All posts by Khabrain News

روس ٹیلر کا بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوش ہونے کا فیصلہ

نیوزی لینڈ کے بلے باز روس ٹیلر نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ بنگلہ دیش کے ساتھ 2 میچوں کی سیریز کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے سبکدوش ہوجائیں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق روس ٹیلر محدود اوورز کی بین الاقوامی کرکٹ میں آخری میچ آسٹریلیا اور نیدر لینڈز کے خلاف کھیلیں گے۔

37 سالہ روس ٹیلر نے اپنا ٹیسٹ ڈیبیو 2007ء میں کیا تھا اور اس کے بعد سے وہ کیویز کے لیے اہم کھلاڑی رہے ہیں۔ انہوں نیوزی لینڈ کے لیے کھیلے گئے 110 میچوں میں 44.87 کی اوسط سے 7 ہزار 584 رنز اسکور کیے ہیں۔

ان کا شمار ان 4 کیوی کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے 100 سے زائد ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں، ان کے پاس بین الاقوامی ایک روزہ میچوں میں 8 ہزار 581 رنز اور 21 سنچریاں بنانے کا قومی ریکارڈ بھی موجود ہے، وہ دنیا کے پہلے ایسے کھلاڑی ہیں جنہوں نے تمام فارمیٹ میں ایک سو بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ’یہ ایک حیرت انگیز سفر رہا ہے اور میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنے پر خود کو ناقابل یقین حد تک خوش قسمت محسوس کرتا ہوں۔

’اس کھیل کے کچھ عظیم کھلاڑیوں کے ساتھ اور ان کے خلاف کھیلنا اور اس دوران بہت ساری یادیں سمیٹنا اور دوستیاں بنانا ایک اعزاز کی بات ہے۔ لیکن تمام اچھی چیزوں کا خاتمہ ہونا ہے اور میرے لیے یہی وقت صحیح محسوس ہوتا ہے۔

اسمبلی میں شہبازشریف کی تقریر نوکری کی درخواست ہوتی ہے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اسمبلی میں شہبازشریف کی تقریر نہیں ہوتی جاب ایپلی کیشن ہوتی ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس جاتے ہوئے میڈیا سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہر تین ماہ بعد کہا جاتا ہے کہ حکومت مشکل میں ہے، حکومت کسی مشکل میں نہیں ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کہا جاتا ہے نواز شریف آج آرہے ہیں کل آرہے ہیں، نواز شریف جب سعودی عرب گئے تھے تب بھی یہی سن رہے تھے جب تک سمجھوتا نہیں ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ شہباز شریف کی تقریر نوکری کی درخواست ہوتی ہے۔

سابق افغان صدر اشرف غنی بھی سال 2021 کی کرپٹ ترین شخصیات میں شامل

واشنگٹن: سال 2021 کی کرپٹ ترین شخصیات میں افغانستان کے سابق صدر  اشرف غنی اور ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کا نام بھی شامل ہے۔

منظم جرائم اور کرپشن سے متعلق رپورٹنگ کے گروپ آرگنائزڈ کرائم اینڈ کرپشن رپورٹنگ پراجیکٹ (او سی سی آر پی )نے کرپٹ پرسن آف دی ایئر کے لیے یورپی ملک بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کا انتخاب کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بیلاروس کے صدر کا بحیثیت کرپٹ ترین شخصیت انتخاب صحافیوں اورا سکالرز کے ایک پینل نے متفقہ طور پر کیا۔

اس فہرست میں  الیگزینڈر کے مدمقابل سابق افغان صدر اشرف غنی، ترکی کے صدر رجب طیب اردوان، شامی صدر بشارالاسد اور آسٹریا کے سابق چانسلر سیبستیان کرز کے نام بھی شامل ہیں۔

خیال رہے کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد اشرف غنی ملک سے فرار ہوگئے تھے اور ان پر الزام عائد کیا گیا تھاکہ ملک سے فرار کے وقت وہ پیسوں سے بھری 4 گاڑیاں اور ایک ہیلی کاپٹر ساتھ لے کر گئے۔

