لاہور: (ویب ڈیسک)
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے بیٹے جنید صفدر کو شادی میں کروڑوں کی گاڑی تحفتاً دینے کی تردید کردی۔
گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر خبریں گردش کررہی تھیں کہ مریم نواز نے اپنے بیٹے جنید صفدر کو شادی پر انتہائی مہنگی گاڑی کا تحفہ دیا ہے۔ کئی سوشل میڈیا پیجز نے دعویٰ کیا تھا کہ مریم نواز نے جنید کو مرسڈیز جی 64 اے ایم جی گاڑی کا تحفہ دیا ہے جس کی قیمت 140 ملین ہے جو تقریباً 14 کروڑ پاکستانی روپے بنتی ہے۔
مختلف سوشل میڈیا پیجز پر یہ بھی کہا گیا کہ مریم نواز کی جانب سے جنید صفدر کو دی جانے والی اب تک کی پنجاب میں رجسٹر ہونے والی سب سے مہنگی گاڑی ہے۔
اس کےعلاوہ گاڑی کا 5.3 ملین روپے (پاکستانی 53 لاکھ روپے) کا ٹیکس ادا کیا گیا جو کسی گاڑی کا اب تک کا سب سے زیادہ ادا کیا گیا ٹیکس ہے۔
تاہم مریم نواز نے ان تمام خبروں کی تردید کی ہے۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے یہ خبر شیئر کرنے والے سوشل میڈیا پیجز کے اسکرین شاٹس ٹوئٹر پر شیئر کراتے ہوئے لکھا ’’یہ کھلا جھوٹ پورے سوشل میڈیا پر چھایا ہوا ہے۔ یہ مایوس کن ہے کہ کس طرح معروف اکاؤنٹس بغیر تصدیق کے جعلی خبروں کو پھیلاتے ہیں‘‘۔
All posts by Khabrain News

اسلام آباد کچہری میں کورونا کیسز میں غیر معمولی اضافہ؛ 15 ججز کورونا کا شکار
اسلام آباد: (ویب ڈیسک)
ضلع کچہری میں کورونا کیسز میں غیر معمولی اضافہ کے بعد کورونا کا شکار ججز کی عدالتیں آج کے لیے بند کردی گئیں۔
عدالتی ذرائع کے مطابق وفاقی دارالحکومت کی ضلع کچہری میں 15 ججز کورونا کا شکار ہو گئے جب کہ ضلع کچہری میں مختلف عدالتوں کے 58 اہلکار بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے۔
کورونا کا شکار ججز کی عدالتیں آج کے لیے بند کر دی گئیں، عدالتوں میں ڈس انفیکشن اسپرے کرایا جائے گا، عدالتی اہلکار جس جس عدالت میں کام کر رہے تھے وہاں بھی ڈس انفیکشن اسپرے ہو گا۔
عدالتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع کچہری ویسٹ کورٹس میں 10 ججز اور 29 اہلکاروں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جب کہ ایسٹ کورٹس میں 5 ججز اور 29 اہلکار کورونا کا شکار ہوئے۔

گھانا میں دھماکے سے 17 افراد ہلاک، 59 زخمی
اکرا: (ویب ڈیسک)
گھانا کے شہر بوگوسو میں موٹر سائیکل اور ٹرک میں تصادم سے ہونے والے ہولناک دھماکے میں اب تک 17 افراد ہلاک جبکہ 59 زخمی ہوچکے ہیں۔
خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق، موٹر سائیکل سے ٹکرانے والے ٹرک میں دھماکہ خیز مواد سے بھری درجنوں پیٹیاں رکھی تھیں جنہیں کان کنی کی غرض سے لے جایا جارہا تھا۔
دھماکہ اتنا شدید تھا کہ زمین میں کئی فٹ گہرا گڑھا پڑ گیا جبکہ ارد گرد کی درجنوں عمارتیں بھی زمین بوس ہوگئیں۔
گنجان آباد علاقے کی وجہ سے دھماکے میں شدید تباہی پھیلی جس سے زیادہ جانی نقصان ہوا اور حادثے کی جگہ سے اٹھنے والے دھوئیں اور راکھ کے بادل نے ایک وسیع علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
گھانا حکام کے کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائیاں مکمل ہوچکی ہیں تاہم زخمی ہونے والے کئی افراد کی حالت نازک ہے جس کے باعث اموات کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔

