All posts by Khabrain News

پٹرول ، گیس کی قیمتوں میں اضافہ پر پارلیمنٹ میں مخالفت کرینگے: شہباز شریف

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مخالفت کریں گے۔

 قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کے معاشی و آئینی حقوق پر سمجھوتہ نہیں ہو سکتا ہے۔ انہوں ںے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 7 سے 9 روپے اضافہ عوام کا معاشی قتل ہے۔

میاں شہباز شریف نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو قومی معاشی خود کشی سے روکنا ہوگا وگرنہ ملک کو بھاری قیمت ادا کرنا پڑ سکتی ہے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے کہا کہ منی بجٹ لا کر حکومت نے ثابت کیا ہے کہ اس کے پاس کوئی قابل عمل معاشی پلان نہیں ہے۔

قائد حزب اختلاف میاں شہبازشریف نے کہا کہ ٹیکس کا تعلق عوام کی قوت خرید اور قومی ترقی کی شرح سے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام پر مزید بوجھ ڈالنا صرف ظلم ہے۔

شہر میں اینٹی سموگ آپریشن 8 فیکٹریاں سر بمہر

محکمہ ماحولیات نے لاہور کے مختلف علاقوں میں اینٹی سموگ آپریشن کےدوران  آلودگی پھیلانے والی 8 فیکٹریوں کو سربمہر کردیا ۔محکمہ ماحولیات کے مطابق متعدد بار وارننگ کے باوجود فیکٹریوں میں آلودگی کنٹرول کرنے والے آلات آویزاں نہیں کیے گے نومبر میں شہر لاہور میں سموگ کی صورتحال بگڑسکتی ہے

 محکمہ ماحولیات نے لاہور کے مختلف علاقوں میں کارروائی کی سموگ کا باعث بننے والی 8 فیکٹریوں کو سر بمہر کردیا گیا، اینٹی سموگ ٹیموں نے کرول گھاٹی،رنگ روڈ ،محموڈ بوٹی کے علاقہ میں کارروائیاں کیں۔ آلودگی پھیلانے کا سبب بننے والی محمود سٹیل فرنس منیر سٹیل فرنس ،راوی سٹیل فرنس ،بٹ سٹیل رولنگ ملز محمود بوٹی ،رافع سٹیل رولنگ مل،چناب سٹیل فرنس محمود بوٹی کو آلودگی جانچنے والے آلات آویزاں نہ کرنے اور الودگی پھیلانے پر سربمہر کردیا ۔

پنجاب اسمبلی نے نکاح نامے میں ختم نبوت کا حلف شامل کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی

پنجاب اسمبلی نے نکاح نامے میں ختم نبوت کا حلف شامل کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹہ 51 منٹ تاخیر سے شروع ہوا تاہم اجلاس کی کارروائی لیگی رکن نشاط احمد ڈاہا کی وفات کے باعث مختصر کی گئی۔
اجلاس میں نکاح نامے کے فارم میں ختم نبوت کا حلف شامل کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔
قرار داد مسلم لیگ (ق) کی خدیجہ عمر، بسمہ چوہدری اور (ن) لیگ کے مولانا الیاس چنیوٹی نے مشترکہ طور پر پیش کی۔
اس کے علاوہ اجلاس میں یونیورسٹی آف لاہور ترمیمی بل، راشد لطیف یونیورسٹی اور دیگر ترمیمی بل متعارف کرائے گئے جو متعلقہ کمیٹیوں کو ریفر کردیے گئے۔

عوام کو مہنگائی کا بڑا جھٹکا، بجلی کی قیمت میں 2 روپے 51 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری

عوام پر مہنگائی کا قہر ٹوٹنے کو تیار، بجلی کی قیمت میں 2 روپے 51 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دیدی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ اضافے کی منظوری نیپرا نے ستمبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی، سی پی پی اے نے بجلی 2روپے 66 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست کی تھی۔ مذکورہ اضافے کا اطلاق لائف لائن اور کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا، دیگر صارفین کو آئندہ ماہ کے بلوں میں ادائیگی کرنا ہوگی۔ ستمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ پر نیپرا میں سماعت کے دوران وائس چیئرمین نیپرا نے کہا کہ ایندھن کی قیمتیں بڑھنےسے بجلی کے نرخ بڑھتے ہیں، اگر سسٹم میں سستی بجلی آجائے تو مہنگی بجلی ختم ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ سے امید رکھیں کہ بہتری آئے گی۔

