All posts by Khabrain News

ترک صدر نے 10 ممالک کے سفیروں کو ملک سے نکالنےکی وارننگ واپس لے لی

استنبول: ترک صدر طیب اردوان نے 10 ممالک کے سفیروں کو ملک سے نکالنےکی وارننگ واپس لےلی۔

طیب اردوان نےکہاکہ 10 ممالک کے سفیروں کو سبق مل گیا اور اب وہ محتاط رہیں گے۔

ترک صدر کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد بحران پیدا کرنا نہیں بلکہ اپنی عزت، فخر اور خودمختاری کا تحفظ کرنا ہے، ان ملکوں کے بیانات سےلگتا ہے کہ وہ ہمارے ملک کےخلاف بہتان تراشی سے پیچھے ہٹ گئے ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق صدر  نے وارننگ 10 ممالک کے بیانات کے بعد واپس لی ہے۔

امریکا سمیت کئی ممالک نے ایک جیسے بیانات جاری کیے تھے جن میں کہا گیا تھا کہ وہ یو این کنونشن کا احترام کرتے ہیں جس میں سفارتکاروں کو میزبان ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرنے کا کہا گیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا چینی صدر سے ٹیلی فونک رابطہ چینی کمیونسٹ پارٹی کی صد سالہ تقریب پر مبارکباد دی،خطے کی صورتحال اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے چین کے صدر شی جن پنگ سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے انہیں چینی کمیونسٹ پارٹی کی صد سالہ تقریب پر مبارکباد دی۔

وزیراعظم آفس کے مطابق عمران خان اور شی جن پنگ میں علاقائی اوربین الاقوامی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا اور پاک چین اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کے تمام پہلوؤں کاجائزہ لیا گیا جب کہ وزیراعظم نے غربت کےخاتمےکی جنگ میں بے مثال فتح، اصلاحات اور چین کی شاندار ترقی کوسراہا۔

وزیراعظم عمران خان نے کورونا کے خلاف چین کے اقدامات کی تعریف کی اور ترقی پذیر ممالک کے لیے چین کی انسداد کورونا امداد سمیت موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے چینی اقدام کو سراہا۔

وزیراعظم آفس کے مطابق دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی تازہ صورتحال اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی بات چیت کی جب کہ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افغانستان کوانسانی بحران سے بچانے کے لیے مدد کرنی ہوگی اور افغان عوام کو معاشی مسائل سے نکالنے کے لیے دنیا کردار ادا کرے۔

وزیراعظم اور چینی صدر نے مختلف شعبوں میں تعاون سمیت پاک چین اقتصادی اور  تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا جب کہ وزیراعظم نے سی پیک کے تحت بننے والے منصوبے کے معیار اور بروقت تکمیل کو سراہا۔

وزیراعظم عمران خان نے سی پیک میں چینی سرمایہ کاروں کی دلچسپی کاخیر مقدم کیا۔

وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر کو جلد دورہ پاکستان کی بھی دعوت دی ہے۔

پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے چھٹا غیر محفوظ ملک: اقوام متحدہ رپورٹ

اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے چھٹا غیر محفوظ ملک ہے۔ پانی کی قلت، کم زرعی پیداوار، سیلاب، جنگلات کا رقبہ کم ہونا، مون سون نظام میں تغیر، گلیشئرز کا تیزی سے پگھلنا، غذائی قلت اور دیگر مسائل موسمیاتی تبدیلی کے فوری اثرات ملک میں مختلف حوالے سے دیکھے جاسکتے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بڑھتے درجہ خرارت کا ایک بڑا اثر برفانی جھیلوں کا بننا ہے جن کے پھٹنے سے انفراسٹرکچر کو نقصان پنچتا ہے اور انسانی زندگی متاثر ہوتی ہے۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ کے علاوہ ایشیاءترقیاتی بینک اور عالمی بینک کی طرف سے ’کلائمیٹ رسک کنٹری پروفائل‘ کے نام سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے باعث سالانہ 3 ارب 80 کروڑ ڈالر کے معاشی نقصانات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس رپورٹ میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے متعلق بعض دیگر اہم انکشافات بھی کیے گئے ہیں۔

