All posts by Khabrain News

’بلاک چین ٹیکنالوجی‘ کرپٹو کرنسی ریگولرائز کا منصوبہ شروع کردیا، شبلی فراز

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا کہ حکومت نے بلاک چین ٹیکنالوجی اور کرپٹو کرنسی کو ریگولرائز کرنے کا منصوبہ شروع کر دیا۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز کا کہنا ہے کہ حکومت کرپٹو کرنسی کو ریگولرائز کرنا چاہتی ہے، اسٹیٹ بینک، ایس ای سی پی اور خزانہ ڈویژن اس پر کام کر رہے ہیں، شفافیت اور احتساب کیلیے بلاک چین ٹیکنالوجی پر کام کر رہی ہے، وزارت سائنس کی ماتحت یونیورسٹیوں میں بلاک چین ٹیکنالوجی پائلٹ منصوبہ شروع کیا جائے گا۔ بلاک چین سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزارت نے ٹیکنالوجی کے استعمال کی طرف جانے کے لیے اہم اقدام اٹھائے ہیں۔ ای وی ایم بنائی اور سائنس انوویشن پالیسی بنائی۔ بلاک چین 2024 تک 20 ارب کی مارکیٹ بن جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ 200 کے قریب ممالک کسی نہ کسی طرح اپنے سسٹم میں بلاک چین کو شامل کر چکے ہیں، بینک بلاک چین کو استعمال کر کے 8 سے 10 ارب سالانہ بچا سکتے ہیں، اس ٹیکنالوجی کے استعمال سے ووٹنگ شفاف ہو سکتی ہے۔

کراچی؛ ایکسپو سینٹر میں ویکسی نیشن عملے کے احتجاج سے شہری پریشان

کراچی: (ویب ڈیسک) ویکسی نیشن کا عمل متاثر ہونے کے باعث ویکسی نیشن سینٹر کے انچارج ڈاکٹر راج کمار خود انٹری کیلیے بیٹھ گئے جس پر احتجاجی ورکرز نے سسٹم کا پاس ورڈ دینے سے انکار کردیا جس کے بعد ڈاکٹر راج کمار نے ویکسی نیشن کے لیے آنے والے عوام کی مینوئل انٹری کی۔ اس موقع پر احتجاجی ویکسی نیٹرز اور ڈیٹا انٹری آپریٹرز کا کہنا تھا کہ جب تک 9 ماہ کی تنخواہ نہیں ملتی کام نہیں کریں گے، ہم نے چھٹی بار ہڑتال کی ہے ہر بار انتظامیہ کے کہنے پر کام شروع کیا تاہم اس حوالے سے ڈی جی صحت کراچی ڈاکٹر اکرم سلطان کا کہنا تھا کہ تنخواہ دینا میرا اختیار نہیں ہے میں کوششوں میں مصروف ہوں ملازمین کے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے، آئندہ ہفتے انھیں تنخواہیں فراہم کردی جائے گی۔ واضح رہے کہ کراچی ایکسپو سینٹر میں قائم میگا ویکسی نیشن سینٹر میں تعینات 200 سے زائد ویکسی نیٹرز اور ڈیٹا انٹری آپریٹرز گزشتہ 9 ماہ سے تنخواہوں نہ ملنے کے باعث احتجاج پر ہیں۔

سندھ حکومت کا کمزور کنٹرول، نجی اسکولز و جامعات بغیر منظوری آن لائن کلاسز پر منتقل

