All posts by Khabrain News

ایک ماہ کے دوران 26ٹرینوں کے دوران سفرانجن ،93کوچز خراب

ریلوے انتظامیہ رولنگ سٹاک کی مینٹی ننس کو بھی یقینی نہ بنا سکی۔
رولنگ سٹاک کی مینٹی ننس پر عدم توجہ ہونے کے باعث ایک ماہ میں 26 ٹرینوں کے دوران سفر انجن اور 93 سے زائد کوچز خراب ہوئیں، ریلوے انتظامیہ کی انفراسٹرکچرورولنگ سٹاک کی مینٹی ننس پر عدم توجہ اور شعبہ جاتی کوآرڈینیشن کے فقدان کے باعث مہینوں سے متاثرہ شیڈول دھند میں مزید متاثر ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق بروقت آمدورفت کی شرح صرف57 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ ریلوے میں موجود 1718 مسافر کوچوں میں سے 38.3 فیصد 658 کوچیں خراب پڑی ہیں، نومبرمیں ٹریک، کوچوں و لوکو موٹوزکی خرابی اورحادثات کے باعث ٹرین آپریشن کے 1519گھنٹے ضائع ہوئے ۔
نومبر کے دوران ریلوے ٹریک خرابی کے باعث328 گھنٹے ضائع ہوئے ،مینڈوان مینڈ لیول کراسنگز سمیت دیگر گیٹس پر69 گھنٹے ضائع ہوئے ،دوران سفر لوکوموٹوز فیل ہونے کے باعث67 گھنٹے ،کوچز کی خرابی کے باعث 52گھنٹے ضائع ہوئے۔
کمپیوٹربیسڈ انٹر لاکنگ سگنل سسٹم کے باعث131 گھنٹے ،سگنل خرابی کے باعث95 گھنٹے ضائع ہوئے، کراسنگز پر67 گھنٹے ،حادثات کے باعث 81گھنٹے ،موسمی حالات اور دھند کے باعث48 گھنٹے ٹرین آپریشن متاثر رہا۔

پنجاب: بچوں میں سموگ کے باعث امراض بڑھنے لگے

شہر میں سموگ کے راج کے باعث بچوں کے اندر امراض بڑھنے لگے ہیں۔

پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح صوبائی دارالحکومت لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس بڑھنے کی وجہ سے بچوں میں سموگ کے باعث امراض بڑھنے لگے ہیں۔

شہر لاہور میں سموگ حد سے زیادہ بڑھ جانے کے بعد لاہور ایئر کوالٹی انڈیکس میں ساتویں نمبر پر آگیا جس سے نہ صرف بڑی عمر کے افراد بلکہ نو عمر بچوں کی بھی بڑی تعداد شدید متاثر ہے۔

سموگ کی وجہ سے بچوں کی بڑی تعداد لاہور کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہے جہاں ایمرجنسی میں 5 سال سے کم عمر بچوں کا علاج معالجہ جاری ہے۔

ساٹ اے ایم ایس چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر عثمان چیمہ کا کہنا ہے کہ ایسے موسم میں غیر ضروری طور پر بچوں کو گھر سے باہر نہ نکالا جائے، اگر جانا مقصود ہو تو واپسی پر ان کے ہاتھ اور منہ اچھی طرح دھلائے جائیں۔

سموگ کے باعث بچوں کو آنکھوں میں جلن اور ریش کی شکایات ہیں جن کی وجہ ہوا میں موجود پارٹیکلز ہیں۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر 100 سے 150 بچے ہسپتال لائے جا رہے ہیں۔

مقبوضہ کشمیر میں نئے سال پر مندر میں بھگدڑ مچنے سے 12 افراد ہلاک

مقبوضہ کشمیر میں سال نو کے موقع پر مذہبی رسومات کی ادائیگی کے دوران مندر میں بھگدڑ مچ جانے سے 12 افراد ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے۔

خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق واقعہ ہفتے کی شب 3 بجے بھارت کے زیر قبضہ کشمیر کے سب سے مقدس سمجھے جانے والے مندر ویشنو دیوی میں اس وقت پیش آیا جب چار اطراف تاریکی چھائی ہوئی تھی۔

رویندر نامی عینی شاہد نے بذریعہ ٹیلی فون کال اے ایف پی کو بتایا کہ ’لوگ ایک دوسرے کے اوپر گرے پڑے تھے اور یہ اندازہ لگانا مشکل تھا کہ کس کا ہاتھ یا ٹانگ کس کے ساتھ پھنسی ہوئی ہے۔ ‘