عمران خان سے جان کیری کی ملاقات‘ تعلقات بہتر کرنے پر اتفاق

وزیراعظم عمران خان نےکہا ہےکہ دنیا کے 10 فیصد ملک 80 فیصد ماحولیاتی تبدیلیوں کے ذمہ دار  ہیں۔

سعودی دار الحکومت ریاض میں مڈل ایسٹ گرین انیشیٹو کانفرنس  سے خطاب کرتے ہوئے  وزیراعظم  نےکہا کہ  حکومت پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے ، 2030  تک پاکستان 60 فیصد قابل تجدید توانائی ذرائع پر منتقل کر دیا جائے گا ۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 10بلین ٹری سونامی منصوبے کا مقصد قدرتی طریقے سے ماحولیاتی چیلنجوں پر قابو پانا ہے، 2023 تک ایک ارب مینگروز کے درخت لگائے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماحول کے تحفظ کے لیے ہزاروں افرادکو روزگار کے مواقع فراہم کیےگئے، پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو ماحولیاتی تحفظ کے لیے44 فیصد سرمایہ کاری کر رہا ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ عالمی حدت میں دن بدن اضافہ ہورہاہے،موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث دنیا بھر میں گلیشیئرز  تیزی سے پگھل رہے ہیں،دنیا کو ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے سنجیدگی کا مظاہرہ کرناہوگا۔

روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں بڑھوتری کا تسلسل جاری

لاہور:  ملک بھر میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں بڑھوتری کا تسلسل جاری ہے، جبکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد مندی کی واپسی ہوئی ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید 43 پیسے مہنگا ہو گیا اور قیمت 174 روپے سے بڑھ کر 174 روپے 43 پیسے ہو گئی ہے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے پاکستان سے مطالبہ کیا تھا کہ روپے کی قدر میں مزید کمی لائی جائے۔

معاشی ماہرین کے مطابق روپے پر اضافی دباؤ حکومت، عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے مابین جاری مذاکرات کے اختتام کے لیے طے شدہ ٹائم فریم نہ ہونے سے پیدا ہوا جس کی وجہ سے فنڈ سے اگلی قسط جاری کرنے میں تاخیر ہوئی۔ حکومت کو دباؤ کے خاتمے کے لیے جنگی بنیادوں پر غیر ملکی سرمائے کی آمد میں اضافے کی حکمت عملی بنانا ہو گی تاکہ ڈالر کی قیمت مزید نہ بڑھ سکے۔

دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد 149.15 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 45429.21 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 4 کروڑ 88 لاکھ 64 ہزار 686 شیئرز کا لین دین ہوا، مندی کے باعث سرمایہ کاروں کو 40 ارب روپے کے قریب نقصان برداشت کرنا پڑا۔

بھارت کو دو اعظم ہمیشہ یاد رہیں گے، قائداعظم اور بابر اعظم، شعیب اختر

راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر کا کہنا ہے کہ بھارت کو دو اعظم ہمیشہ یاد رہیں گے، قائد اعظم اور بابر اعظم۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا اپنے کھلاڑیوں پر بہت دباؤ ڈالتا ہے اور  بہت اوور  ری ایکٹ کرتا ہے جبکہ بھارت کو دو اعظم ہمیشہ یاد رہیں گے، قائد اعظم اور بابر اعظم۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ثابت کردیا کہ پاکستان ورلڈ چیمپئن ہے، باقی ٹیمیں بکھری ہوئی ہیں جبکہ پاکستان کے پاس متوازن ٹیم ہے۔

شعیب اختر کا کہنا تھا کہ ویرات کوہلی جب ٹاس ہارا تو اس کا منہ اتر گیا تھا جس کے بعد  کوہلی کو چاہیے تھا کہ وہ چارج لیتا لیکن اس نے نہیں لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا ایک ہی مقصد تھا کہ پاکستان کی پھینٹی لگانی ہے۔

راولپنڈی ایکسپریس نے مزید کہا کہ پاکستان کا بولنگ اٹیک بھارت سے بہت بہتر ہے جبکہ بھارتی بولر ورون چکرورتھی کو  رضوان اس طرح سے کھیل رہا تھا کہ چکرورتھی کو چکر آگئے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے بار بار کہا تھا، 24 اکتوبر یاد رکھنا، ہم بڑی بڑی باتیں نہیں کرتے، ہم بڑھکیں نہیں مارتے جبکہ بھارت نے کرکٹ کو مذاق بنا دیا ہے۔

