All posts by Khabrain News

فیس بک کی نئے نام سے خود کو دوبارہ متعارف کروانے کی منصوبہ بندی

سماجی رابطے کی مقبول ترین ویب سائٹ فیس بک آئندہ ہفتے ایک نئے نام کے ساتھ خود کو دوبارہ متعارف کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق دی ورج نے مذکورہ معاملے سے براہ راست آگاہی رکھنے والے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے مذکورہ دعویٰ کیا۔

دی ورج کی رپورٹ کے مطابق فیس بک کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) مارک زکربرگ 28 اکتوبر کو کمپنی کی سالانہ کنیکٹ کانفرنس میں نام کی تبدیلی کے بارے میں بات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور جلد یہ نام سامنے آسکتا ہے۔

تاہم اس حوالے سے سوال کے جواب میں فیس بک نے کہا کہ کمپنی ’افواہوں یا قیاس آرائیوں‘ پر تبصرہ نہیں کرتی۔

یہ خبر ایک ایسے وقت میں آئی ہے جب کمپنی کو اپنے کاروباری طریقوں پر امریکی حکومت کی بڑھتی ہوئی اسکروٹنی کا سامنا ہے۔

امریکا کی دونوں سیاسی جماعتوں کے قانون سازوں نے فیس بک کے ذریعے کانگریس میں بڑھتے ہوئے غصے کی مثال دیتے ہوئے کمپنی سے پوچھ گچھ شروع کی ہے۔

دی ورج کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ری برانڈنگ، فیس بک کی سوشل میڈیا ایپ کو ایک پیرنٹ کمپنی کے ماتحت کئی مصنوعات میں سے ایک کے طور پر پیش کرے گی جو انسٹاگرام، واٹس ایپ، اوکولس اور دیگر کی نگرانی کرے گی۔

خیال رہے کہ سلیکون ویلی میں یہ کوئی غیر معمولی بات نہیں ہے کہ کمپنیاں اپنے نام تبدیل کریں کیونکہ وہ اپنی خدمات کو توسیع دینے کے لیے ایسا کرتے ہیں۔

گوگل نے 2015 میں الفابیٹ انکارپوریشن کو ایک ہولڈنگ کمپنی کے طور پر قائم کیا تھا تاکہ وہ اپنی سرچ اور اشتہاری کاروبار سے آگے بڑھے، اپنے خودمختار گاڑیوں کے یونٹ اور ہیلتھ ٹیکنالوجی سے لے کر دور دراز علاقوں میں انٹرنیٹ خدمات کی فراہمی تک مختلف دیگر منصوبوں کی نگرانی کرے۔

رپورٹ کے مطابق سائٹ کی ری برانڈنگ کا اقدام نام نہاد میٹاورس، ایک آن لائن دنیا کی تعمیر پر فیس بک کی توجہ کی عکاسی کرے گا جہاں لوگ ورچوئل ماحول میں نقل و حرکت اور بات چیت کے لیے مختلف آلات استعمال کر سکتے ہیں۔

فیس بک نے ورچوئل رئیلٹی (وی آر) اور آگمینٹڈ رئیلٹی(اے آر) میں بہت زیادہ سرمایہ کاری کی ہے اور اپنے لگ بھگ ارب صارفین کو کئی ڈیوائسز اور ایپس کے ذریعے کنیکٹ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل کی خوشخبری جلد ملےگی: گورنر اسٹیٹ بینک

گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ ڈیل کی خوشخبری جلد ملے گی۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رضا باقر کا کہنا تھا کہ اوور سیز پاکستانیوں کے لیے وزیر اعظم کا پیغام لے کر آیا ہوں، اب تک 2 لاکھ 60 ہزار روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کھل چکے ہیں، روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے 2.6 ارب ڈالر پاکستان آئے ہیں۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے رضا باقر کا کہنا تھا مہنگائی پوری دنیا میں ہو رہی ہے، امریکا میں جو مہنگائی ہے وہ پچھلے 30 سالوں میں نہیں ہوئی، تیل کی قیمت بڑھنے سے مہنگائی میں اضافہ ہو رہا ہے۔