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ میں نجی تعلیمی اداروں پر حکومتی کنٹرول کمزور ہونے کے سبب پرائیویٹ اسکولوں اور جامعات نے سرکاری منظوری کے بغیر اپنے کیمپسز از خود بند کرنا شروع کردیے ہیں۔ کراچی کی نجی شعبے کی معروف جامعہ حبیب یونیورسٹی نے طلبہ کے لیے اپنا کیمپس بند کرتے ہوئے انھیں پیر سے آن لائن کلاسز کی ہدایت کردی ہے، ادھر شہر کے معروف اور قدیم مانا پارسی اسکول، بے ویو اکیڈمی اور نیکسر کالج بھی بند کردیا گیا ہے بند ہونے والے اسکولوں میں ڈیفنس ، کلفٹن اور پی ای سی ایچ ایس کے کچھ مزید اسکول بھی شامل ہیں۔ ان اسکولوں میں فزیکل کلاسز کی بندش کے سبب والدین اور طلبہ میں بے چینی پھیلی گئی ہے کیونکہ والدین کا کہنا ہے کہ رواں تعلیمی سیشن 2021/22 میں بمشکل تاہم بغیر کسی رکاوٹ کے فزیکل بنیادوں پر تدریسی سلسلہ شروع ہوا تھا جو ایک بار پھر رکنا شروع ہوگیا ہے۔ اچانک اسکولوں سے سرکلر بھیج دیا گیا ہے کہ ہم آن لائن جا رہے ہیں اور کم از کم جنوری کے لیے فزیکل کلاسز بند کی جا رہی ہیں جبکہ آن لائن کلاسز کے حوالے سے ہماری کوئی تیاری نہیں، ایک نجی اسکول میں پڑھنے والے کم عمر طالب علم کی والدہ کا کہنا تھا وہ خود ایک اسکول میں ٹیچر ہیں ان کا اسکول کھلا ہوا ہے لیکن میرے بیٹے کا اسکول آن لائن ہوگیا ہے۔ اب گھر میں صبح کے وقت بچے کے ساتھ آن لائن کلاسز کے وقت کوئی موجود نہیں ہو سکتا۔ حبیب یونیورسٹی کے ایک طالب علم نے بتایا کہ ہماری آخری فزیکل کلاس جمعرات 13 جنوری کو ہوئی تھی اسی دوران ای میل ملی کہ اب پیر 17 جنوری سے کلاسز آن لائن ہوں گی، طالب علم کا کہنا تھا کہ پہلے ہی کم از کم 3 سیمسٹر آن لائن پڑھ چکے ہیں اب ایک بار پھر آن لائن سیمسٹر شروع کردیا گیا ہے۔ یونیورسٹیز کی مانیٹرنگ باڈی چارٹر انسپکشن اینڈ ایویلیو ایشن کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر طارق رفیع سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کی بندش سے متعلق فی الحال کوئی حکومتی پالیسی نہیں آئی ہے لہذا اس معاملے پر ہم نجی یونیورسٹی سے ضرور پوچھیں گے۔ علاوہ ازیں ماما پارسی اسکول کی انتظامیہ کی جانب سے جاری سرکلر میں کہا گیا ہے کہ اومیکرون ویرینٹ کے سبب مانا پارسی اسکول 19 جنوری سے 28 جنوری تک واپس آن لائن کلاسز پر جا رہا ہے، مزید براں جنوری کے آخری ہفتے میں طے کیا جائے گا کہ اسکول آن لائن کلاسز جاری رکھیں جائیں یا نہیں۔

ای سی سی، مردم شماری کے لیے آج 500ارب منظوری کا امکان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے آج مردم وخانہ شماری کیلیے 500 ارب روپے کی منظوری کا امکان ہے۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی ملک بھر میں مردم وخانہ شماری کیلیے 500 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری سمیت 15 نکاتی ایجنڈے کا آج جائزہ لے گی۔ وزیرخزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت ای سی سی اجلاس میں ایف بی آر کیلیے 4ارب،آئی سی ٹی انتظامیہ اسلام آباد کیلیے 7کروڑ 85 لاکھ ،فرنٹیئر کور کوئٹہ کے ہیلی کاپٹر کی مرمت کیلیے 6کروڑ 30 لاکھ روپے کے استعمال کی منظوری دینے کا امکان ہے۔