نیوزی لینڈ پر زیادہ غصہ ہے، کل کا میچ بھی جتنا ہے، شعیب اختر

شعیب اختر  نے کہا کہ ہمیں نیوزی لینڈ پر زیادہ غصہ ہے، ہمیں تو کل کا میچ بھی جیتنا ہے،کل کے میچ میں بال صحیح طرح سے بلے پر نہیں آئے گی لیکن نیوزی لینڈ کی ٹیم  بھی اسپنرز کو اچھا نہیں کھیل سکتی۔

انہوں نے کہا کہ میری  اللہ سے دعا ہے کہ  پاکستان کل ٹاس جیتے اور میچ بھی جیتے۔

شعیب اختر نے مزید کہا کہ بھارتی میڈیا میں محمد شامی کے خلاف بات سن کر بہت افسوس ہوا، اظہرالدین بھارتی ٹیم کے کپتان رہ چکے ہیں۔

واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے میں پاکستان نے بھارت کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 10 وکٹوں سے شکست دے ہے جس کے بعد بھارت میں غم و غصے کی لہر ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: افغانستان نے اسکاٹ لینڈ کو 191 رنز کا ہدف دےدیا

ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پانچویں میچ میں افغانستان نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نجیب اللہ زدران کی نصف سنچری کی بدولت 4 وکٹوں پر 190 رنز بنا کر ایک مشکل ہدف دے دیا

شارجہ میں کھیلے جارہے میچ میں افغانستان کے کپتان محمد نبی نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف ٹاس جیت پر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

محمد شہزاد اور حضرت اللہ زازئی نے پہلی وکٹ میں برق رفتاری سے رنز بناتے ہوئے چھٹے اوور کی پانچویں گیند پر بغیر کسی نقصان کے 54 رنز بنائے۔

اسکاٹ لینڈ سیفیان شریف نے 15 گیندوں پر 22 رنز بنا کر کھیلنے والے خطرناک بلے باز محمد شہزاد کو آؤٹ کرکے افغانستان کی پہلی وکٹ گرادی۔

حضرت اللہ زازئی نے دوسری وکٹ پر رحمٰن اللہ کے ساتھ مل کر اسکور 10 ویں اوور میں 82 رنز تک پہنچایا لیکن وہ اپنی نصف سنچری مکمل نہیں کرپائے اور 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 44 رنز کی انفرادی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

رحمٰن اللہ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ جاری رکھی اور ٹیم کا اسکور 169 تک لے گئے اور اسکاٹ لینڈ کے ڈیوی نے ان کی 46 رنز کی اننگز کا خاتمہ کیا۔

انہوں نے 37 گیندوں کا سامنا کیا، جس میں ایک چوکا اور 4 چھکے لگائے۔

نجیب اللہ زدران نے افغانستان کو ایک بڑا اسکور بنانے کے لیے سب سے زیادہ 59 رنز بنائے اور 34 گیندوں کا سامنا کیا۔

انہوں نے جارحانہ اننگز میں 5 چوکے اور 3 چھکےلگائے جبکہ سیفیان شریف نے ان کی وکٹ حاصل کی۔

کپتان محمدنبی 4 گیندوں پر 2 چوکوں کی مدد سے 11 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

افغانستان نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں پر 190 رنز بنالیے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آج ایک میچ کھیلاجائے گا جبکہ 26 اکتوبر کو دو میچ کھیلے جائیں گے جہاں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں بھی مدمقابل ہوں گی۔

ورلڈکپ کے اہم میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

افغانستان: محمد نبی (کپتان) حضرت اللہ زازئی، محمد شہزاد (وکٹ کیپر)، رحمٰن اللہ، اصغر افغان، نجیب اللہ زدران، گلبدین نائب، کریم جنت، راشد خان، نوین الحق، مجیب الرحمٰن

اسکاٹ لینڈ: کائل کوئٹزر (کپتان)، جارک مونسے، کیلم میکلیوڈ، رچی بیرنگٹن، میتھیو کراس، مائیکل لائسک، کرس گریویز مارک واٹ، جوش ڈیوی، سیفیان شریف، بریڈ وہیل

