All posts by Khabrain News

حکومت اور کالعدم تنظیم میں ہونے والے مذاکرات پھر بلانتیجہ ختم ہوگئے

حکومت اور مذہبی جماعت میں ہونے  والے مذاکرات پھر بلانتیجہ ختم ہوگئے۔ٹی ایل پی واپس جائے گی تو ہی آپ کی بات سنی جائے گی حکومت کا موقف
ذرائع کے مطابق حکومت نے مذاکرات میں موقف اختیار کیا کہ  مذہبی تنظیم کے سربراہ سعد رضوی کی رہائی اور دیگر قانونی معاملات پر اس وقت بات ہو گی جب حکومت کی رٹ کو چیلنج نہیں کیا جائے گا۔ دوسری طرف لانگ مارچ کے شرکا  کو وزیر آباد کے مقام پر سختی سے روکنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرآباد سے آگے کالعدم تنظیم کے کارکنوں کو کسی صورت  نہیں جانے دیاجائے گا ۔متعلقہ اداروں کو اس ضمن میں ہدایات جاری کردی گئیں جبکہ  فور سز کو الرٹ رہنے کا حکم  دیا گیا ہے

کالعدم ٹی ایل پی اور بھارت کا گٹھ جوڑ ہے، وزیراطلاعات

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ بھارتی گٹھ جوڑ پاکستان کو غیر مستحکم کر رہا ہے۔

انہوں نے ٹویٹ کیا کہ پنجاب حکومت کو کالعدم جماعت اور بھارتی گٹھ جوڑ سے آگاہ کردیا ہے۔

دوسری جانب حکومت پنجاب نے اپنی ایک رپورٹ میں چونکا دینے والے انکشافات کیے ہیں کہ ایک حساس ادارے کو کچھ مصدقہ اطلاعات ملی ہیں کہ کالعدم تنظیم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کا بھارتی گٹھ جوڑ ہے۔

 خبرکے مطابق حکومت پنجاب نے ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کے منٹس جمع کرائے، جس میں لکھا گیا کہ ٹی ایل پی کے سیکریٹری خزانہ کے بھائی کے بینک اکاؤنٹ کی نشاندہی کی گئی ہے۔

لاہور کے ایک نجی بینک میں کھولے گئےاس اکاؤنٹ میں گزشتہ تین مہینوں میں غیر معمولی غیرملکی رقم کی ترسیل ہوئی۔

اس اکاؤنٹ میں غیر ملکی ترسیلات بھیجی جا رہی ہیں اور 5 جولائی 2021 کو ایک ٹرانزیکشن راجیش ہمت لال اور مکیش ہمت لال (دونوں ہندوستانی شہری) کی طرف سے آئی اوروہ خود اس وقت دبئی میں رہتے ہیں۔

پنجاب حکومت نے عدالت عظمیٰ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں انکشاف کیا کہ بینک اکاؤنٹ میں یہ ٹرانزیکشن پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے کالعدم ٹی ایل پی کے ساتھ بھارتی گٹھ جوڑ کی نشاندہی کرتی ہے۔

پنجاب کے 8 اضلاع میں رینجرز تعینات

محکمہ داخلہ پنجاب نے جمعرات کی صبح بتایا کہ صوبے کی8 اضلاع میں رینجرز کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ پنجاب کے 8 اضلاع میں رینجرز کے دستے 60 روز کے لیے تعینات کیے گئے ہیں۔ محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق راولپنڈی، جہلم، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، لاہور، چکوال، گجرات اور فیصل آباد میں دستے تعینات رہیں گے۔ گزشتہ روز وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے پنجاب میں رینجرز بلانے کا اعلان کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ کالعدم ٹی پی ایل عسکریت پسند ہو چکی ہے، پنجاب حکوت جہاں چاہیے رینجرز کو استعمال کر سکتی ہے۔ شیخ رشید کاکہنا تھا کہ کالعدم ٹی ایل پی کی قیادت سے 6 مرتبہ مذاکرات کیے۔ انہوں نےعید میلاد کے جلوس کو احتجاج میں تبدیل کیا، ہم سے وعدہ کیا تھا کہ راستے کھول دیں گے مگر ایسا نہیں کیا گیا۔ وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ کالعدم جماعت کی باتوں سے لگتا ہے کہ ان کا ایجنڈا کچھ اور ہے۔

