All posts by Khabrain News

یوکرائن میں فوجی مداخلت : برطانیہ نے روس کو دھمکی دے دی

لیور پول : برطانوی وزیر خارجہ لِز ٹرَس نے کہا ہے کہ اگر روس نے یوکرائن پر دوبارہ حملہ کیا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

جی سیون ممالک کے وزرائے خارجہ کی میٹنگ کے موقع پر برطانوی وزیر خارجہ لِز ٹرَس نے ماسکو حکومت پر زور دیا کہ وہ یوکرائن میں فوجی مداخلت سے باز رہے۔

ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے، جب اطلاعات ہیں کہ روسی افواج یوکرائن کی سرحد کے قریب صف بندی کرچکی ہیں۔ یاد رہے کہ روس نے مبینہ طور پر یوکرائن کی سرحدوں کے قریب فوجی موجودگی بڑھا رکھی ہے تاہم ماسکو نے ان الزامات کو مسترد کردیا ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لِز ٹرَس نے کہا کہ اگر روس نے یوکرائن پر حملہ کیا تو یہ حکمت عملی کے حوالے سے اس کی ایک بڑی سنگین غلطی ہوگی جس کے انتہائی سنگین نتائج سامنے آئیں گے۔

لِز ٹرَس نے یہ بھی کہا کہ آزاد جمہوری ممالک کو روسی گیس اور امداد پر اپنا انحصار کرنا چاہیے۔ تاہم روس ایسے تمام تر الزامات مسترد کرتا ہے کہ وہ یوکرائن پر حملے کی منصوبہ بندی میں ہے۔

یوکرائن اور مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے علاوہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن بھی ایسے خطرات کا اظہار کر چکے ہیں کہ آئندہ برس کے اوائل میں روس ایک مرتبہ پھر یوکرائن پر حملہ کر سکتا ہے۔

تاہم روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے حال ہی میں کہا تھا کہ دراصل مغربی طاقتیں یوکرائن میں اپنی عسکری موجودگی بڑھانے کی خاطر بہانے تلاش کر رہی ہیں۔

لیور پول میں منعقد ہونے والی جی سیون رکن ممالک کی وزرائے خارجہ کی میٹنگ سے قبل برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی برداری کی کوشش ہے کہ روس کو عسکری طاقت کی نمائش سے باز رکھا جائے۔

انہوں نے ہفتے کے دن سات امیر ترین صنعتی ممالک کے وزرائے خارجہ کو لیور پول میں خوش آمدید کہا اور صحافیوں کو بتایا کہ اس میٹنگ میں کووڈ کی عالمی وبا، بلقان اور یوکرائن کے بحران کے علاوہ افغانستان کی صورتحال پر زیادہ توجہ رہنے کی توقع ہے۔

پاک فضائیہ کے شہید پائلٹ راشد منہاس کی والدہ انتقال کرگئیں

نشانِ حیدر حاصل کرنے والے پائلٹ آفیسر شہید راشد منہاس کی والدہ بیگم رشیدہ منہاس رضائے الٰہی سے انتقال کرگئیں۔

پاک فضائیہ کے سربراہ ظہیر احمد بابر نے بیگم رشیدہ کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ائیر چیف مارشل نے تعزیتی پیغام میں مرحومہ کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی۔ ائیر چیف مارشل نے دعا کی کہ اللہ غمزدہ خاندان کو یہ دکھ صبر و ہمت سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

تین سے چار ماہ میں دنیا میں مہنگائی کم ہوگی تو پاکستان میں بھی کمی ہوگی، وزیراعظم

میانوالی:  وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ 2 سے 4 ماہ میں عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہوں گی تو پاکستان میں بھی کمی ہوگی۔ 

میانوالی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میانوالی کے کارکنوں کا خاص طور پر مشکورہوں، اگر آج میں وزیراعظم ہوں تو یہاں کے کارکنوں کی وجہ سے ہوں، جب میرے ساتھ کوئی نہیں تھا تو یہاں کے کارکنو ں نے ساتھ دیا، حکومت کے 5 سال پورے ہونے کے بعد میانوالی کی ترقی نظر آئے گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے قبائلی علاقوں کے لیے ماضی میں کچھ نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے یہ علاقے پیچھے رہ گئے، پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لیے کام کریں گے، ملک میں مہنگائی ہے اس کا ادراک ہے، لیکن یہ بھی بتاؤں کہ پاکستان ابھی بھی سب سے سستا ملک ہے، مسئلہ یہ ہے کہ چند مہینوں میں پوری دنیا میں کورونا کی وجہ سے کوئلے، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھیں تو پاکستان میں بھی بڑھانا پڑیں، لیکن 2 سے 4 ماہ میں عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہوں گی تو پاکستان میں بھی کمی ہوگی۔