گورنر اسٹیٹ بینک کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں اور جلد آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کی خوشخبری ملے گی۔

رضا باقر نے کہا کہ ایکسچینج ریٹ جون 2019 کے مارکیٹ ریٹ پر چھوڑ دیا ہے، ادائیگیوں کا دباؤ اس لیے ہے کہ ہماری معیشت بہتر ہو رہی ہے۔

قانون کی بالادستی کے معاملے میں پاکستان بدترین ملکوں میں شامل

قانون کی بالادستی کے معاملے میں پاکستان بدترین ملکوں میں شامل ہے۔
ورلڈ جسٹس پروجیکٹ رول آف لا انڈیکس 2021 کی رپورٹ مطابق ملک میں قانون کی بالادستی کے لحاظ سے پاکستان کا اسکور اعشاریہ تین نو اور فہرست میں نمبر 130 ہے جب کہ جنوبی ایشیا کی رینکنگ میں پاکستان آخری دوسرے نمبر پر ہے۔ نیپال، سری لنکا، بھارت، بنگلادیش نے قانون کی بالادستی کے معاملے میں پاکستان سے بہتر کارکردگی دکھائی ہے، خطے میں خراب کارکردگی پر پاکستان کے بعد افغانستان کا نمبر آتا ہے جب کہ کرپشن، بنیادی حقوق، امن عامہ اور سلامتی، نگران ضابطوں کے عدم نفاذ کی بنیاد پر پاکستان کی کارکردگی خراب رہی۔
آزاد اور خود مختار میڈیا کی کیٹیگری میں پاکستان کا اسکور اعشاریہ آٹھ نو ہے اور 139 میں سے پاکستان کا نمبر 89 ہے،کرپشن میں پاکستان کا اسکور اعشاریہ تین ایک اور 139 میں سے 123ویں پوزیشن پر ہے جب کہ بنیادی حقوق کے معاملے میں پاکستان کا اسکور اعشاریہ تین آٹھ اور رینکنگ 126 ہے۔
امن و سلامتی کی کیٹیگری میں پاکستان 139 ممالک میں سے 137 نمبر پر ہے، ریگولیٹری انفورسمنٹ میں پاکستان کا نمبر 123، سول جسٹس کیٹیگری میں اسکور اعشاریہ چار صفر اور رینکنگ 124 ہے جب کہ فوجداری نظام انصاف کی کیٹیگری میں پاکستان کی رینکنگ 108 اور اسکور اعشاریہ تین پانچ ہے۔

جو بائیڈن نے ڈونلڈ آرمین بلوم کو پاکستان میں نیا سفیر نامزد کردیا

وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے مشرق وسطیٰ کے امور کے ماہر ڈونلڈ آرمین بلوم کو پاکستان کے لیے ’ غیر معمولی اور آزادانہ کارروائی کے اختیارات رکھنے والے سفیر’ کے طور پر نامزد کردیا۔

ڈونلڈ آرمین بلوم کو افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کے بعد سفیر نامزد کیا گیا ہے، جو کابل میں امریکی حمایت یافتہ حکومت کے خاتمے کا سبب بنی اور واشنگٹن اپنا سفارتی مشن قطر کے دارالحکومت دوحہ منتقل کرنے پر مجبور ہوگیا۔

ان تبدیلیوں کی وجہ سے طالبان کے کنٹرول میں موجود افغانستان میں پاکستان کا سفارتی کردار اہم ہوگیا ہے اور امریکا چاہتا ہے کہ پاکستان اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے کابل میں ایک جامع حکومت کے قیام کے لیے مدد کرے۔

علاوہ ازیں امریکا پاکستان کے راستے افغانستان تک فضائی رسائی بھی چاہتا ہے۔

پاکستان مختلف مسائل پر طالبان کو رضا مند کرنے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرنے کے لیے تیار دکھائی دیتا ہے لیکن اس کے بدلے میں چاہتا ہے کہ واشنگٹن جنگ زدہ ملک میں فوری انسانی امداد بھیج دے۔

