All posts by Khabrain News

سیالکوٹ واقعہ، تعلقات میں دراڑ نہیں آئیگی، سری لنکن ہائی کمشنر

اسلام آباد(ملک منظوراحمد)اسلام آبادمیں تعینات سری لنکاکے ہائی کمشنرایڈمرل ریٹائرڈ موہن ویجی وکراما نے کہاہے کہ سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کے وحشیانہ قتل پرپوری سری لنکاکی عوام شدید صدمے سے دوچارہے۔اس وحشیانہ قتل میں ملوث افرادکو عبرتناک سزادی جائے۔ میں وزارت خارجہ ، وزارت داخلہ اوردیگراعلی حکام سے رابطے میں ہوں۔یہ انتہائی قابل مزمت واقعہ ہے۔سری لنکاکی قیادت کوحکومت پاکستان نے یقین دہانی کروائی ہے کہ اس انتہائی اندوہناک،افسوسناک اورشرم ناک واقعہ کی انتہائی شفاف،غیرجانبدارانہ تحقیقات کویقینی بنایاجائے گا۔پاکستان اورسری لنکاکے ہردورمیں دوستانہ اورانتہائی قابل فخرتعلقات رہے ہیں۔اس اندوہناک واقعہ پرپاکستانی قوم میں بھی غم و غصہ پایاجاتاہے۔سری لنکاکی عوام نے ہمیشہ پاکستان کاساتھ دیاہے۔عوامی سطح پربھی انتہائی دوستانہ تعلقات ہیں۔”خبریں”کوانٹرویودیتے ہوئے سری لنکن ہائی کمشنرموہن ویجی وکراما کاکہنا تھاکہ مجرم قانون کی گرفت سے نہیں بچنے چاہیے۔ہمیں وزیراعظم عمران خان کی یقین دہانی پراعتماداوریقین ہے۔ہمارے ایک معصوم شہری کوجس بیدردی سے قتل کیاگیااس پرہم بہت دکھی ہیں۔انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیاکہ پاکستان میں موجود دیگرسری لنکن ورکرزکے تحفظ کویقینی بنایاجائے۔ہمارے ورکرزپاکستان کی تعمیروترقی میں اہم کرداراداکرہے ہیں۔ایک اورسوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ طویل عرصے سے سری لنکااورپاکستان کے درمیان سیاسی،سفارتی،تجارتی تعلقات کوبہت فروغ ملاہے۔دوطرفہ تجارت میں بھی اضافہ ہواہےانہوں نے اس عزم کااعادہ کیاکہ پاکستان اورسری لنکاکے درمیان ہمارے دشمن دراڑیں پیدانہیں کرسکتے،خطے میں پائیدارامن اوراستحکام کے لیے پاکستان کاکردار اہمیت کاحامل ہے۔

5 ارب ڈالر کی مالیت والا شہابی پتھر اگلے ہفتے زمینی مدار میں داخل ہوگا، ناسا

امریکی خلائی تحقیق ادارے ناسا نے بتایا کہ ایفل ٹاور سے بھی بہت بڑی ایک خلائی چٹان اگلے ہفتے زمین کے مدار میں داخل ہوگی۔ ناسا کے مطابق انڈے کی شکل کا سیارچہ جس کا نام 4660 Nereus ہے، 1,082 فٹ لمبا ہے اور 11 دسمبر بروز ہفتہ 14,700 میل فی گھنٹے کی رفتار سے زمین کے مدار میں داخل ہوگا۔ ناسا نے بتایا کہ توقع یہی ہے کہ چٹان زمینی سطح سے کچھ فاصلے پر بغیر کوئی نقصان پہنچائے گزرے گی لیکن یہ فاصلہ بھی قریب ہوگا۔ خلائی چٹان کو نیریس کا نام دیا گیا ہے جو کہ یونانی سمندری دیوتا کے نام سے منسوب ہے۔ واضح رہے کہ ناسا زمینی سطح سے 193 ملین کلومیٹر فاصلے کے اندر اندر تیز رفتار سے آنے والی کسی بھی خلائی چیز کو ممکنہ خطرے کے طور پر بیان کرتا ہے۔ ایک بار جب خطرہ قرار دے دیا جاتا ہے تو ماہرین پھر اس کا قریب سے مشاہدہ کرتے ہیں۔