عمران خان نے کہا کہ 20 لاکھ خاندانوں کے لئے کامیاب پاکستان اسکیم بنائی ہے، جس کے ذریعے ان خاندانوں کو آٹا، گھی اور دالوں پر 30 فیصد رعایت دیں گے، ان لوگوں کو پیسے دیں گے تاکہ یہ چیزیں انہیں کم قیمت پر ملیں، ان خاندانوں کے لئے 5 لاکھ روپے بلاسود قرض کی اسکیم تیار کی ہے، کسانوں کے لئے دیہاتوں میں بلاسود قرضے دیں گے، ہرخاندان کو 27 لاکھ روپے گھر بنانے کے لئے دیئے جائیں گے، اب پنجاب بھر میں ہرخاندان کو ہیلتھ کارڈ دیا جائے گا، یہ سلسہ جنوری سے شروع کریں گے اور پورے پنجاب کے ایک ایک خاندان کو مارچ تک کارڈ مل جائیں گے، جس میں 10 لاکھ روپے کے علاج کی سہولت ہوگی، جن کے پاس ہیلتھ کارڈ ہوں گے وہ پاکستان میں کسی بھی اسپتال میں کہیں سے بھی علاج کراسکیں گے، سب سے زیادہ پیسہ نوجوانوں کی تعلیم پر خرچ کریں گے، پنجاب اور خیبرپختون خوا کے  62 لاکھ نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے لئے  47 ارب روپے کی اسکالر شپ دیں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا  کہ میں نے یہاں کے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ پاکستان کسی کے سامنے سر نہیں جھکائے گا، اور نہ کسی کی غلامی کریں گے، ایک دن آئے گا کہ پاکستان ایک آزاد ملک بنے گا جو اپنے پیروں پر کھڑے ہوکر اپنے فیصلے خود کرے گا، وہ فیصلے عوام کے فائدے کے لئے ہوں گے۔

’پہچانو تو مانیں‘، ہربھجن نے ماضی کی یادگار تصویر شیئر کردی

سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ نے ماضی کی ایک یادگار تصویر شیئر کی ہے۔ْ
ہربھجن سنگھ نے اپنے ٹوئٹراکاؤنٹ پر یہ تصویر جاری کی جو انڈر نائنٹین کرکٹ ورلڈکپ 1998/99 کی ہے۔
ہربھجن سنگھ نے تصویر کے کیپشن میں سوشل میڈیا صارفین سے تصویر میں موجود دو کرکٹرز کو پہچاننے کا بھی کہا ہے جس پر سوشل میڈیا صارفین سابق کرکٹر کی پوسٹ پر اپنے جوابات دے رہے ہیں۔
ہربھجن سنگھ کی جانب سے جاری تصویر میں ان کے ایک طرف ہرے رنگ کی ٹی شرٹ میں پاکستان کے سابق کرکٹر حسن رضا ہیں جب کہ دوسری طرف جنوبی افریقا کے کرکٹر عمران طاہر کھڑے ہیں۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ریسکیو 1122 موبائل ایپلی کیشن کا افتتاح کر دیا

بزدار حکومت کا ایمرجنسی سروسز کی تیز رفتار فراہمی کے لئے ایک اور بڑا اقدام، وزیراعلیٰ پنجاب نے ریسکیو 1122 موبائل ایپلی کیشن کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعلیٰ آفس میں ریسکیو 1122 موبائل ایپلی کیشن کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ عثمان بزدار نے بٹن دبا کر ایپلی کیشن کو لانچ کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 موبائل ایپلی کیشن سے ایمرجنسیز کو بروقت رسپانس کرنے میں مدد ملے گی، ریسکیو سروس اب تک ایک کروڑ سے زائد ایمرجنسی متاثرین کو ریسکیو کرچکی ہے، پنجاب کے دور درازعلاقوں میں ریسکیو ائیر ایمبولینس جلد شروع کر دی جائے گی۔

آسٹریلیا کے ہاتھوں انگلینڈ کو ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں شکست

برسبن: آسٹریلیا نے انگلینڈ کو ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں 9 وکٹوں سے شکست دیدی۔