ساتھ ہی پاکستان، واشنگٹن سے بھی اصرار کرتا ہے کہ وہ کابل کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو دوبارہ قائم کرے۔

خیال رہے کہ بین الاقوامی ایجنسیوں نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان کو امداد یا غیر ملکی ذخائر تک رسائی نہ ملنے پر انسانی تباہی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جو اس وقت امریکا میں منجمد ہیں۔

اسلام آباد میں واقع امریکی سفارتخانہ کی جانب سے پاکستان میں چین کے تیزی سے بڑھتے ہوئے سیاسی اور اقصادی اثر کو محدود کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرنے کی توقع ہے۔

امریکا میں تمام سفارتی عہدوں کو سینیٹ کی توثیق درکار ہے اور سینیٹ کی منظوری کے بعد ہی ڈونلڈ آرمین بلوم کو پاکستان میں سفیر تعینات کیا جائے گا۔

ڈونلڈ آرمین بلوم ایک کیریئر فارن سروس ڈپلومیٹ ہیں اور ان دنوں تیونس میں امریکی سفیر کے فرائض سرانجام دےرہے ہیں۔

اس سے پہلے ، سفیر بلوم تیونس میں لیبیا کے بیرونی دفتر میں چارج ڈی افیئر ، یروشلم میں امریکی قونصل خانے میں قونصل جنرل ، اور امریکی محکمہ خارجہ میں عرب جزیرہ نما امور کے دفتر کے ڈائریکٹر تھے۔

اس سے قبل ڈونلڈ بلوم تیونس میں لیبیا کے بیرونی دفتر میں چارجڈ افیئرز، یروشلم میں امریکی قونصل خانے کے قونصل جنرل اور امریکی محکمہ خارجہ میں جزیرہ نماعرب کے امور کے دفتر کے ڈائریکٹر تھے۔

امریکا: چلتی ٹرین میں خاتون سے زیادتی، مسافر ویڈیو بناتے رہے

امریکی ریاست پنسلوانیا کے شہر فلاڈیلفیا میں چلتی ٹرین میں خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کا واقعہ پیش آیا۔
چلتی ٹرین میں موجود مسافرخاتون کو زیادتی سے بچانے کے بجائے اس کی ویڈیو بناتے رہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مسافر ٹرین میں زیادتی کا شکار ہونے والی خاتون کی مدد نہ کرنے پر ٹرین میں موجود افرادکو مجرمانہ الزامات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔مقامی پولیس کے مطابق ٹرین میں سوار تمام مسافر متاثرہ خاتون کے ساتھ ہونے والی زیادتی کو خاموشی سے دیکھتے رہے اور پولیس کو اطلاع تک نہ دی تاہم ٹرین کے ایک ملازم نے پولیس ہیلپ لائن پر کال کرکے حکام کو آگاہ کیا ۔
پولیس نے ٹرین ملازم کی مدد سے خاتون سے زیادتی کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت 35 سالہ فشٹن اینگوئے کے نام سے ہوئی ہے جسے زیادتی اور دیگر مجرمانہ الزامات کا سامنا ہے۔
پولیس کا مزید کہنا تھا کہ یہ واضح نہیں ہے کہ جب یہ واقعہ پیش آیا تو ٹرین میں کتنے مسافر تھے۔

بھارت کے خلاف پاکستان کی ایک اور فتح، باکسر عبدل خان نے بھارتی حریف کو ڈیبیو میچ میں شکست دیدی