پاکستان سے عبرتناک شکست کے بعد بھارتی کالجز میں کشمیری طلبہ پر تشدد

ٹی 20 ورلڈ کپ میچ میں پاکستان کے ہاتھوں عبرتناک شکست کھانے کے بعد بھارتی پنجاب کے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم کشمیری طالب علموں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور ان کے ہاسٹل کے کمروں میں توڑ پھوڑ کی گئی۔

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق ضلع سنگرر میں بھائی گورداس انسٹیٹیوٹ آف انجینیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے طالب علموں نے میچ کے بعد ہاسٹل کے اندر سے ہی ان پر ہوئے حملوں کی ویڈیو شیئر کیں جبکہ کھرر کے علاقے میں رایت بھارت یونیورسٹی میں بھی طلبہ کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

جموں کشمیر اسٹوڈنٹ ایسوسی ایشن کے ترجمان ناصر کہویہامی نے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ’سنگرر اور کھرر میں تشدد کا نشانہ بننے والے کشمیری طلبا نے مجھے بتایا کہ بہار، اتر پردیش اور ہریانہ سے تعلق رکھنے والے طلبہ ان کے کمروں میں گھس آئے توڑ پھوڑ کی اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا‘۔

انہوں نے ایک ٹوئٹ میں تشدد کا نشانہ بننے والے طلبا کی تصاویر بھی شیئر کیں۔

ناصر کہویہامی نے یہ بھی بتایا کہ جس کالج میں کشمیری طلبا پر تشدد ہوا اس کا نام بتانے پر انہیں حکام کی جانب سے مقدمہ درج کروانے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ پنجاب کے کالج میں کچھ کشمیری طلبہ کے خلاف جسمانی اور زبانی حملوں کے واقعات کے بارے میں سن کر دکھ ہوا۔

ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس کو اس معاملے کو دیکھنے اور پنجاب میں زیر تعلیم طالبعلموں کو ان کے تحفظ سے متعلق یقین دلانے کی ہدایت کی ہے۔

سنگرر کالج کی ایک ویڈیو میں طالبعلموں نے بتایا کہ سیکیورٹی گارڈ نے یو پی سے تعلق رکھنے والے طلبا کے گروپ کو ان کے کمروں میں آنے اور تشدد کرنے دیا۔

اخبار کی رپورٹ کے مطابق بعدازاں پنجاب پولیس کے عہدیدار کالج پہنچے اور کشمیری طالبعلموں سے بات چیت کی۔

ایک سینئر پولیس عہدیدار کا کہنا تھا کہ ’کالج میں 90 کشمیری جبکہ 30 یو پی کے طالبعلم زیر تعلیم ہیں اور میچ ختم ہونے کے بعد یو پی اور بہار کے طلبا کشمیریوں کے کمروں میں گھس گئے اور لڑائی کی۔

رپورٹ کے مطابق ایس ایس پی سنگرر نے دعویٰ کیا کہ دونوں فریقین نے آج صبح کالج انتظامیہ اور پولیس کے سامنے معافی تلافی کرلی ہے اور معاملہ حل ہوگیا۔

البتہ ناصر کہویہامی نے بتایا کہ ان کی تشدد کا نشانہ بننے والے طالبعلموں سے بات چیت ہوئی ہے جنہوں نے کسی بھی قسم کی معافی کی تردید کی ہے۔

علاوہ ازیں موہالی کھرر میں بھی پاک بھارت میچ کے بعد 4 کشمیری طلبا پر ہریانہ سے تعلق رکھنے والے غنڈوں نے تشدد کیا۔

خیال رہے کہ پاکستان نے پہلی مرتبہ ورلڈ کپ میچ میں بھارت کو ہر شعبے میں آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 10 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔

انتظار قتل کیس میں 2 پولیس اہلکاروں کو سزائے موت،5 کو عمرقیدکی سزا سنادی گئی

کراچی کی انسداد دہشت گردی  کی عدالت نے ڈیفنس میں اینٹی کار لفٹنگ سیل (اے سی ایل سی) کے پولیس اہکاروں کی فائرنگ سے جاں بحق نوجوان انتظار احمد کے قتل کیس کا فیصلہ سنادیا۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ڈیفنس میں اے سی ایل سی پولیس اہکاروں کی فائرنگ سے جاں بحق نوجوان انتظار احمد کے قتل کیس میں جرم ثابت ہونے پر دو پولیس اہکاروں کو سزائے موت اور 5 کو عمر قید سنادی۔