برسبین میں کھیلے گئے ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 147  رنز بنائے جس کے جواب میں آسٹریلیا کی ٹیم نے 425 رنز بنائے، دوسری اننگز میں انگلینڈ کی پوری ٹیم صرف 297 رنز ہی بناسکی جس کے باعث آسٹریلیا کو جیت کے لیے صرف 19 رنز کا ہدف ملا۔

دوسری اننگز میں آسٹریلیا نے 19 رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر 5 اوورز میں پورا کرلیا، آسٹریلیا کی جانب سے ٹریوس ہیڈ نے 152 رنز بنائے اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار دیے گئے۔

ٹانک میں پولیو ٹیم پر حملے میں ایک سیکیورٹی اہلکار شہید، دوسرا زخمی

صوبہ خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع ٹانک میں پولیو ٹیم پر حملے میں سیکیورٹی پر مامور ایک اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق گاؤں چھدرڑ میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے پولیو سیکیورٹی ٹیم پر حملہ کیا اور پولیس و ایف سی اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔  واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جب کہ شہید اہلکار اور زخمی کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ڈی پی او ٹانک سجاد احمد نے بتایا کہ حملہ آور فرار ہوگئے ہیں، جن کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ جمعہ کے روز جی ایچ کیو کی ٹیم نے پولیو کے فارنرز حکام کے ہمراہ مذکورہ علاقے کا دورہ کیا تھا، اور اسی روز ٹانک کے گنجان آباد علاقے سے 4 کلو وزنی بم بھی برآمد ہوا تھا جسے پولیس نے ناکارہ بنایا تھا۔

ہم چار سال سے آپ کے انتقام کا نشانہ بنے ہوئے ہیں،عمران خان خود سب سے بڑے مافیا، بھاگنے نہیں دیں گے : حمزہ شہباز

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور (ن) لیگ کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہےکہ عمران نیازی اس ملک کا سب سے بڑا مافیا ہے ہم انہیں بھاگنے نہیں دیں گے اور اب احتساب ہوگا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم چار سال سے آپ کے انتقام کا نشانہ بنے ہوئے ہیں، آپ نے عوام کو کبھی ایک کروڑ نوکریوں اور کبھی 50 لاکھ گھر کا جھانسہ دیا مگر اب پاکستان کے عوام نے عمران نیاز ی کے خلاف چالان کاٹ دیا ہے ،حکومت کے خلاف جھوٹ، مہنگائی اوربیڈ گورننس کا چالان کٹ چکا ہے، اب عمران خان کو بھاگنے نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ظالم حکومت سے جان چھڑانے کےلیے سڑکوں اور پارلیمنٹ میں تمام جماعتوں کے ساتھ جدوجہد کریں گے، ہم نے تمام سیاسی جماعتوں کےساتھ بات کی ہے اور پی ڈی ایم بھی اپنا لائحہ عمل طے کر رہی ہے۔
حمزہ شہباز نے وزیراعظم عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ تمہارے نورتن آکر عوام کے زخموں پر نمک چھڑکتے ہیں، عوام کو پہرہ دینا ہے کہ کابینہ میں بیٹھے نورتن بھاگنے نہ پائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی اس ملک کا سب سے بڑا مافیا ہے، نیازی صاحب ہوش کے ناخن لو، اپنا گھر چند لاکھ میں ریگولرکرالیا اور غریبوں کےلاکھوں گھر گرادیے، تم نے نئے پاکستان کے چکر میں پرانا پاکستان بھی بربادکردیا۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کھلےگا تو عمران نیازی کو منہ چھپانےکی جگہ نہیں ملےگی، آپ کو بھاگنے نہیں دیں گے، اب احتساب ہوگا، آپ آٹا، چینی اسکینڈل میں اربوں روپے کی خورد برد کر رہے ہیں۔ْ
ان کا کہنا تھا کہ اپنا کام کرتے نہیں اور تختیاں لگاتے ہیں، شرم نہیں آتی، پوچھ لینا تھا کہ گرین لائن منصوبہ کس کا ہے، گرین لائن کا افتتاح کرتے ہوئے انہیں شرم نہیں آتی۔

ٹرمپ پر ٹیکس بچانے کا الزام ثابت ہوگیا تو 70 ارب جرمانہ دینا پڑے گا۔ رپورٹ: ستار خان