کوئی عدالت یا جرگہ شرعی وراثتی قانون تبدیل نہیں کرسکتا:سپریم کورٹ کا بڑا فیصلہ

عدالت یا جرگہ شرعی وراثتی جائیداد کی تقسیم کے قانون کو تبدیل نہیں کر سکتا۔

سپریم کورٹ میں سوات میں جائیداد کی تقسیم سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، جسٹس یحییٰ آفریدی پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے کہ جرگے کا فیصلہ دین الٰہی سے بڑا نہیں ہو سکتا، اور اس کے ذریعے دین الٰہی کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا، جائیداد کی تقسیم سے متعلق دستاویزات پر سات سالہ بچے کا انگوٹھے کا نشان لگایا گیا، 7 سالہ بچے کو تو قتل کیس میں پھانسی بھی نہیں ہوسکتی، ایسے دستاویزات کے ذریعے قانون کی دھجیاں اڑائی گئیں، پاکستان میں سچ بولنے کے حالات ہیں سب کو علم ہے۔

دوران سماعت وکیل درخواست گزار سے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا دلچسپ مکالمہ ہوا۔ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ عدالت علاقائی زمینی حقائق کو بھی سامنے رکھے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ جس علاقے کی زمینی حقیقت کی آپ بات کر رہے ہیں وہاں تو عورت کو انسان ہی نہیں سمجھا جاتا، زمینی حقائق دیکھتے دیکھتے فوجی آمروں نے ملک میں مارشل لاء لگا دیے اور ججوں سے جبری دستخط کرالیے، پھر کہا جاتا ہے ہم زمینی حقائق دیکھیں، سعودی عرب میں جائیداد کی تقسیم کا فیصلہ ایک دن میں ہوتا ہے، پاکستان میں جائیداد کی تقسیم کا فیصلہ ہوتے ہوتے چالیس سال لگ جاتے ہیں، جائیداد کی تقسیم کا شرعی اصول ساڑھے چودہ سو سال پہلے طے ہو چکا ہے۔

عدالت نے سوات کے حبیب اللہ مرحوم کی جائیداد کو تمام قانونی ورثاء کے مابین شرعی اصول کے تحت تقسیم کرنے کا حکم دیدیا۔ سپریم کورٹ نے جائیداد کی تقسیم سے متعلق نچلی عدالتوں کے تینوں فیصلے کالعدم قرار دے دیے۔

واضح رہے کہ حبیب اللہ کی 1986 میں وفات کے بعد اس کی تین بیویاں اور بچوں میں وراثت تقسیم کرنے پر اختلاف ہوا تو علاقے کے جرگے نے مختلف وارثان میں جائیداد تقسیم کرنے کا فیصلہ دیا ، وراثت نہ ملنے پر وارثان نے عدالتوں سے رجوع کیا ۔ سول کورٹ ، سیشن کورٹ اور ہائیکورٹ نے جرگے کے فیصلے کو درست قرار دیا تھا۔

پنجاب میں ڈینگی کے 522 مریض، 763 مقامات سے لاروا تلف

وبائی سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئرعمران سکندر بلوچ نے پنجاب بھر میں ڈینگی سے بچاؤ کی سرگرمیاں تیز کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ محکمہ صحت نے صوبہ بھر میں ڈینگی لاروا کو تلف کرنے اور افزائش روکنے کیلئے کارروائیاں تیزکردی ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے ڈینگی کے 522 مریض سامنے آئے ہیں۔

لاہور سے ڈینگی کے 408 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ راولپنڈی سے ڈینگی کے 33، سرگودھا میں 10 جبکہ شیخوپورہ اور فیصل آباد سے 8 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ روز بہاولپور سے ڈینگی کے 5 جبکہ خانیوال اور ننکانہ سی4 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ اٹک، بہاولنگر، گوجرانولہ اور قصور سے ڈینگی کے 3 تین مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ رواں سال پنجاب بھر سے اب تک ڈینگی کے کیسز کی تعداد 11,080 ہو چکی ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی تسلط کے 74 سال، کشمیری آج یوم سیاہ منائیں گے