کالعدم تنظیم کااحتجاج : حکومت کا مظاہرین کو روکنے کے لیے رینجرز تعینات کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد : حکومت نے کالعدم تنظیم کے احتجاجی مظاہرین کو روکنے کے لیے رینجرز تعینات کرنے اور پشاور جی ٹی روڈ بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس ہوا ، جس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیاگیا اور وزیراعظم نے دورہ سعودی عرب پر کابینہ کو اعتماد میں لیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں کابینہ کو سعودی عرب کی جانب سے مالی معاونت اور کالعدم تنظیم سے متعلق مذاکرات پر بریفنگ دی گئی، شیخ رشید نے کالعدم تنظیم کیساتھ مذاکرات میں ڈیڈ لاک سے آگاہ کیا، اراکین نے کہا جانی وملکی املاک کونقصان پہنچانے والے عناصر کو رعایت نہیں دینی چاہیے۔

اجلاس میں کالعدم ٹی ایل پی کے احتجاج سے نمٹنے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا، جس کے بعد حکومت نے مظاہرین کو روکنے کے لیے رینجرز تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مظاہرین کو جہلم سے آگے نہیں آنے دیا جائے گا جبکہ پشاور جی ٹی روڈ بھی بند کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ قانون ہاتھ میں لینےوالوں سےسختی سےنمٹا جائےگا۔

اس سے قبل ریاست پاکستان نے احتجاج کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ریاستی رٹ چیلنج کرنے والوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

خیال رہے کچھ دنوں سے کالعدم تنظیم نے احتجاج کی آڑ میں راستے بند کررکھے ہیں، کالعدم تنظیم کی جانب سے راستے بند کرنے سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

حکومت کا کالعدم تحریک لبیک سے عسکریت پسند تنظیم کے طور پر نمٹنے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے گزشتہ کئی روز سے دھرنا دینے والی کالعدم تنظیم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) سے عسکریت پسند تنظیم کے طور پر نمٹنے اور ان کیخلاف آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اب کالعدم ٹی ایل پی کو سیاسی و مذہبی جماعت کے طور پر نہیں دیکھا جائے گا بلکہ اسے ایک عسکری تنظیم کے طور پر لیا جائے گا اور جیسے دیگر عسکریت پسند تنظیموں سے نمٹا گیا ٹی ایل پی سے بھی اسی طرح نمٹا جائے گا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں ریاست کی رٹ قائم رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ریاست کے صبر کی بھی حد ہوتی ہے، ہم کتنے دن آپ کا لحاظ کریں گے؟ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ آئی جی پنجاب پولیس کالعدم ٹی ایل پی کیخلاف آپریشن کی تفصیلات پیش کریں گے۔

فواد چوہدری نے دیگر ریاستی اداروں سے بھی درخواست کی کہ وہ ٹی ایل پی سے متعلق اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کریں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ٹی ایل پی ایک کالعدم تنظیم اور شر پسند گروپ ہے، انہوں نے وتیرہ بنا لیا ہے کہ بہانہ کرکے باہر نکلتے ہیں اور سڑکیں بلاک کر دیتے ہیں، پاکستان نے القاعدہ جیسی تنظیم کو شکست دی ہے، ریاست کو کمزور سمجھنے کی غلطی نہ کریں، پہلے 6 مرتبہ یہ تماشا لگ چکا ہے، ریاست نے بہت صبر کا مظاہرہ کیا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ دو دنوں میں 3 پولیس اہلکار شہید ہوچکے ہیں، 27 کلاشنکوف بردار سادھوکی میں ان کے ساتھ شامل ہوئے، ہم کتنی دیر آپ کا لحاظ کریں گے، کل وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ ہوا، اجلاس میں انٹیلی جنس چیفس اور ادارے شریک تھے، اب ہم اس تحریک کو باقی دہشتگرد تنظیموں کی طرح ٹریٹ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جو یوٹیوب اور سوشل میڈیا پر مہم چلا رہے ہیں وہ بھی اپنے رویوں پر نظرثانی کر لیں ، فیک نیوز کے کلچر کو برداشت نہیں کیا جائے گا، بھارت اور کچھ دیگر ممالک سے فیک نیوز پھیلانے والوں کو مدد مل رہی ہے ہم ان کے خلاف کارروائی کریں گے۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے بھی کابینہ اجلاس میں کالعدم ٹی ایل پی کے تمام مطالبات ماننے سے انکار کر دیا ہے اور راستے بند کرنے والوں کے خلاف سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر اعظم نے شہریوں کا راستہ روکنے والوں سے سختی سے نمٹنے کی ہدایت کردی ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کالعدم تنظیم کے مظاہرین کو جی ٹی روڈ پر روکنے کا فیصلہ کیاگیا اور جہلم پل پر رینجرز کو تعینات کر دیا گیا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کسی کو بھی قانون کو ہاتھ میں لینے نہیں دیا جائے گا، سیاسی مقاصد کے لیے تشدد کا راستہ اختیار نہیں کرنے دیں گے، پولیس والوں کو مارنا سیاسی کارکنوں کاکام نہیں۔