ایران کی عدم استحکام پھیلانے والی پالیسی پرتشویش ہے،شاہ سلمان

ریاض: سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان کا کہنا ہے کہ ایران کی عدم استحکام کی کارروائیاں باعث تشویش ہیں۔

سال کے اختتام پرکی جانے والی تقریر میں سعودی عرب کے شاہ سلمان کا کہنا تھا کہ ایرانی حکومت کی خطے کے استحکام اورامن کو نقصان پہنچانے والی پالیسی پرگہری تشویش ہے۔ایران کی حوثی باغیوں کی حمایت کی وجہ سے یمن جنگ کا شکار ہے۔

شاہ سلمان کا مزید کہنا تھا کہ ایران اپنے نیوکلئیرپروگرام کے حوالے سے عالمی برادری سے تعاون نہیں کررہا۔ایران سعودی عرب کا پڑوسی ہے۔ توقع ہے کہ وہ خطے میں اپنے منفی رویے اورپالیسی کوتبدیل کرتے ہوئے مذاکرات اورتعاون کی طرف آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب عالمی امن کے لئے مرکزی کردار ادا کرتا رہے گا۔

نیب مسئلہ نہیں مسائل کا حل ہے: چیئرمین نیب جاوید اقبال

چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ سندھ میں گندم کے 20 ارب روپے کے ذخائر ادھر ادھر ہو گئے، گندم سے متعلق پوچھا تو کہا گیا کہ چوہے کھا گئے۔

ایک تقریب سے خطاب میں چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ نیب کوئی مسئلہ نہیں بلکہ مسائل کا حل ہے،  نیب نے ان لوگوں کے خلاف کیسز رجسٹرڈ کیے جن کو کوئی آنکھ اٹھاکر نہیں دیکھتا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ تاریخ کی سب سے بڑی ریکوریز 4 سالوں کے دوران ہوئیں، 541 ارب روپے کی ریکوری میں نیب کے تمام افسران کا کریڈٹ شامل ہے، ہر قسم کی ویری فکیشن کے بعد مستحقین میں 14 ارب روپے تقسیم کیے گئے، یہ ان مستحقین کا حق ہے جنہوں نے ایک ایک پائی جمع کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ سکھر میں گندم کے 20 ارب روپے کے ذخائر ادھر ادھر ہو گئے، گندم سے متعلق پوچھا تو کہا گیا کہ چوہے کھا گئے، پھر ان چوہوں کو پکڑا گیا اور 20 ارب روپے ریکور کیے گئے۔

جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ اگر کسی ہاؤسنگ سوسائٹی نے 14 ارب ادا کیے تو وہ نیب تجوری میں نہیں آئے، اگر نیب نہ ہوتا تو نہ 14 ارب ریکور ہوتے اور نہ لوگوں کو ملتے، سوال ہوتا ہے کہ رقم فنانس ڈپارٹمنٹ میں کیوں جمع نہیں کرائی، جن لوگوں کی رقم تھی ان کی تصدیق کر کے 14 ارب کی رقم ان کے حوالے کی گئی، اس رقم پر حکومت کا حق نہیں، یہ متاثرین کی رقم تھی۔

ان کا کہنا تھا کچھ سوسائٹیز کی کارکردگی اتنی بری تھی کہ انہوں نے لوگوں کو کوڑی کوڑی کا محتاج کر دیا تھا، ان سوسائٹیز کو چیک کرنے کا کوئی نظام نہیں تھا، یہ سوسائٹیاں لوگوں کی بربادی کا سبب بنیں۔

چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ لوگ خوبصورت بروشر پر انویسٹمنٹ کر دیتے ہیں، ایک بروشر غور سے دیکھا تو اس میں نیاگرا فال کی تصویر تھی، عوام انویسٹمنٹ کرنے سے پہلے متعلقہ اداروں سے تصدیق کر لیں۔

جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ ریکوریز کے معاملے پر کچھ لوگوں نے چائے کی پیالی میں طوفان لانے کی کوشش کی، نیب پر بالکل تنقید کریں لیکن تعمیری تنقید ہونی چاہیے، تنقید برائے تنقید نہیں ہونی چاہیے۔

معیشت کی ترقی کے ثمرات آج تک عوام تک نہیں پہنچے: شوکت ترین

اسلام آباد: وزیر خزانہ شوکت ترین نے اعتراف کیا ہےکہ معیشت کی ترقی کے ثمرات آج تک عوام تک نہیں پہنچے۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں شوکت ترین نے کہا کہ 74 سال عوام کو صرف خواب دکھائے گئے اور معیشت کی ترقی کے ثمرات آج تک عوام تک نہیں پہنچے ، اب ایک شخص عمران خان آیا جس نے کہا کہ معیشت کو عوام کے لیے ترقی دیں گے،  وزیراعظم نے کہا کہ کچھ ایسا کریں جس کی وجہ سے غریب عوام کو مشکل نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ لیڈر ایک ہی ہے جس کا نام عمران خان ہے، پہلے عمران اور پھر اس کی حکومت کے لیے دعا کریں، وزیراعظم عمران خان وہ شخص ہیں جو ریاست مدینہ پر یقین رکھتے ہیں اور کہتےہیں کہ غریب کی حالت بہتر کرنے کے لیے انتظار نہیں کرنا، وزیراعظم کہتےہیں ایسا کام کروکہ غریب کو کسی کے سامنے ہاتھ نہ پھیلانا پڑے، نچلے طبقے میں خوشحالی آئے گی تو تب اصل پاکستان بنے گا، جب تک وزیرخزانہ ہوں عمران خان کا یہ خواب پورا کرتا رہوں گا۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ماضی میں ثمرات اوپر سے نیچے تک لانے کی بات کی گئی لیکن عملی طور پر کچھ نہ ہوا مگر فلاحی ریاست کی بنیاد رکھ دی ہے۔

شوکت ترین نے مزید کہا کہ بڑے بینک اب زراعت کے شعبے میں قرضہ دیں گے اور زراعت میں تین سال کا بلا سود قرضہ دیاجائے گا۔

جنوبی پنجاب : 2021میں غیرت کے نام پر 50خواتین قتل، 321اغوا، 152 کی خودکشی

ملتان( لیڈی رپورٹر)جنوبی پنجاب میں خواتین کے حقوق کی پامالی کا سلسلہ روکا نہیں جا سکا۔خوف وہراس اور عدم تحفظ کے سائے انہیں غیر محفوظ کرتے رہے۔غیرت کے نام پر قتل،گھریلو تشدد، خودکشی، اغوا، زیادتی،تیزاب گردی۔ونی،کم عمری کی شادیاں،کالی قرار دینا اور گھریلو لڑائیاں نصیب بنا کر نہ صرف جینے کا حق چھین لیا گیا بلکہ زندگی بدستور تنگ بنائی گئی۔اس سلسلہ میں پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق کی رپورٹ کے مطابق 2021ءمیں1996ءسے زائد خواتین کو سنگین قسم کے تشدد کا سامنا رہا ہے۔قوانین اور ادارے بھی انہیں ظلم و زیادتی سے بچنے کیلئے نجات دہندہ ثابت نہیں ہوسکے۔سال کے اختتام پر قصبہ گورمانی،رحیم یار خان،تونسہ شریف اور وہاڑی میں خواتین کو بھیانک طریقوں قتل کیا گیا اسی طرح خانیوال میں 11 سالہ بچی،ملتان میں 12 سالہ،کبیر والا میں 9 سالہ بچی کی شادی کردی گئی،اسی طرح ملتان،ڈیرہ غازی خان اور وہاڑی میں پرائیویٹ اکیڈمیوں کے ٹیچرز نے بچیوں کی نازیبا ویڈیوز بنائیں اور انہیں بلیک میل کرتے رہے۔سائبر ہراسمنٹ بھی عام رہی۔رپورٹ کے مطابق گھریلو تشدد کا نشانہ بنائی گئی خواتین کے1025،غیرت کے نام پر قتل 50،اغوا 321،زیادتی 227، خودکشی، 152،گھریلو لڑائی 175،تیزاب گردی 21،کالی قرار دی گئیں 12،ونی 6،کم عمری کی شادی کے 7 واقعات رجسٹرڈ کیے گئے ہیںجبکہ رپورٹ نہ ہونے والے واقعات کی تعداد اس سے کئی گنا زیادہ ہے۔
خواتین تشدد

