اسلام آباد( سپیشل رپورٹر) پارلیمنٹ کی پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی نے آڈیٹر جنرل آف پاکستان کو برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کی جانب سے پاکستان بھجوائے گئے ریکوری کے کروڑوں پاﺅنڈز کا ایک ہفتے میں کھوج لگانے کا حکم دے دیا جبکہ قومی
احتساب بیورو(نیب) کی جانب سے ایک سال میں کی گئی ریکوریوں کا آڈٹ کرنے کی بھی ہدایت کر دی،رکن کمیٹی خواجہ آصف نے کہا کہ جو برطانیہ سے180ملین پاﺅنڈ بھجوائے گئے وہ کدھر ہیں، اتنی بڑی رقم ہے اور پتہ ہی نہیں کدھر ہے؟ جبکہ رکن کمیٹی نور عالم خان نے کہا کہ ہم ان(نیب) کا آڈٹ کرناچاہتے ہیں توہم سیاستدان ہی ان کی پشت پناہی کرنے لگتے ہیں، ہر ایک ڈرتا ہے ، میں نے کمیٹی کی میٹنگزبلائیں تو میٹنگز ہی منسوخ ہو جاتی ہیں، ان کا آڈٹ کب ہوا ہے؟۔بدھ کو پارلیمنٹ کی پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی رانا تنویر حسین کی صدارت میں ہوا، اجلاس کے دوران رکن کمیٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ آج خزانہ کمیٹی میں تشویشناک بات ہوئی ہے، کمیٹی میں نیب کی ریکوریز سے متعلق پوچھا گیا تو وزارت خزانہ حکام نے جواب دیا کہ 821ارب کی ان کی ریکوری ہے، فنانس منسٹری نے کہا یہ ہمارے سسٹم میں ہی نہیں ہیں، شیری رحمان نے کہا کہ یہ کدھر پیسے جارہے ہیں جو ریکور ہوئے ہیں،