عدالت کی جانب سے جن دو ملزمان کو سزائے موت سنائی گئی  ہے ان میں بلال اور دانیال شامل ہیں۔

عدالت نے 5 اہلکاروں کو عمر قید کی سزا سنائی ہے اور  پانچوں ملزمان پردو، دو لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ عدالت نے  ایک پولیس اہلکار غلام عباس کو عدم شواہد کی بناء پر بری کردیا۔

انتظار قتل کیس کا پس منظر

 خیال رہے کہ 13 جنوری 2018 کو  کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان اتحاد میں اینٹی کار لفٹنگ سیل کے اہلکاروں کی فائرنگ سے 19 سالہ نوجوان انتظار احمد جاں بحق ہوگیا تھا، جس کے بعد نوجوان کے والد نے چیف جسٹس آف پاکستان اور آرمی چیف سے انصاف کی اپیل کی تھی۔

مقتول انتظار کے والد کی پریس کانفرنس پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیا تھا اور واقعے کا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا تھا۔

پولیس نے ابتدائی طور پر بیان دیا تھا کہ اینٹی کار لفٹنگ سیل (اے سی ایل سی) کے اہلکاروں نے گاڑی مشکوک سمجھ کر اسے رکنے کا اشارہ کیا اور نہ رکنے پر فائرنگ کی گئی جس سے نوجوان ہلاک ہوگیا۔

پولیس کی تحقیقات کے مطابق جائے وقوعہ سے گولیوں کے 16 خول ملے تھے جب کہ مقتول کی گاڑی میں ایک لڑکی موجود تھی جو بعد میں رکشے میں چلی گئی، اس لڑکی کی شناخت بعد میں مدیحہ کیانی کے نام سے ہوئی۔

انتظار قتل کیس کی چشم دید گواہ مدیحہ کیانی نے تقریبا تین سال بعد کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت کو اپنے بیان میں بتایا کہ وہ جوس پینے کے بعد انتظار کے ساتھ گاڑی میں جارہی تھی، اسی دوران دو گاڑیوں نے ان کا راستہ روکا، ہم رُکے تو پیچھے سے آواز آئی، یہ وہی گاڑی ہے، اس کے بعد روکنے والوں نے ہمیں جانے کا اشارہ کیا، انتظار  نے جیسے ہی گاڑی آگے بڑھائی ، پیچھے سے فائرنگ شروع ہوگئی۔

مدیحہ نے بتایا کہ گولی لگنے سے انتظار موقع پر جاں بحق ہوگیا اور گاڑی روڈ کراس کرکے ایک گٹر سے ٹکرائی اور رُک گئی، میں خوفزدہ تھی اس لیے گاڑی سے اُتر کر رکشہ روکا اور رکشے والے کو بتایا کہ ان لوگوں نے میرے بھائی کو گولی مار دی ہے، میں رُکی تو یہ مجھے بھی شوٹ کردیں گے، اس کے بعد میں وہاں سے چلی گئی۔

مدیحہ نے بیان میں کہ وہ فائرنگ کرنے والوں کو پہچان نہیں سکتی۔ اس نے عدالت کو بتایا کہ واقعے کے بعد اسے ہراساں بھی کیا گیا، کاظم نامی شخص اُس لے گیا، جہاں مدعی کے پہلے وکیل نے مرضی کا بیان دینے کو بھی کہا، لیکن اس نے انکارکر دیا۔

فائرنگ کے واقعے میں ایس ایس پی اینٹی کار لفٹنگ سیل مقدس حیدر کے گن مین براہ راست ملوث شامل تھے جب کہ اس کیس میں 9 پولیس افسران اور اہلکاروں کو گرفتار کیا گیا تھا، پولیس نے عبوری چالان میں ایس ایس پی مقدس حیدر کو کلین چِٹ دیدی تھی۔

بعدازاں انتظار احمد کی ہلاکت کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنائی گئی، جس میں پولیس، رینجرز، سی ٹی ڈی اور حساس اداروں کے نمائندے شامل تھے، تاہم جے آئی ٹی پر مقتول کے والد نے عدم اعتماد کا اظہار کیا، جس پر 16 فروری کو نئی جی آئی ٹی تشکیل دی گئی تھی۔