باکسر عامر خان کے کزن عبدل خان نے بھارتی نژاد گرجنت سنگھ کو شکست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق سابق عالمی چیمپئن باکسر عامر خان کے کزن باکسر عبدل خان نے دبئی میں گزشتہ روز اپنا ڈیبیو کیا اور ان کے مقابل بھارت سے تعلق رکھنے والے باکسر گرجنت سنگھ تھے۔۔۔ کڑے مقابلے کو بعد عبدل نے بھارتی حریف کو نہ صرف شکست سے دو چار کیا بلکہ عالمی رینکنگ میں قدم رکھتے ہوئے پاکستان کا نام بھی روشن کیا۔ سابق باکسر عامر خان کا کہنا تھا کہ عبدل باکسنگ کی دنیا میں وطن عزیز کا نام روشن کریں گے جبکہ فاتح عبدل خان کا کہنا ہے کہ عامر خان نہ صرف ان کے بڑے بھائی بلکہ رول ماڈل بھی ہیں امید ہے کہ ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وطن عزیز کے لئے کامیابیاں سمیٹوں گا

پی ڈی ایم مہنگائی پر آج سے سڑکوں پر حکومت مخالف احتجاج کرے گی

حکومت مخالف اتحاد پی ڈی ایم نے حکومت کے خلاف محاذ کھول دیا۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ مہنگائی پر حکومت کے خلاف آج سے سڑکوں پر احتجاج کرے گی جس کے لیے (ن) لیگ نے اپنا شیڈول جاری کردیا ہے۔

لاہور میں شہباز شریف کی زیر صدارت پارٹی کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا جس میں 20اکتوبر سے ملک گیر احتجاج کے لیے ریلیوں، جلوسوں اور مظاہروں کے پروگرام کو حتمی شکل دیکر صوبائی اور ضلعی عہدیداروں کو کال دی گئی۔

پارٹی میں مرکزی اور صوبائی عہدیداروں کے اشتراک عمل کے لیے کمیٹیاں بھی بنادی گئی ہیں۔

دوسری جانب اسلام آباد میں پی ڈی ایم کے مقامی رہنماؤں نے آج دوپہر 2 بجے اجلاس طلب کیا ہے جس میں اسلام آباد میں احتجاج کی تاریخ اور مقام کا تعین کیا جائے گا۔

سندھ میں گندم ذخیرہ کرنے اور محفوظ رکھنے میں مشکلات کا سامنا

کراچی : سندھ میں گندم ذخیرہ کرنے اور محفوظ رکھنے میں مشکلات کا سامنا ہونے لگا۔

سندھ میں سالانہ 14 لاکھ ٹن گندم خریدی جاتی ہے مگر محکمہ خوراک کے پاس گندم ذخیرہ کرنے کا انتظام ہی نہیں۔ سندھ کے سرکاری گوداموں میں صرف سات لاکھ ٹن گندم رکھی جا سکتی ہے۔ زیادہ تر سرکاری گندم کھلے مقامات پر رکھی جاتی ہے۔ کبھی بارش تو کبھی موسم اور چوہوں کی خوراک بن جاتی ہے۔ کرپٹ مافیا بھی سرکاری گندم پر ہاتھ صاف کر لیتا ہے۔

محکمہ خوراک نے سرکاری گندم کو محفوظ کرنے کے لئے سائلوز بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ مختلف اضلاع میں سائلوز بنانے کے لئے سروے کیا جا چکا ہے۔ کچھ مقامات پر جگہ دستیاب نہیں۔

محکمہ خوراک کی سائلوز بنانے کی اسکیم کئی سالوں سے زیر التوا ہے۔ اب ورلڈ فوڈ پروگرام کے تحت سائلوز بنانے کے لئے کوشش کی جارہی ہے۔

قومی اسکواڈ کا آئی سی سی اکیڈمی گراؤنڈ میں آپشنل ٹریننگ سیشن جاری

قومی اسکواڈ کا آئی سی سی اکیڈمی گراؤنڈ میں آپشنل ٹریننگ سیشن جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق کپتان بابر اعظم، محمد حفیظ، سرفراز احمد اور محمد نواز نے آپشنل ٹریننگ سیشن میں شرکت کی۔

محمد وسیم جونیئر، عثمان قادر، خوشدل شاہ، شاہ نواز دھانی اور حیدر علی نے بھی  سیشن میں شرکت کی۔

اس کے علاوہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین وارم اپ میچ کل ابوظہبی میں کھیلا جائے گا ، وارم اپ میچ مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے شروع ہوگا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے پہلے وارم اپ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