عینی شاہد نے کہا کہ واقعہ پیش آنے کے آدھے گھنٹے بعد جب ایمبولینس آئی تو میں نے ان کے ساتھ مل کر 8 لاشوں کو اٹھایا، خوش قسمتی سے میں زندہ ہوں لیکن واقعے کے دوران جو میں نے دیکھا اس کا عکس ذہن میں موجود ہے۔

ایک افسر نے کہا کہ نئے سال پر عبادت کرنے کے لیے آنے والوں کی تعداد بہت زیادہ تھی لیکن اس کی تصدیق کسی اور نے نہیں کی۔

لاکھوں کی تعداد میں ہندوؤں کے مذہبی مقامات ہندو اکثریتی شہروں، ٹاؤن، گاؤں اور شمالی میں واقع جنگلوں اور ہمالیہ کے دور دراز علاقوں میں قائم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر: مسافر بس کھائی میں گرنے سے 13 افراد جاں بحق

ان میں سے کئی مقامات انتہائی مقدس سمجھے جاتے ہیں اور وزیر اعظم نریندر مودی کی ہندو قوم پرست حکومت نے ان مقامات تک آسان رسائی اور ان کے بنیادی ڈھانچے پر بھاری رقم خرچ کی ہے۔

کورونا وبا سے قبل روزانہ تقریباً ایک لاکھ عقیدت مند ایک مشکل راستہ طے کر کے مندر ویشنو دیوی پر حاضری دیتے تھے۔

حکام نے وبا کے پیشِ نظر عقیدت مندوں کی تعداد 25 ہزار تک محدود کی تھی تاہم عینی شاہدین اور ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق اس کے باوجود تعداد میں اضافہ دیکھا گیا۔

2018 میں بھگدڑ مچنے کے دو مختلف واقعات میں 370 اور 2011 میں ریاست کیرالہ اور مدھیہ پردیش میں تقریباً 100 ہندو ہلاک ہوئے تھے۔

دوسری جانب رپورٹس کے مطابق حالیہ واقعے میں مندر میں آئے کچھ عقیدت مندوں میں کسی بات پر بحث چھڑ گئی تھی جس کی وجہ سے واقعہ پیش آیا۔

واقعے کے فوری بعد ریسکیو آپریشن شروع کر کے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے کچھ کی حالت تشویش ناک ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ چھوٹی ایمبولینس لاشوں اور زخمیوں کو لے کر اندھیرے میں اسپتال پہنچ رہی ہیں۔

واقعہ پیش آنے کے بعد مندر تک رسائی بند کر دی گئی تھی تاہم بعد میں اسے دوبارہ کھول دیا گیا۔

جموں کشمیر سے کچھ دیر کی دوری پر پہاڑوں میں 60 کلو میٹر کی اونچائی پر واقع ویشنو دیوی مندر دراصل ہندو دیوی ویشنوی کا مظہر ہے۔

لوگ مندر کا دورہ کرنے کے لیے مصروف ٹاؤن کٹرا پہنچ کر 15 کلو میٹر سفر پیدل طے کرتے ہیں یا پھر چھوٹے گھوڑوں پر سواری کرتے ہیں، مندر پہنچنے کے لیے ہیلی کاپٹر سروس بھی موجود ہے، عقیدت مند راستے میں بنے غار میں کچھ دیر قیام بھی کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر: بس کھائی میں گرنے سے 35 مسافر ہلاک

عینی شاہد رویندر کا کہنا ہے کہ بھگدڑ مندر جانے اور واپس آنے والے عقیدت مندوں میں مچی۔

ان کے مطابق وہاں کم از کم ایک لاکھ افراد موجود تھے۔

عینی شاہد نے کہا کہ مندر آنے والوں کی رجسٹریشن چیک کرنے کے لیے کوئی موجود نہیں تھا، میں اس سے پہلے وہاں جا چکا ہوں لیکن کبھی اتنا رش نہیں دیکھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم میں سے کچھ لوگوں نے اپنے ہاتھوں سے ایک لاش کو اوپر پہنچایا تاکہ لوگ دیکھ سکیں کہ کیا ہو رہا ہے اور وہ مزید لاشوں کو لے جانے کے لیے ہمیں راستہ دیں۔

غازی آباد سے آنے والے 10 افراد پر مشتمل گروہ کے ایک فرد نے بتایا کہ مندر میں کافی بد انتظامی دیکھنے کو ملی۔