خیال رہے کہ کالعدم ٹی ایل پی نے 12 ربیع الاول کے روز سے اپنے احتجاج کا دائرہ وسیع کیا ہے۔ ابتدائی طور پر تنظیم نے ملتان اور لاہور میں دھرنے دیے جس کے بعد لاہور کی طرف مارچ کا اعلان کیا گیا۔

سکیورٹی اداروں نے مظاہرین کو اسلام آباد پہنچنے سے روکنے کیلئے اہم سڑکیں بند کر دیں ہیں جبکہ مظاہرین نے گزشتہ کئی روز سے جی ٹی روڈ پر دھرنا دیا ہوا ہے جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹ سروس معطل ہے۔

کالعدم تنظیم کے مارچ کے باعث وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف شہروں میں نظام زندگی متاثر ہے۔

راولپنڈی میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، اسلام آباد اور راولپنڈی کو ملانے والی مرکزی شاہراہیں سیل کر دی گئی ہیں۔ صدر سے فیض آباد میٹرو سروس معطل ہے۔ متبادل راستوں پر شدید ٹریفک جام ہوگیا ہے اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، مریضوں کا اسپتال جانامشکل ہوگیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق پولیس اور مظاہرین کے درمیان اب تک ہونے والی جھڑپوں میں 5 پولیس اہلکار شہید ہوچکے ہیں جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

ٹی ایل پی کا ایک مطالبہ یہ ہے کہ ان کے سربراہ علامہ سعد حسین رضوی کو رہا کیا جائے جبکہ وہ پاکستان سے فرانس کے سفیر کی ملک بدری کا بھی مطالبہ کر رہے ہیں۔

امریکا اپنی پراکسی فورس داعش کے ذریعے افغانستان میں حالات خراب کر رہا ہے، ایران

طالبان حکومت کے مستقبل کے حوالے سے ایران کی میزبانی میں چین، روس، پاکستان، تاجکستان، ازبکستان اور ترکمانستان کے وزرائے خارجہ کے اہم اجلاس میں افغانستان میں مخلوط حکومت کے قیام پر زور دیا گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران نے افغانستان میں تمام قومیتوں اور طبقات کی نمائندوں پر مشتمل جامع حکومت کی تشکیل کے سلسلے میں پڑوسی ممالک کے وزرائے خارجہ کے اہم اجلاس انعقاد کیا جس میں پاکستان، تاجکستان، ازبکستان اور ترکمانستان کے وزرائے خارجہ بے بہ نفس نفیس جب کہ چین اور روسی ہم منصب ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
ایک روزہ اجلاس کا افتتاح کرتے ہوئے صدر ابراہیم رئیسی کی نمائندگی کرتے ہوئے ایران کے نائب صدر محمد مخبر نے کہا کہ افغانستان میں امریکی پالیسیوں کی شکست کا مطلب یہ نہیں ہے کہ امریکا نے پورے خطے میں اپنی تباہ کن پالیسیوں کو ترک کر دیا ہے۔
اجلاس کے میزبان ملک کے نائب صدر نے داعش کو امریکا کی پراکسی فورس قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ اب امریکا نے افغانستان میں خانہ جنگی کو بھڑکانے کے لیے داعش کا استعمال شروع کردیا ہے۔
اس کے بعد اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتیرس نے ریکارڈ شدہ ویڈیو لنک میں کہا کہ طالبان حکومت کے بعد سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور خواتین مظاہرین پر حملے پریشان کن ہیں۔ انسانی بحران کے شکار ملک کو دہشت گردی سے نمٹنے اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف اقدامات اُٹھانے چاہیئے۔
چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سمیت ساتوں وزرائے خارجہ نے افغانستان میں مخلوط حکومت بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے رابطے بحال رکھنے اور مزید اجلاس منعقد کرنے کی تجویز دی۔
اس موقع پر چین نے اگلے اجلاس کی میزبانی کا اعلان کیا تاہم ابھی اس کی تاریخ کا طے ہونا باقی ہے۔ گزشتہ ماہ ایسا ہی ایک اجلاس پاکستان کی میزبانی میں بھی ہوا تھا۔