‏الیکشن کمیشن نے ایک بار پھر الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال پر تحفظات کا اظہار کیا: شیری رحمان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) شیری رحمان نے کہا ہے کہ ‏الیکشن کمیشن نے ایک بار پھر الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال پر تحفظات کا اظہار کیا ہے، الیکشن کمیشن کو خدشہ ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین ہیک اور جام ہو سکتی ہے۔
نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہاکہ یہ دو ایسے تحفظات ہیں جو ای وی ایم کے ذریعے ہونے والے انتخابات پر سنجیدہ سوالات کھڑے کریں گے، ‏تجربات کے بغیر عام انتخابات ای وی ایم کے ذریعے کرانا ناقابل فہم ہے۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ دنیا میں کہیں پر بھی پائلیٹ ٹیسٹنگ کے بغیر انتخابات نہیں ہوئے، آپ پر پہلے ہی آر ٹی ایس کے ذریعے انتخابات مینیج کرنے کا الزام ہے، حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے کہ الیکشن کمیشن اور اپوزیشن جماعتوں کے اعتراضات کا جائزہ لے۔

ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز، این سی او سی کا نئی پابندیوں کا اعلان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر این سی او سی نے نئی پابندیوں کا اعلان کر دیا۔ 10 فیصد سے زائد شرح والے شہروں میں ان ڈور تقریبات پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی و سربراہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی ) اسد عمر کی صدارت میں این سی اوسی کا اجلاس ہوا، جس میں کورونا صورتحال اور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ 10 فیصد سے کم شرح والے شہروں میں آؤٹ ڈور تقریبات میں 500 افراد شرکت کرسکتے ہیں، 10 فیصد سے کم شرح والے شہروں میں ان ڈور تقریبات میں 300 افراد شرکت کرسکیں گے، 10 فیصد سے زائد شرح والے شہروں میں ان ڈور تقریبات پر مکمل پابندی ہوگی۔
دس فیصد سے زائد شرح والے شہروں میں تعلیمی سرگرمیاں بھی محدود کر دی گئیں۔ 12 سال سے کم عمر طلبا 3 دن 50 فیصد حاضری کے ساتھ آئیں گے۔ 12 سال سے زائد عمر کے طلبا کی مکمل حاضری ہوگی جبکہ 12 سال سے زائد عمر کے طلبا کے لیے ویکسی نیشن لازمی قرار دی گئی۔ پبلک ٹرانسپورٹ کو 70 فیصد افراد کی گنجائش کے ساتھ کام جاری رکھنے کی ہدایات کی گئی جبکہ سینما، مزارات اور پارکس میں بھی 50 فیصد افراد کی شرط عائد کر دی۔ احتیاطی تدابیرپر 31 جنوری تک عملدرآمد جاری رکھنے کا فیصلہ جبکہ شادی ہالز سے متعلق احتیاطی تدابیر 15 فروری تک برقرار رکھی جائیں گی۔ این سی اوسی 27 جنوری کو اجلاس میں صورتحال کا جائزہ لے گا۔

بوگاٹی کا پہلی الیکٹرک وہیکل لانچ کرنے کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) لگژری گاڑیاں بنانے والی مشہور کارساز کمپنی بوگاٹی نے اٹھارہ میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی الیکٹرک اسکوٹر تیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ٹیسلا کی حریف سمجھی جانے والی فرنچ کمپنی بوگاٹی کا پہلی الیکٹرک وہیکل لانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، نئے آنے والی کوئی تیز رفتار لگژری الیکٹرک کار نہیں یہ ایک الیکٹرک اسکوٹر ہے۔
جو 29 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلے گی، بوگاٹی یہ الیکٹرک اسکوٹر ایک امریکی کمپنی کے اشتراک سے تیار کر ے گی، کمپنی نے دعوی کیا ہے کہ الیکٹرک اسکوٹر ماحول دوست ہو گا۔
جس میں 700 واٹ کی الیکٹرک موٹر نصب ہو گی، رواں برس یہ امید کی جارہی تھی کہ ٹیسلا کے مقابلے میں بوگاٹی اپنی لگژری الیکٹرک کار متعارف کروائی گی، تاہم بوگاٹی نے ای اسکوٹر بنانے کا اعلان کر کے سب کو حیران کر دیا ہے۔