بھیک مانگنے والی لڑکی سے اجتماعی زیادتی، ملزم ویڈیو بناتے رہے

گوجرانوالہ (بیورورپورٹ ) احمد نگر کے علاقہ میں مانگنے والی لڑکی کیساتھ بااثر افراد کا گینگ ریپ پیسے دینے کے بہانے بلاکر زیادتی کے بعد ویڈیو بناتے رہے۔ سی پی ا و گوجرانوالہ کا نوٹس۔ تفصیلات کے مطابق احمد نگر کے علاقہ ساروکی جھگیوں میں رہنے والی شادی شدہ خاتون (ت) کو ملزمان افتخار ، یوسف نعیم اور اکرم نے پیسے دینے کے بہانے بلاکر اجتماعی زیادتی کانشانہ بنا ڈالا۔ ملزمان زیادتی کرتے اورموبائل پرویڈیو بناتے رہے۔ متاثرہ خاتون کو ملزمان نے دھمکی دی اگر کسی کو بتایا تو وڈیو وائر ل کردیں گئے خاتون کئی روز چپ رہنے کے بعد اپنے خاوند کے پاس آئی اور اپنے اوپر ہونے والے ظلم کے بارے میں سب کچھ بتا دیا متاثرہ خاتون کے خاوند نے 15پر کال چلائی سی پی او گوجرانوالہ کے نوٹس کے بعد ایس ایچ او نے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔

عراقی پاسپورٹ ڈائریکٹر 3 ساتھیوں سمیت داعش کے ہاتھوں قتل

عراق میں دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ آف عراق  (ISIS) المعروف داعش تنظیم نے منگل کو رات گئے سوشل میڈیا پر چار افراد کے قتل کی ایک ویڈیو جاری کی ہے۔

عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق داعش کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں بتایا گیا کہ تنظیم نے عراقی وزارت داخلہ کے ایک افسر کو اغوا کرنے کے چند روز بعد موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ہے۔

تنظیم نے ایک ویڈیو اور کچھ تصاویر بھی جاری کی ہیں جن میں بغداد میں الاعظمیہ سٹی کے ڈائریکٹر پاسپورٹس کرنل یاسر الجورانی کا گلا کاٹتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

داعشی عناصر نے دو ہفتے قبل کرنل الجورانی اور اس کے تین ساتھیوں کو دیالی صوبے کے علاقے خانقین میں خشکی پر شکار کے لیے جاتے وقت اغوا کیا تھا۔

ان میں سے دو افراد کو داعش نے قتل کر دیا تھا جبکہ تیسرے شخص کو عراقی فورسز نے ایک آپریشن کے ذریعے آزاد کرا لیا تھا۔ تاہم بعد ازاں یہ تیسرا شخص بھی فوت ہو گیا تھا۔

داعش کی جانب سے جاری ویڈیو میں کرنل الجورانی اپنے گھٹنوں پر بیٹھے نظر آ رہے ہیں، جبکہ ان کے پیچھے ایک نقاب پوش مسلح شخص کھڑا دکھائی دے رہا ہے۔ ان کے ایک جانب داعش کا پرچم موجود ہے۔