عراق میں داعش جنگجوؤں کا گاؤں پر حملہ، 11 افراد جاں بحق

عراق ميں داعش کے مسلح جنگجوؤں نے ایک ديہات پر دھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق میں جدید اسلحے سے لیس گاڑیوں میں سوار داعش جنگجوؤں نے بغداد کے علاقے بعقوبہ کے ايک گاؤں الرشاد پر حملہ کردیا۔ شیعہ اکثریتی آبادی والے دیہات میں حملے میں 11 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے ممکنہ طور پر پہلے تاوان کا مطالبہ کيا اور یہ مطالبہ پورا نہ کرنے کی پاداش میں حملہ کرکے فرار ہوگئے۔ حملہ آوروں کی تلاش میں چھاپہ مار کارروائی جاری ہے۔
عراق میں 10 اکتوبر کو عام انتخابات ہوئے ہیں جن میں شیعہ تنظیم نے 73 نشستیں حاصل کرکے اکثریت حاصل کرلی ہے۔ اتحادی حکومت میں ملک کے صدر اور وزیراعظم کے عہدے کا انتخاب تنظیم کے صدر مقتدیٰ الصدر کی مشاورت سے کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ عراق میں اتحادی افواج نے چار سال قبل داعش کو شکست دیدی تھی تاہم اب بھی نواحی علاقوں میں جنگجو برسرپیکار ہیں اور شہروں میں آکر کارروائیاں بھی کرتے ہیں۔

ٹی 20 ورلڈ کپ: انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی

ٹی 20 ورلڈ کپ میں گروپ اے کے میچ میں انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ابوظہبی میں کھیلے جا رہے میچ میں انگلینڈ نے بنگلہ دیش کی جانب سے دیا گیا 125 رنز کا ہدف باآسانی 14 ویں اوور حاصل کر لیا۔
انگلینڈ کی جانب سے جیسن روے نے 61 اور ڈیوڈ مالان نے 28 رنز کی اننگز کھیلی۔ بنگلہ دیش کے شرف الاسلام اور نسیم احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے پہلے بنگلہ دیش نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
بنگلا دیش کے مشفیق الرحیم 29 جب کہ کپتان محموداللہ 19 رنز رنز بنا کر نمایاں رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے ٹیمل ملز نے 3، معین علی اورلیام لیونگسٹن نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

فتح کی خوشی میں حفیظ اہلیہ کی سالگرہ بھول گئے، پھر کس نے یاد دلائی؟

قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نیوزی لینڈ سے زبردست فتح کی خوشی میں اہلیہ کی سالگرہ ہی بھول گئے۔
محمد حفیظ نے جیت کے بعد گزشتہ شب ٹوئٹ کی جس میں انہوں نے اہلیہ نازیہ کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کی اور لکھا کہ ویسے تو میں سالگرہ بھول گیا تھا لیکن ثانیہ مرزا کا شکریہ جنہوں نے بروقت کیک کا انتظام کیا۔قومی کرکٹر نے دو تصاویر بھی شیئر کیں، ایک تصویر میں وہ اپنی اہلیہ اور بچوں کے ساتھ موجود ہیں جب کہ دوسری تصویر میں ثانیہ مرزا ان کی اہلیہ نازیہ کے ساتھ کھڑی ہیں۔
محمد حفیظ کی پوسٹ پر صارفین کی بڑی تعداد نے ان کی اہلیہ کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔
واضح رہے کہ محمد حفیظ اور نازیہ حفیظ 2007 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور ان کے تین بچے ہیں۔

پاک فوج کا افغان بارڈر پر دہشتگردوں سے مقابلہ، 2 جوان شہید

پاک فوج کا افغان بارڈر پر دہشتگردوں سے مقابلہ ہوا جس کے دوران 2 جوان شہید ہو گئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق ضلع کرم میں افغانستان سے دہشت گردوں نے پاک افغان بارڈر پر باڑ پار کرنے کی کوشش کی ، فوجی دستوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کی کوشش ناکام بنائی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ واقعہ 26 اور 27 اکتوبر کی درمیانی شب پیش آیا ، فائرنگ کے شدید تبادلے میں نائیک اسد اور سپاہی آصف شہید ہو گئے۔

پاک فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین کے اپنے خلاف استعمال کی سخت مذمت کرتا ہے ، دہشت گردی کے خلاف ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