ہمارے ملک میں سالہا سال سے امیدوں کے سہارے زندہ ہیں۔ سیاست ہمارے صرف سیاست دانوں کا پسندیدہ مشغلہ تھا جو آہستہ آہستہ اس قدر سرایت کر گیا کہ رفتہ رفتہ ہر شخص سیاسی ہو گیا۔ کوئی شخص اپنے کاروبار میں اپنے دفتر میں کام کر رہا ہوتا ہے مگر ساتھ یہ بات بھی چل رہی ہوتی ہے کہ موجودہ حکومت رہے گی یا نہیں رہے گی۔ یہ صرف عمران خان حکومت کے ساتھ نہیں ہے تقریباً پچھلی حکومتوں کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوتا رہا ہے۔ٹرمپ پر اپنے دور حکومت میں ٹیکس بچانے اور دولت چھپانے کا الزام لگا۔ نیویارک ٹائم کی رپورٹ کے مطابق فکس ٹیکس کا کیس ٹرمپ کی بدنامی کا باعث بنا اور شاید ٹرمپ صدارتی الیکشن میں اسی وجہ سے ہارے ہیں۔ ان کے فکس ٹیکس کا الزام ہے اور اگر وہ کیس ہار گئے اور ثابت ہو گیا کہ انہوں نے ٹیکس نہیں دیا تو انہیں پاکستانی کرنسی کے مطابق 70 ارب روپے ہرجانہ ادا کرنا پڑے گا۔

عالمی ہیکرز کا گلوبل فنانشل سسٹم مفلوج کرنے کیلئے سائبر اٹیک کا فیصلہ

ملتان( جنرل رپورٹر) بدنام زمانہ بین الاقوامی ہیکرز نے گلوبل فنانشل سسٹم کومفلوج کرنے کیلئے سائبراٹیک کا فیصلہ کرلیا ہے جس کی وجہ سے مالیاتی اداروں سٹاک ایکسچینج ‘پرائزبانڈز مارکیٹ‘فارن ایکسچینج‘ ایکسپورٹ اینڈامپورٹ ٹرانزکش کی سروس فراہم کرنے والے ادارے سخت پر یشانی میں مبتلا ہیں کیونکہ اگرہیکرز مالیاتی نظام کومفلوج کرنے میں کامیاب ہوگئے تھے تویورپ ‘امریکہ‘برطانیہ سمیت مختلف ممالک کانظام بیٹھ جائے گا۔اسرائیل کی نشاندہی پر امریکہ‘ برطانیہ‘ متحدہ عرب امارات ‘آسٹریا‘ سوئٹزر لینڈ ‘جرمنی‘ اٹلی ‘ ہالینڈاورتھائی لینڈنے مشترکہ طورپراس صورتحال سے نمٹنے کافیصلہ کیاہے اور آپس میں معلومات کاتبادلہ کرتے اور مشترکہ حفاظتی اقدامات کرنے کابھی فیصلہ کیاہے تاکہ ڈیٹاکو بچایاجاسکے ورنہ کروڑوں افراد متاثر ہونے کاخدشہ ہے۔ ان اطلاعات نے فنانشل مارکیٹ میں تباہی مچادی ہے اورتمام ادارے خود کو غیرمحفوظ تصورکررہے ہیں۔ اسرائیل کے فنانشل سائبرمنیجر میکاویس (Micha Weis) نے بتایا کہ گزشتہ دس برس سے حساس ڈیٹا ڈارک ویب(Dark web) پرنمودار ہورہاہے جس میں جھوٹی خبروں کی بھی بھرمار ہے تاکہ عالمی منڈی میں شدیدترین بحران اور بے یقینی کی صورتحال پیدا کی جاسکے۔اسرائیل نے اس حوالے سے ایک ڈاکومینٹری بھی تیارکی ہے جوکہ میٹنگ کے شرکاءکودکھائی گئی جس میں بتایاگیا کہ متوقع سائبر اٹیک سے کیاگیانقصان ممکن ہے۔ ان ممالک کے بینکوں نے حکومت سے مددطلب کی ہے کہ وہ حفاظتی اقدامات کریں اور اکاﺅنٹس ہولڈرزکو مطمئن کریں کہ وہ اپناسرمایہ بینکوں سے نہ نکلوائیں ورنہ بینک تباہ ہوجائیں گے۔اجلاس کے شرکاءنے مختلف پالیسیاں بنانے اور مختلف کرنسیوں سے تبادلے کا معاہدہ معطل کرنے کی تجویز دی۔