سونامی کے بعد 27 گھنٹے تک تیرکرگھرپہنچنے والا باہمت شخص
فجی: (ویب ڈیسک)
سونامی کے بعد پانی میں بھٹک جانے والے شخص نے مسلسل 27 گھنٹے تیر کر اپنی جان بچائی۔ اس کی ہمت دیکھتے ہوئے ماہرین نے اسے ایکوامین کا خطاب دیا ہے۔
57 سالہ لیسالا فولا ٹونگا جزیرے پر آتش فشانی عمل کے بعد صرف 60 افراد پر مشتمل اٹاکا جزیرے پر رہ رہے تھے کہ ہفتے کی رات کو ہونگا ٹونگا ہونگا ہائی پائی آتش فشاں نے لاوا اگلنا شروع کردیا جس سے ایک لاکھ سے زائد افراد کی آبادی متاثر ہوئی اور تین افراد ہلاک ہوئےتھے۔
اس وقت لیسالا گھر میں پینٹنگ کررہے تھے کہ ان کے بھائی نے سونامی کی خبردی۔ لیکن کچھ دیر میں ان کے گھر میں پانی بھرآیا ہے جس کے بعد وہ درخت پر چڑھے لیکن نیچے اترتے ہی ایک بڑی موج انہیں اپنے ساتھ لے گئی۔ سمندری لہریں انہیں دائیں بائیں پٹختی رہیں۔ واضح رہے کہ پہلے ہی وہ چلنے پھرنے میں بہت تکلیف محسوس کرتے ہیں۔
اب انہوں نے ہمت کی اور تیرنے کی کوشش کی۔ یہاں تک کہ وہ مسلسل 27 گھنٹے تک تیرتے رہے اور ساڑھے سات کلومیٹر فاصلہ طے کرکے ایک اور بڑے جزیرے ٹونگا ٹاپو جاپہنچے۔ پھر ان کے عزم کی کہانی فیس بک پر پوسٹ ہوکر پوری دنیا تک پہنچی۔
ٹونگا جزائر کے صدرمقام جزیرے نوکو الوفا سے اس شخص کے جزیرے اٹاٹا کا فاصلہ 8 کلومیٹر تھا جو اس عمل بالکل تباہ ہوچکا ہے۔

پہلی مرتبہ انسان میں خنزیر کے دو گردوں کی کامیاب پیوندکاری
الباما: (ویب ڈیسک)
ابھی ہم انسان میں خنزیر کے دل کی پیوندکاری پر بحث کر ہی رہے تھے کہ سائنسدانوں نے پہلی مرتبہ دونوں ناکارہ گردوں والے ایک مریض میں خنزیر کے دو گردے لگانے کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
یہ گردے 57 سالہ جِم پارسن کو لگائے گئے ہیں جو اس سے قبل مصنوعی طبی نظام پر زندگی گزاررہے تھے۔ ان کے گردے ناکارہ ہوچکے تھے اور مزید زندگی کی امید بھی نہیں تھی۔
جم پارسن ایک حادثے کے شکار ہوکر دماغی موت کے شکار ہوچکے ہیں اور وینٹی لیٹر پر ہیں۔ ڈاکٹروں نے انسانی فلاح کی خاطران کے اہلِ خانہ سے اجازت لی اور جِم کے ناکارہ گردے نکال کر خنزیر کے گردے لگائے گئے۔
یہ طویل آپریشن یونیورسٹی آف الباما ایٹ برمنگھم (یو اے بی) کے ڈاکٹر جیم لوک نے کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جانوروں سے اعضا کی منتقلی (زینوٹرانسپلانٹیشن) میں یہ ایک اہم پیشرفت ہے جسے طبی دنیا کا سنگِ میل کہا جاسکتا ہے۔

بہترین ویڈو کالنگ کے 5 آزمودہ طریقے
سلیکان ویلی: (ویب ڈیسک)
ہم میں سے اکثر کو ویڈیو کالنگ کے دوران بیشتر مسائل کا سامنا رہتا ہے، اس تحریر میں اُنہی مسائل کا احاطہ کیا گیا ہے کہ کیسے آپ اپنی ویڈیو کالنگ کو درج ذیل 5 طریقوں پر عمل کرکے بہتر بنا سکتے ہیں۔
1) روشنی
ویڈیو کالنگ میں جو اوّل بات ضروری ہے وہ ہے روشنی۔ ویڈیو کال کا مقصد بھی یہی ہے آپ دوسرے کو نظر آئیں اور اس کیلئے آپ کو روشنی کی ضرورت ہوتی ہے تاہم اس بات کا خیال رکھیں کہ روشنی آپ کی پیٹھ پر نہ پڑے، روشنی یا تو آپ کے دائیں جانب سے آرہی ہو یا بائیں اور روشنی کا ماخذ اگر سامنے ہو تو اس سے 45 ڈگری اینگل کی دوری سے ویڈیو کال کریں۔
2) کیمرے کا اینگل
ویڈیو کال میں کیمرے کا واحد مناسب اینگل صرف ایک ہی ہے اور وہ ہے سیدھے چہرے اور آنکھوں کی سطح پر۔ آپ نہیں چاہیں گے کہ جسے آپ ویڈیو کال کررہے ہیں اُسے آپ پر توجہ رکھنے میں کوئی دشواری ہو۔
3) ویڈیو کال ٹیسٹنگ
معروف ویڈیو کالنگ ایپ زوم یا اس جیسی دیگر ایپس پر کئی میٹنگز طے ہوتی ہیں اور آپ چاہتے ہیں کہ جب آپ اُس میں آن لائن شریک ہوں تو اچھے دِکھیں۔ اِن ایپس پر ایک آپشن موجود ہوتا ہے جس کے ذریعے آپ ویڈیو کال سے پہلے ویڈیو ٹیسٹ کرسکتے ہیں جس میں آپ ویڈیو کے دوران خود کا بغور جائزہ لے سکتے ہیں۔
4) خاموشی
ویڈیو کال کے دوران پیچھے سے شور شرابے کا مسئلہ تقریباً سبھی کو پیش آتا ہے۔ کوشش کریں ویڈیو کال کیلئے کسی پرسکون اور خاموش جگہ منتخب کریں تاکہ ویڈیو کال پہ سامنے والا شخص آپ کی بات کو صاف صاف سُن سکے اور سمجھ سکے۔ اس کیلئے ہیڈفون بہترین آپشن ثابت ہوسکتا ہے۔
5) سکون
جب آپ ویڈیو کال کا آغاز کریں تو زیادہ حرکت سے پرہیز کریں۔ سامنے والا شخص جنجھلاہٹ کا شکار ہوسکتا ہے۔ کسی آرام دہ جگہ پر بیٹھ کر ویڈیو کال کریں۔ اگر ویڈیو کال لمبی ہے تو کسی جگہ پر ویڈیو کالنگ کا سیٹپ لگا دیں اور پُرسکون انداز سے بات چیت کریں۔

