی اوورسیز پاکستانیوں کو اثاثہ نہیں سمجھا، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے ہر حکومت ان کی قدر کرے گی، اوورسیز پاکستانیوں کو ملکی جمہوریت میں شامل کرلیا ہے، اوورسیز پاکستانیوں کے لیے پاور آف اٹارنی کا بڑا مسئلہ تھا ہم نے ان کا یہ معاملہ بھی حل کیا۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی نے دنیا کو بدل دیا ہے، ٹیکنالوجی استعمال نہ کرنے سے زیادہ احمقانہ بات اور کیا ہوسکتی ہے اس لیے ہمیں الیکٹرونک ووٹنگ مشین کی منظوری سے بہت خوشی ہوئی ہے۔

مران خان نے کہا کہ جو لوگ پرانے کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھا رہے ہیں وہ تبدیلی نہیں آنے دیتے، مرے ہوئے لوگوں کے ووٹوں کا اندراج کرایا ہوا ہے، کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھانے والے جدت نہیں لانا چاہتے۔

میرا دل پاکستانی ٹیم کے ساتھ جڑا ہے: میتھیو ہیڈن

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں میتھیو ہیڈن نے لکھا ہے کہ میں برسبین کے قرنطینہ سینٹر میں بیٹھا اپنی آئیسولیشن مکمل کر رہا ہوں مگر میرا دل ڈھاکہ میں موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کے ساتھ جڑا ہے۔

انہوں نے قومی ٹیم کے ساتھ  نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ شاباش لڑکو! چھا جاؤ۔

خیال رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان تین میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ  کل بروز جمعے کو شیر بنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

سیریز کا دوسرا اور تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ بھی بالترتیب 20 اور 22 نومبر کو اسی مقام پر کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور بحرین کے تعلقات مشترکہ مذہب اور ثقافت پر استوار ہیں ، صدر مملکت

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور بحرین کے تعلقات  مشترکہ مذہب اور ثقافت پر استوار ہیں ۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے بحرین کی کونسل  برائے نمائندگان کے وفد کی اسپیکر مسز فوزیہ بنت عبداللہ زینل کی قیادت  میں ملاقات ہوئی ۔

ملاقات میں صدر مملکت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہونے والے مظالم   پر بھی روشنی ڈالی جبکہ صدر مملکت نے پاکستان میں نرسنگ یونیورسٹی کے قیام پر بحرین کی حکومت کا شکریہ ادا  بھی کیا۔

 صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے تعلقات  مشترکہ مذہب اور ثقافت پر استوار ہیں ، پاکستان میں زراعت ، خوراک ، لائیو اسٹاک ، ماہی گیری اور سرجیکل آلات کی برآمدات  کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

 ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بحرین کے مابین دوطرفہ تعلقات کو باہمی مفاد کے شعبوں میں فروغ دینے کی ضرورت ہے  جبکہ تجارت ، معیشت اور سیاسی تعلقات میں مزید بہتری لانے کی  بھی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے مابین دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافے کی بھی ضرورت ہے ۔

ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش مقام ہے ، پاکستان میں تجارت اور سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ بحرین کی کاروباری برادری پاکستان میں موجود مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائے  اور دونوں برادر ممالک اسلاموفوبیا کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کریں۔

ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کو رہا کر دیا گیا

تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ علامہ حافظ سعد حسین رضوی کو جیل سے رہا کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق حکومت اور ٹی ایل پی کے درمیان معاہدے کے بعد سعد رضوی کو رہا کر گیا گیا ہے، وہ مسجد رحمت اللعالمین پہنچیں گے۔

سعد رضوی کا جیل سے رہائی کے وقت کوئی استقبال نہیں کیا گیا۔ ٹی ایل پی کارکن مسجد رحمت اللعالمین کے باہر ان کا استقبال کریں گے۔

ذرائع کے مطابق سعد رضوی کی رہائی حکومت اور ٹی ایل پی کے درمیان ہونے والے معاہدے کے نتیجے میں ممکن ہوئی ہے۔

سعد رضوی اپنے والد مولانا خادم حسین رضوی کے کل سے شروع ہونے والے عرس کی تقریبات میں شریک ہوں گے، مولانا خادم حسین رضوی کا عرس 21 نومبر تک جاری رہے گا۔

رومانین گلوکار ایڈرین سینا نے ہنزہ کو جنت قرار دیدیا

مشہور زمانہ رومانین میوزک بینڈ “ایکسنٹ” کے گلوکار ایڈرین سینا نے پاکستان کی وادی ہنزہ کو زمین پر جنت قرار دے دیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایڈرین سینا نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر اپنے دورہ پاکستان پر وادی ہنزہ سے اپنی تصاویر شیئر کی ہیں۔ انہوں نے ہنزہ سے اپنی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ہنزہ کو زمین پر جنت سے تشبیہ دی۔ گلوکار نے اپنی تصاویر میں وادی کو “جادوئی” بھی قرار دیا ہے۔خیال رہے کہ مشہور گانے “دیٹس مائی نیم” کے گلوکار ایڈرین سینا نے کچھ عرصہ قبل اعلان کیا تھا کہ وہ پاکستان کے شمالی علاقوں کا دورہ کریں گے اور اب وہ اپنا سفر کرنے کیلئے باضابطہ طور پر ہنزہ پہنچ گئے ہیں۔

ہاکی کے سابق عالمی چیمپئن شہباز جونیئر کینیڈین ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ مقرر

ہاکی کے سابق عالمی چیمپئن اور اولمپیئن شہباز جونیئر کینیڈین ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ بن گئے۔
شہبازجونیئر بطور ہیڈ کوچ ٹیم کے ہمراہ ورلڈ ماسٹرز ہاکی انڈور ورلڈکپ میں خدمات انجام دیں گے۔
ورلڈ ماسٹرز ہاکی انڈور ورلڈکپ 15 تا 20 فروری 2022 امریکامیں کھیلا جائے گا۔
شہباز جونیئر پاکستان ہاکی کے اسسٹنٹ کوچ کے فرائض بھی سرانجام دے چکے ہیں۔