ایک شخص نے بتایا کہ اگر ہمیں معلوم ہوتا کہ یہاں لوگوں کا ہجوم ہے تو ہم دیگر افراد کو یہاں آنے سے روکتے۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

صدر سمیت دیگر حکام نے تعزیت کی ہے جبکہ وزیر داخلہ نے اسے ’دل جھنجھوڑنے‘ دینے والا واقعہ قرار دیا ہے۔

سال نو پر بجلی مزید مہنگی کرنے کی تیاریاں شروع

اسلام آباد: سال نو پر بجلی مزید مہنگی کرنے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے ٹیرف میں اضافے کے لیے نیپرا سے رابطہ کر لیا۔  

اس حوالے سے بتایا گیا کہ ٹیرف میں اضافہ رواں سال کی پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مانگا گیا ہے۔

بجلی کی قیمت میں اضافے سے صارفین پر 17 ارب 85 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا جبکہ اضافہ کیپسٹی چارجز اور ترسیلی نقصانات کی مد میں کیا جائے گا۔

یپرا پاور ڈویژن کی درخواست پر 12 جنوری کو سماعت کرے گی۔

خیال رہے کہ 9 دسمبر کو نیشنل الیکٹرک ریگولیٹری اتھارٹی نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں فی یونٹ 4 روپے 74 پیسے کا اضافہ کردیاتھا۔

بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا تھا ، بجلی کے صارفین سے اضافی بوجھ دسمبر کے بلوں میں وصول کیا جانا تھا۔

برطانیہ نے کورونا کے علاج کیلئے ’گولیوں‘ کے استعمال کی اجازت دے دی

امریکا کے بعد برطانیہ نے بھی دوا ساز کمپنی فائزر کی تیار کردہ کووڈ 19 کی گولیوں کو استعمال کرنے کی منظوری دے دی۔

برطانیہ سے قبل گزشتہ ماہ 23 دسمبر کو امریکا نے بھی کورونا سے تحفظ کی مذکورہ گولیوں کے استعمال کی منظوری دی تھی۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق برطانیہ میں فائزر کی تیار کردہ گولیاں ان بالغ افراد کو استعمال کرائی جائیں گی جن میں بیماری کی شدت معمولی سے معتدل ہوگی مگر بیماری کی سنگین پیچیدگیوں کا خطرہ زیادہ ہوگا۔

برطانیہ کے میڈیسین اینڈ ہیلتھ کیئر پراڈکٹس ریگولیٹری ایجنسی (ایم ایچ آر اے) کی جانب سے 31 دسمبر کو جاری بیان میں بتایا گیا کہ فائزر کی گولیاں پیکسلووڈ‘ (Paxlovid) اس وقت بہت زیادہ مؤثر ہے جب اسے بیماری کے ابتدائی مراحل میں استعمال کرایا جائے۔

برطانوی ادارے کی جانب سے بیماری کی اولین علامات سامنے آنے کے 5 دن کے اندر اس دوا کا استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

فائزر نے دسمبر 2021 میں بتایا تھا کہ یہ دوا زیادہ خطرے سے دوچار افراد کو کووڈ سے متاثر ہونے پر ہسپتال میں داخل ہونے اور موت سے بچانے کے لیے لگ بھگ 90 فیصد تک مؤثر ہے۔

حالیہ لیب ڈیٹا سے عندیہ ملا ے کہ دوا کی افادیت کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے خلاف بھی مؤثر ہے۔

ایم ایچ آر اے کا کہنا ہے کہ وہ فائزر کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے تاکہ اومیکرون کے خلاف پیکسلوئیڈ کی افادیت کی جانچ پڑتال کی جاسکے۔

ایم ایچ آر اے کے سربراہ جون رائنے نے ایک بیان میں بتایا کہ اب ہمارے پاس کووڈ 19 کے علاج کے لیے ایک اینٹی وائرل دوا ہے جس کو منہ کے ذریعے استعمال کیا جاسکے گا جس کا مطلب یہ ہے کہ اس دوا کو ہسپتال سے باہر بھی مریض استعمال کرسکیں گے۔

فائزر کی دوا 2 متحرک اجزا سے تیار کی گئی ہے جو 2 مختلف گولیوں میں دستیاب ہوگی جس کو دن میں 2 بار 5 روز تک استعمال کیا جائے گا۔