منی بجٹ پر قومی اسمبلی میں گرما گرمی، اپوزیشن حکومت پر برس پڑی

قومی اسمبلی میں منی بجٹ پر گونج سنائی دی جانے لگی، اپوزیشن حکومت پر برس پڑی اور گرما گرما دیکھی جانے لگی۔
قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کی صدارت میں ہوا، اجلاس کے دوران اپوزیشن منی بجٹ کے معاملے پر حکومت پر برس پڑی، مسلم لیگ ن ، پاکستان پیپلز پارٹی سمیت دیگر جگہوں پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے منی بجٹ معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایک سرنڈر 1971 میں کیا تھا، اس سے زیادہ خطرناک سرنڈر اب کیا جا رہا ہے، حکمران پاکستان کی خودمختاری کو سرنڈر کرنے جا رہے ہیں، خدا کے لیے معاشی خودمختاری سرنڈرنہ کریں، منی بجٹ اور مرکزی بینک سے متعلق بل خود مختاری ختم کرنے کے مترادف ہے، سٹیٹ بینک میں پہلے ہی گورنر کی صورت میں وائسرائے آچکا ہے۔ سٹیٹ بینک آئی ایم ایف کی لوکل برانچ بن چکا ہے۔ ہم اس وقت انٹرنیشنل مالیاتی اداروں کی کالونی بن چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی، غنڈہ گردی کے خلاف ڈھال بننا ہو گا، ممبران اسمبلی احساس کریں، سٹیٹ بینک، منی بجٹ کی ڈٹ کرمخالفت کریں گے، مشکل حالات سے نکلنے کے لیے قومی اتفاق رائے پیدا کریں، 4 دن ہو گئے ہیں حکومت سے کورم پورا نہیں ہو رہا، منی بجٹ کے بعد ایٹمی پروگرام کے حوالے سے سکیپ کیا جائے گا۔
اس موقع پر سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ قومی اسمبلی اجلاس منی بجٹ کے حوالے سے ایوان کے اندر اور باہر چہ میگوئیاں ہو رہی ہیں، عوام پہلے ہی مہنگائی کے ہاتھوں تباہ حال ہے۔ سب کواس حوالے سے تشویش ہے، اگرکوئی منی بل، منی بجٹ آئے گا توعوام کے دکھوں میں اضافہ ہوگا۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن ارکان کو پاکستان کی معاشی خودمختاری پر تشویش ہے، تین سال میں میکرو اکنامک اعشاریہ نہیں بگڑے، ملکی معاشی خودمختاری کی حفاظت اس ایوان کی ذمہ داری ہے، ایٹمی طاقت پر قومی اتفاق تھا اور رہے گا، پاکستان کی ایٹمی طاقت پر کمپرومائز سے متعلق تمام وسوسے دل سے نکال دیں، ایوان کا کورم پورا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، اپوزیشن کو بھی کردار ادا کرنا ہو گا، اس ایوان کو فعال دیکھنا ہے تو بار بار کورم کی نشان دہی مفاد میں نہیں، پرائیویٹ ممبر ڈے پر اپوزیشن کا ایجنڈا زیر بحث لایا جاتا ہے، اپوزیشن فراخ دلی کا مظاہرہ کرے تو معاملات بہتر انداز میں آگے بڑھ سکتے ہیں۔
وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ پی ٹی ڈی سی اور سیاحت کے شعبے کو مکمل طور پر صوبوں کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پی ٹی ڈی سی کے اثاثے اور ملازمین صوبوں کے حوالے کرنے کا عمل شروع ہوچکا ہے، مرکزی سطح پر ٹورزم بورڈ کام کرے گا، حکومت مقامی و غیر ملکی سیاحت کے فروغ کے لیے کام کرے گی۔
جے یو آئی (ف) کے رکن اسمبلی زاہد درانی نے کہا کہ کل میرے حلقے میں ٹیچراحتجاج کر رہے تھے، بلدیاتی الیکشن میں تحصیل بکا خیل میں خواتین ٹیچرز پر تشدد کیا گیا، تحصیل بکا خیل میں ظلم کرنے والا صوبائی منسٹرٹرانسپورٹ شاہ محمد ہے، شرم کی بات ہے وزیراعظم میں اگرغیرت ہے تواس وزیرکوبرطرف کرے۔