لاہور، این اے 133 کے ضمنی انتخاب، ن لیگی امیدوار کو برتری حاصل

لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کی امیدوار شائستہ پرویز ملک کو برتری حاصل ہے۔
این اے 133 میں صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ شام 5 بجے تک کسی وقفے کے بغیر جاری رہی۔
ووٹوں کی گنتی کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی امیدوار کو برتری حاصل ہے۔
254 میں سے 164 پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی و غیرسرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کی شائستہ پرویز 32226 ووٹ لےکر آگے ہیں۔
غیرسرکاری نتیجے کے مطابق پیپلزپارٹی کے اسلم گل 20335 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔
قبل ازیں پولنگ کے دوران امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کیلئے 2 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں نے سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیے جبکہ رینجرز اہلکار بھی گشت پر مامور رہے۔
خیال رہے کہ این اے 133 لاہور کی نشست مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی پرویز ملک کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
جمشید چیمہ اور ان کی اہلیہ کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے بعد حلقے میں پی ٹی آئی کا کوئی امیدوار میدان میں نہیں ہے۔

بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنیوالوں کیلئے 2ہزار روپے جرمانے کا اعلان

ہائی کورٹ کے احکامات پر سٹی ٹریفک پولیس لاہور نے کل سے بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والوں کو 2ہزار روپےجرمانہ عائد کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں کل سے بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والوں کو بھاری جرمانہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر حکومت پاکستان کی جانب سے 7دسمبر 2021 سے ایم 2 لاہور اسلام آباد موٹروے پر سفر کرنے والی تمام گاڑیوں کے لئے ایم ٹیگ کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔

بھارتی فوج نے اپنے ہی شہریوں کو بھون ڈالا، 13 افراد ہلاک

بھارتی فوج نے مسافر بردار ٹرک پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک ہوگئے۔
بھارت کی شمال مشرقی ریاست ناگالینڈ میں بھارتی فوج نے ایک ٹرک پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک ہوگئے۔ یہ واقعہ میانمار کی سرحد کے قریب پیش آیا۔
دوسری جانب بھارتی اخبار دی ہندو کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام افراد کان کن تھے اور ایک ٹرک میں سوار ہوکر اپنے مطالبات کے حق میں مظاہرہ کرنے جا رہے تھے تاہم حکومت کا کہنا ہے کہ یہ لوگ دیہاتی تھے اور اپنے گاؤں جا رہے تھے۔
ادھر بھارتی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ علاقے میں علیحدگی پسند مسلح جنگجوؤں کے خلاف آپریشن جاری تھا اسی دوران مسلح تنظیم کے پرچم اور نشان مخصوص نشان والے ٹرک سامنے آیا۔
ترجمان کے مطابق بھارتی فوج کے اہلکاروں نے ٹرک کو روکنے کا اشارہ کیا تاہم ٹرک میں موجود افراد نے تعاون نہیں اور ٹرک بھگانے کی کوشش کی جس پر اپنے دفاع میں اہلکاروں نے فائرنگ کردی۔
بھارتی فوج کی فائرنگ سے دیہاتیوں کی ہلاکتوں پر مقامی افراد میں اشتعال پھیل گیا اور لوگ احتجاج کے لیے نکل آئے. مظاہرین نے مودی کی ظالمانہ حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
جارحیت پسند بھارتی فوج نے ظلم کی انتہا کرتے ہوئے انصاف کے متلاشی مظاہرین پر بھی فائرنگ کردی جس سے درجنوں مظاہرین زخمی ہوگئے جب کہ جوابی فائرنگ میں ایک فوجی اہلکار بھی ہلاک ہوگیا۔
مظاہرین کے بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے پر ناگالینڈ کے ضلع مون میں حالات مزید کشیدہ ہوگئے اور جگہ جگہ نفری تعینات کردی گئی اور علاقے میں تاحال کرفیو کا سما ہے۔