انارکلی بم دھماکے کی مذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع
لاہور: (ویب ڈیسک) انارکلی بم دھماکے کی مذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی گئی جس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
پنجاب اسمبلی کی خاتون رکن ربعیہ نصرت کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کا ایوان انارکلی بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے،جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یاب کےلیے دعا گو ہیں۔ ملک دشمن عناصر پھر سے سر اٹھانا شروع ہوگئے ہیں۔ پاکستانی عوام اور سلامتی کے اداروں نے ملک میں امن کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں۔
قرارداد کے متن میں مزید کہا گیا کہ ن لیگ کی حکومت نے اپنے دور میں اس ناسور پر قابو پالیا تھا۔ دہشت گردی کے خلاف ن لیگ نے نیشنل ایکشن پلان بنایا تھا جس پر سختی سے عملدرآمد کرایا گیا۔پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد یقینی بنائے۔

لاہور: شارٹ سرکٹ سے گھر میں آتشزدگی، 3 بچے جھلس کر دم توڑ گئے، 5 افراد زخمی
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور کے علاقے چونگی امرسدھو میں گھر میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 3 بچے جھلس کر دم توڑ گئے، میاں بیوی اور دیگر 3 بچے شدید زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق گھر میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ کسی کو بچنے کی مہلت نہ ملی اور 6 بچوں سمیت 8 افراد بری طرح جھلس گئے، 3 بچے زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسے۔ دیگر زخمیوں کو مقامی ہسپتال کے برن یونٹ منتقل کر دیا گیا۔ وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے چونگی امر سدھو میں آتشزدگی کے باعث 3 بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر اظہار افسوس کیا اور کمشنر لاہور ڈویژن سے رپورٹ طلب کر لی ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ع وزیر اعلی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت بھی کیا۔

کراچی انٹر بورڈ نے سپیشل امتحانات منعقد کرانے کا اعلان کر دیا
کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی انٹر بورڈ نے سپیشل امتحانات کرانے کا اعلان کر دیا۔ سالانہ نتائج سے غیر مطمئن طلبہ امتحان میں شرکت کرسکیں گے۔ 8 سے 10 ہزار طلبہ امتحان میں شریک ہوں گے۔ کراچی میں انٹر کے جو طلبہ و طالبات سالانہ امتحانی نتائج سے مطمئن نہیں وہ دوبارہ امتحانات دے سکیں گے۔ انٹر میڈیٹ بورڈ کراچی کی جانب سے رواں سال خصوصی امتحانات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ خواہشمند امیدوار 24 جنوری تک انٹرمیڈیٹ بورڈ آفس میں امتحانی فارم جمع کرا سکتے ہیں۔ چیئرمین انٹربورڈ کا کہنا ہے کہ وہ طلبہ جو گزشتہ سال کورونا یا کسی ذاتی وجہ سے امتحان نہیں دے سکے وہ بھی امتحانات میں شریک ہوسکتے ہیں۔ چیئرمین انٹر بورڈ کے مطابق رواں سال امتحانات میں طلبہ کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ تمام مضامین کے امتحانات لئے جائیں گے۔ خصوصی امتحانات فروری کے دوسرے ہفتے میں منعقد کئے جائیں گے جس میں تقریبا 8 سے 10 ہزار طلبہ و طالبات شریک ہونگے۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی، برفباری کا بھی امکان
لاہور: (ویب ڈیسک) ملک کے اکثر علاقوں میں آج سے بارشوں کے نئے سلسلے کا آغاز ہو گا، بالائی علاقوں میں برفباری کا بھی امکان ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں نے آج سے بارشوں کے سپیل کے آغاز کی پیشگوئی کی ہے، اسلام آباد، راولپنڈی ،لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں بادل برسنے کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش اور برفباری کی توقع ہے۔ بلوچستان میں بھی بارش اوربالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