قبوضہ وادی سمیت دنیا بھر میں کشمیری عوام کی جانب سے یوم سیاہ منانے کا عمل دراصل اس امر کا اعلان ہے کہ مقبوضہ سر زمین پر بھارتی تسلط قبول نہیں کریں گے ،طاقت کے استعمال سے کشمیریوں کی جدوجہد کو کسی قیمت پر دبایانہیں جاسکتا،کرکٹ میں بھارت کی شکست پر کشمیریوں کا جشن اصل میں نئی دہلی سے نفرت کا اظہارتھا۔جہاں تک 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منانے کے عمل کا سوال ہے تو یہ رد عمل دراصل اس مؤقف کا اظہار ہے کہ ہم مقبوضہ وادی میں بھارت کا غاصبانہ قبضہ تسلیم نہیں کرتے اور یہ کہ کشمیری عوام یہاں موجود بھارتی افواج سے نفرت کرتے ہیں کشمیریوں کے اس رد عمل کا بڑا مقصد دنیا کو یہ پیغام دینا ہے کہ تمام تر طاقت اور قوت کے استعمال کے باوجود ہمیں پسپائی پر مجبور نہیں کیا جا سکتا اور انہیں یہ حقیقت تسلیم کرنا ہو گی کہ ریاستی دہشت گردی کے باوجود کشمیریوں کی پر امن سیاسی جدوجہد نے اپنے مقدمے کو عالمی حیثیت دے کر دنیا کو متوجہ کیا ہے اور گیند دنیا کی کورٹ میں ہے اور خود بڑا سوال ان کے سامنے یہ کھڑا ہے کہ اگر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے عمل پر ان کا کردار ہے تو یہ کردار کشمیر جیسے سلگتے ایشو پر کیونکر حرکت میں نہیں آ رہا، یہاں خواتین اور بچوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے ظلم و ستم پر ان کا ضمیر کیونکر نہیں جاگ رہا اگر مشرقی تیمور، سوڈان اور ایریٹریا کے مسئلہ پر وہاں کے عوام کو حق خود ارادیت مل سکتا ہے تو کشمیر اور فلسطین کے ایشو پر ایسا کیونکر نہیں ہوپاتا کیا یہ عالمی برادری کا دوہرا اور منافقانہ کردار نہیں، کشمیر کاز پر کشمیریوں کی آواز اور ان کے کردار کو حرکت میں آئے 74 سال گزر چکے ہیں لیکن اپنے معاشی مفادات کے تحت عالمی قوتیں ٹس سے مس نہیں ہو رہیں اور بھارت کی انتہا پسند اور شدت پسند نریندر مودی سرکار کشمیریوں کی نسل کشی کا سفاکانہ کھیل کھیل رہی ہے ۔ الٹا اس نے ظلم، درندگی اور وحشت ناکی سے باہر کی دنیا کو بے خبر رکھنے کا پورا بندوبست کررکھا ہے اور بھارتی حکمران روز اول سے جھوٹ اور فریب کے ذریعے عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرنے کی بزدلانہ کوششیں کرتے چلے آ رہے ہیں لیکن زمینی حقائق یہی ہیں کہ گھر گھر تلاشی کے اس عمل کے نام پر خواتین اور بچوں کی تذلیل کے ساتھ کشمیری نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ کا عمل جاری اور کوئی دن ایسا نہیں گزرتا جس روز مقبوضہ وادی میں کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے نہ گونجتے سنائی دیتے ہوں، 27 اکتوبر 1947 کے بعد سے بھارت کی فاشسٹ حکومت نے جو اقدامات کیے ہیں اس کے نتیجہ میں آزادی کی یہ تحریک کمزور ہونے کے بجائے اور بھی مؤثر ہوتی گئی اور وہ بھارت سے کسی خیر کی توقع نہیں رکھتے اور اپنے بنیادی مسئلہ اور مطالبہ یعنی حق خود ارادیت سے پسپائی اختیار کرنے کو تیار نہیں ،کشمیریوں کی پاکستان سے یکجہتی کا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ دبئی میں کرکٹ کے میدان میں جب پاکستانی کھلاڑی اپنے بھرپور کھیل کے ذریعے بھارت کو شکست فاش سے دو چار کرتے ہیں تو مقبوضہ وادی کشمیر کے گلی محلوں اور چوکوں چوراہوں پر پاکستانی جیت کا جشن منایا جاتا ہے اور کھلے طور پر بھارت سے نفرت کا اظہار ہوتا ہے اور یہی وہ رجحانات ہیں جس کی بنیاد پر خود عالمی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ بھارت اگر مسئلہ کشمیر کا کوئی حقیقت پسندانہ حل نہیں نکالتا تو پھر کشمیر بھارت کیلئے ویتنام ثابت ہو سکتا ہے اور ایک بھارتی جنرل کا انٹرویوریکارڈ پر ہے جس کا کہنا ہے کہ سالہا سال کی طاقت کے بھرپور استعمال کے باوجود ہم کشمیریوں کی مزاحمت پر قابو نہیں پا سکے ۔