سال 2021 کی ٹاپ 10 ایموجیز کی فہرست جاری

کوڈ کنسورشیم نے 2021 میں 10 سب سے زیادہ استعمال ہونے والے ایموجیز کی فہرست جاری کی ہے۔ سوشل میڈیا پر گفتگو کرتے ہوئے ہم الفاظ کیساتھ ایموجیز کا استعمال بھی کرتے ہیں جو تاثرات کی ترجمانی کرتے ہیں جن میں سے کچھ بہت زیادہ استعمال ہوتے ہیں۔
یونی کوڈ کنسورشیم نے 2021 میں 10 سب سے زیادہ استعمال ہونے والے ایموجیز کی فہرست جاری کی ہے۔
نئی فہرست میں میں زیادہ تر 2019 کے ایموجیز ہی ہیں۔کمپنی نے 2020 میں دنیا میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والے ایموجیز کی فہرست جاری نہیں کی تھی۔
رپورٹ کے مطابق اس سال بھی فہرست میں سب سے اوپر وہی ایموجی ہے جو کافی عرصے سے سب کو پیچھے چھوڑے ہوئے ہے، ٹیئر آف جوائے یعنی وہ ایموجی جو ہنسی کے ساتھ آنسوؤں کو دکھاتا ہے۔
دوسرے نمبر پر دل یا ریڈ ہارٹ ایموجی ہے۔ تیسرے نمبر پر رولنگ آف دی فلور لافنگ پھر تھمب اپ سائن چوتھے نمبر پر ہے۔جبکہ پانچویں نمبر پر رونے والے چہرے کا ایموجی لاؤڈلی کرائنگ فیس ہے۔
فہرست میں بندھے ہوئے ہاتھ والا ایموجی چھٹے نمبر پر ہے، فیس بلوئنگ کا ساتواں نمبر ہے۔ تین دلوں کے ساتھ مسکراتے چہرے والے ایموجی کے حصے میں 8 واں نمبر آیا، مسکراتے چہرے اور دل والی آنکھوں کا ایموجی 9 ویں نمبر پر رہا۔
ہنستے چہرے اور ہنستی آنکھوں والا ایموجی کا فہرست میں 10 واں نمبر ہے۔

وزیراعظم کا پریانتھا کمارا کو بچانےکی کوشش کرنیوالے شخص کیلئے تمغہ شجاعت کا اعلان

وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ واقعے میں سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کو مشتعل ہجوم سے بچانےکی  تنہا جدوجہد کرنے والے ساتھی منیجر ملک عدنان کو تمغہ شجاعت دینے کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ  وہ پوری قوم کی جانب سے ملک عدنان کی بہادری اور شجاعت کو سلام پیش کرنا چاہتے ہیں، جنہوں نے اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر پریانتھا کمار کو مشتعل ہجوم سے بچانے کی کوشش کی۔

خیال رہےکہ پریانتھا کمارا کو بچانےکے لیے خود کی جان خطرے میں ڈالنے والے فیکٹری کے پروڈکشن منیجر ملک عدنان نے اپنی طرف سے پوری کوشش کی کہ وہ پریانتھا کمارا کو مشتعل ہجوم سے بچاسکیں تاہم وہ ہجوم کی درندگی کو روکنے میں ناکام رہے۔

 سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملک عدنان جان ہتھیلی پر رکھ کر پریانتھا کمارا کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔

 ہجوم کے تشدد کے وقت  ملک عدنان نے پریانتھا کمارا کوکَور کیا ہوا تھا اور  وہ خود مار کھاتے رہے اور اسے بچانےکی کوشش کر تے رہے، سوشل میڈیا پر بھی ملک عدنان کی بہادری اور انسان دوستی کے جذبے کی تعریف کی جارہی ہے۔

لاہور: این اے 133 میں ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی جاری

لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 133 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا جس کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔
این اے 133 میں صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ شام 5 بجے تک کسی وقفے کے بغیر جاری رہی۔
پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد پولنگ اسٹیشن کے احاطے میں موجود افراد ووٹ ڈال سکیں گے۔
پولنگ کے دوران امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لیے 2 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ رینجرز اہلکار بھی گشت پر مامور ہیں۔
مسلم لیگ ن کی شائستہ پرویز ملک اور پیپلز پارٹی کے چوہدری اسلم گِل سمیت 11امیدوار میدان میں ہیں جبکہ حلقے میں ووٹر کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 40 ہزار سے زائد ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 133 میں کل 254 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جس میں سے 199 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ پریزائیڈنگ افسران پر کڑی نگاہ رکھی جائے گی، پریزائیڈنگ افسران کے موبائل فونز میں ایپ ڈاؤن لوڈ کر دی ہے اور الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کا جائزہ لینے کے لیے تین کمیٹیاں بنا دی ہیں، ای وی ایم سے متعلق فیصلہ کمیٹیوں کی سفارشات پر ہو گا۔
الیکشن کمیشن نے پریذائیڈنگ افسران کو ہدایات جاری کی ہے کہ وہ فارم 45 کی تصویر کھینچتے وقت موبائل پر اپنی لوکیشن آن رکھیں گے اور پریزائڈنگ افسران فوراً ریٹرننگ افسر کو واٹس ایپ پر پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں فارم 45 بھیجیں گے۔
خیال رہے کہ این اے 133 لاہور کی نشست مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے محمد پرویز ملک کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
جمشید چیمہ اور ان کی اہلیہ کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے بعد حلقے میں پی ٹی آئی کا کوئی امیدوار میدان میں نہیں ہے جبکہ ن لیگ کی جانب سے پرویز ملک کی اہلیہ شائستہ پرویز نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
پیپلزپارٹی کے اسلم گل نے کاغذات جمع کروائے ہیں اور مقابلہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان ہونے کا امکان ہے۔’

‘پاکستان اور سعودی عرب کا ڈیجیٹل ایجوکیشن سسٹم پر ملکر کام کرنے پر اتفاق’

وفاقی وزیر شفقت محمود نے سعودی ہم منصب شہزادہ حامد بن محمد الشیخ سے ملاقات کی۔

وزیر تعلیم شفقت محمود اورسعودی ہم منصب شہزادہ حامد بن محمد الشیخ نے ملاقات کے دوران پاک سعودی تعلقات کے علاوہ باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے وزرا نے ملاقات میں  ڈیجیٹل ایجوکیشن سسٹم پر مل کر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے جو کہ خوش آئند ہے۔

ملاقات میں وفاقی وزیرشفقت محمود کے ہمراہ سفیر پاکستان لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ بلال اکبر سمیت دیگر افسران بھی شریک تھے۔

میانمار: فورسز نے فوج مخالف مظاہرین پر گاڑ ی چڑھادی، 5 ہلاک

میانمار میں فوجی اہلکاروں نے پُرامن احتجاج کرتے مظاہرین پرگاڑی چڑھا دی جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق فوجیوں کی جانب سے مظاہرین پر گاڑی چڑھانے کا واقعہ آج صبح پیش آیا۔
جائے وقوعہ پر موجود عینی شاہدین نے برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز کو بتایا کہ فوجی گاڑی سے درجنوں افراد زخمی ہوئے، واقعے سے متعلق ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں ہلاک اور زخمی ہونے والے مظاہرین کو ایک گا ڑی میں ڈالتے دیکھا جاسکتا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق میانمار کی فوج نے 15 مظاہرین کو گرفتار بھی کر لیا ہے۔
دوسری جانب میانمار میں فوجی بغاوت کے خلاف فروری سے عوامی احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مظاہرین کےخلاف کریک ڈاؤن میں اب تک 1300 سے زیادہ مظاہرین ہلاک ہو چکے ہیں۔