بل بورڈ پر شادی کا اشتہار، ایک ہزار رشتے آ گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) ضرورت رشتہ کا اشتہار دینے والے پاکستانی نژاد برطانوی مسلمان کے ہاں رشتوں کی لائن لگ گئی، اشتہار وائرل ہونے کے بعد محمد ملک سے کئی فیملز رابطے میں ہین ، محمد ملک پرامید ہے وہ جلد رشتہ ازدواج میں منسلک ہوجائیں گے۔
مجھے ارینج میرج سے بچاو، یہ کہنا تھا پاکستانی نژاد برطانوی مسلمان محمد ملک کا جنہوں نے پسندیدہ رشتہ ڈھونڈنے کا انوکھا طریقہ اپنایا جو دیکھتے ہی دیکھتے مشہور ہوگیا۔
شاہراہ پر لگے انتیس سالہ نوجوان کی ہنستی مسکراتی تصویر کے ساتھ “ارینج میرج سے بچاو” کا بل بورڈ سب کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔ بی بی سی کے مطابق اب تک ایک ہزار سے زائد پیغامات موصول ہو چکے ہیں۔
نوجوان نے بل بورڈ پر ویب سائٹ کا ایڈریس بھی دیا تھا جس پر’’فائنڈ ملک آ وائف‘‘ یعنی۔۔ ملک کے لیے دلہن ڈھونڈیں۔۔ درج تھا۔ ملک کا کہنا ہے کہ وہ ارینج میرج کے خلاف نہیں مگر وہ پہلے اپنے طور پر کسی کو تلاش کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
نوجوان کو جس طرح شادی کے لیے پیغامات موصول ہو رہے، اس سے انہیں امید ہو گئی ہے کہ ان کا کام بن جائے گا اور انہیں ان کی پسند کی دلہنیا جلد مل جائے گی۔
محمد ملک کے مطابق وہ مانچسٹر، لندن اور برمنگھم میں اشتہارات کے ذریعے ممکنہ شریکِ حیات کو متوجہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ملک کو یہ آئیڈیا کہیں اور سے نہیں بلکہ ان کے والد سے ملا جنہوں نے اپنی شریک حیات ڈھونڈنے کے لیے بھی اخبار کا سہارا لیا تھا

اسپیکر خیبرپختونخوا کی پرویز خٹک سے ملاقات، مشتاق غنی نے ورکرز کنونشن سے متعلق تحفظات سے آگاہ کیا

پشاور: (ویب ڈیسک) اسپیکرخیبرپختونخوا اسمبلی نے وفد کے ہمراہ وفاقی وزیر پرویز خٹک سے ملاقات کی ہے۔ مشتاق غنی نے ورکرز کنونشن سے متعلق تحفظات سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر اسپیکر مشتاق غنی نے پرویز خٹک کو گزشتہ دنوں ایبٹ آباد میں منعقد کیے گئے ورکرز کنونشن کے حوالے سے اہلیان ایبٹ آباد کے تحفظات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف سوچا سمجھا پروپیگنڈا کیا گیا ہے، ہزارہ ایبٹ آباد کے لوگ تہذیب یافتہ اور پڑھے لکھے ہیں۔ اُنہوں نے ہزارہ ایبٹ آباد کے عوام سے منفی پروپیگنڈے پر کان نہ دھرنے کی اپیل کی۔

کورونا کی پانچویں لہر: کراچی میں مثبت کیسز کی شرح 40.13 فیصد پر پہنچ گئی

کراچی: (ویب ڈیسک) کورونا کی پانچویں لہرنے کراچی میں پنجے گاڑ لئے، مثبت کیسز کی شرح 40.13 فیصد پر پہنچ گئی۔ چوبیس گھنٹے میں 2 ہزار 902 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ شہر قائد میں اب تک اومی کرون کے 430 کیسز کی تصدیق ہوئی۔
دوسری جانب ملک میں کورونا کے پھیلاؤ نے پھر خطرے کی گھنٹی بجا دی، چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح نو اعشاریہ چار آٹھ فیصد ریکارڈ کی گئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 8 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 29 ہزار 37 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13 لاکھ 38 ہزار 993 ہوگئی۔