نیوزی لینڈ کی شکست پر گراؤنڈ میں ‘سکیورٹی سکیورٹی’ کے نعرے لگ گئے

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے کے میچ میں پاکستان کے ہاتھوں نیوزی لینڈ کی شکست کے بعد گراؤنڈ میں سکیورٹی سکیورٹی کے نعرے لگ گئے۔

پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دیکر ٹورنامنٹ میں دوسری فتح اپنے نام کی ہے شکست کے بعد گراؤنڈ میں موجود شائقین نے نیوزی لینڈ پر طنز کے نشتر چلائے اور ‘سکیورٹی سکیورٹی’ کے نعرے لگائے۔

اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر بھی نیوزی لینڈ کی ٹیم پر طنز کیا جارہا ہے۔ ڈیوڈ ایلس نامی ٹوئٹر صارف کا کہنا تھاکہ ویلڈن پاکستان، سکیورٹی کا مسئلہ کامیابی سے حل کرلیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں نیوزی لینڈ کی ٹیم ‘سکیورٹی’ کا بہانہ بنا کر پاکستان کا دورہ ادھورا چھوڑ گئی تھی۔

ورلڈکپ سپر 12: نیوزی لینڈ کی پاکستان کیخلاف بیٹنگ جاری

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ 2 کے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا ہے ۔

شارجہ میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچز کی تاریخ پر نظر

پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیوں کے درمیان 24 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گئے جس میں پاکستان نے 14 میچز میں کامیابی سمیٹی۔

اس کے علاوہ  دونوں ٹیمیں 8 بار متحدہ عرب امارات میں آمنے سامنے آئیں جس میں  پاکستان 7 جبکہ نیوزی لیڈ ایک میچ جیتنے میں کامیاب ہوا۔

اگر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی بات کی جائے تو وہاں بھی پاکستان ٹیم کا پلڑا بھاری ہے۔

دونوں ٹیمیں 5 بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آمنے سامنے آئیں، پاکستان نے 3 جبکہ نیوزی لینڈ 2 میچز جیتنے میں کامیاب ہوا۔

یاد رہے کہ پاکستان متحدہ عرب امارات میں گزشتہ 12 میچز سے ناقابل شکست ہے ۔

محمد رضوان ایک اور اعزاز حاصل کرنے کے قریب

پاکستان کے محمد رضوان کو ایک کلینڈر ایئر میں ایک ہزار ٹی ٹوئنٹی  رنز مکمل کرنے کیلئے 169 رنز درکار ہیں۔

اگر محمد رضوان اس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں مزید 169 رنز اسکور کر لیتے ہیں تو وہ ایک کلینڈر ایئر میں 1 ہزار ٹی ٹوئنٹی رنز بنانے والے دنیا کے پہلے بیٹسمین بن جائیں گے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ساتویں ایڈیشن کا سپر 12 مرحلہ  متحدہ عرب امارات میں جاری ہے۔

سپر 12 مرحلے میں 6،6 ٹیموں کو 2 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے ۔

واضح رہے کہ ہر گروپ کی 2 ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں گروپ 2 میں شامل ہیں ،پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے شکست دی جبکہ نیوزی لینڈ اپنا پہلا میچ آج پاکستان کے خلاف کھیل رہا ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کی بطور ڈی جی آئی ایس آئی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری

وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کیا گیا ہے جبکہ وزیراعظم نے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کی منظوری دی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نوٹیفکیشن کا اطلاق 20 نومبر 2021 سے ہوگا اور موجودہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید 19 نومبر تک فرائض انجام دیں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم ہاؤس میں وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے علیحدگی میں ملاقات کی تھی۔