برطانیہ اب تک اس دوا کے 27 لاکھ 50 ہزار سے زیادہ کورسز کو خرید چکا ہے۔

یہ دوا کورونا وائرس کے ایسے انزائمے بلاک کرنے کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے جن کو وہ اپنی نقول بنانے کے لیے استعمال کرتا ہے۔

برطانیہ نے اس سے قبل نومبر 2021 میں مرک کمپنی کی تیار کردہ کووڈ 19 کو ہنگامی استعمال کی منظوری دی تھی۔

مرک کی تیار کردہ دوا کو کلینکل ٹرائل میں زیادہ خطرے سے دوچار مریضوں کے ہسپتال میں داخلے اور اموات کی روک تھام کے لیے 30 فیصد تک مؤثر دریافت کیا گیا تھا۔

ایما راڈوکانو کا کورونا ٹیسٹ مثبت، آسٹریلین اوپن سے آؤٹ

ٹینس کی کم عمر یو ایس چیمپئن ایما راڈوکانو کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر پہلے گرینڈ سلیم ’’آسٹریلین اوپن‘‘ میں نمائندگی سے محروم ہو گئیں۔
سڈنی میں سترہ جنوری سے شروع ہونے والے ٹینس سیزن کے پہلے گرینڈ سلیم ’’آسٹریلین اوپن‘‘ میں اسٹار کھلاڑیوں کی عدم شرکت توجہ کا مرکز بن گئی۔
برطانیہ کی کم عمر چیمپئن کھلاڑی ایما راڈو کانو کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر میگا ایونٹ سے باہر ہو گئیں۔
انگلش ٹینس سٹار کا گذشتہ ماہ دبئی میں کھیلی گئی مبادلہ ورلڈ چیمپئن شپ کے دوران کورونا کا شکار ہوئی تھیں۔

جنوبی کوریا کی سابق خاتون صدر پانچ سال قید کے بعد رہا

جنوبی کوریا کی سابق خاتون صدر کو پانچ سال قید کے بعد رہا کردیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی کوریا کی سابق خاتون صدر پارک گوئن کو کرپشن کے الزامات میں جیل بھیجا گیا تھا جنہیں تقریباً 5 سال سزا کاٹنے کے بعد جمعےکے روز رہائی ملی۔

یڈیا رپورٹس کے مطابق پارک کی رہائی کے بعد جنوبی کوریا میں مارچ میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں ان کے حصہ لینے سے متعلق قیاس آرائیاں جاری ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ 69 سالہ پارک جنوبی کوریا کی پہلی جمہوری منتخب رہنما تھیں جن کا کرپشن کے الزامات پر مواخذہ کیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی کوریا کی عدالت نے گزشتہ سال سابق صدر پر الزامات ثابت ہونے پر ان کی 20 سال کی سزا کو برقرار رکھا تھا تاہم گزشتہ ہفتے جنوبی کوریا کے صدر نے ان کو خراب صحت کی بنیاد پر خصوصی معافی دینے کا اعلان کیا تھا۔

سابق صدر سیول کے اسپتال میں زیر علاج تھیں جہاں سرکاری حکام نے صدارتی معافی نامہ ان کے حوالے کیا۔

اس موقع پر سابق صدر کے وکیل کا کہنا تھا کہ سابق فوجی حکمران کی بیٹی کو عوامی تشویش پر معافی دی گئی ہے اور اس حوالے سے مشکل فیصلہ کرنے پر صدر کے شکر گزار ہیں۔

آئی ایم ایف کی شرط کے مطابق پیٹرول کی قیمت بڑھانی ہے، ترجمان وزارت خزانہ

وفاقی وزارت خزانہ کے ترجمان مزمل اسلم نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرط کے مطابق پیٹرول کی قیمت بڑھانی ہے، آئی ایم ایف نے 700 ارب ٹیکس کا کہا لیکن حکومت 350 ارب پر لے کر آئی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مزمل اسلم کا کہنا تھاکہ پوری دنیا میں مہنگائی کا طوفان ہے، ایسی مہنگائی 2008 میں بھی دیکھی گئی تھی، پچھلے 6 ماہ میں جتنی مہنگائی ہوئی اس کا جائزہ لینا ہوگا۔

ان کا کہنا تھاکہ آئی ایم ایف کی شرط کے مطابق پیٹرول کی قیمت بڑھانی ہے، آئی ایم ایف نے 700 ارب ٹیکس کا کہا لیکن حکومت 350 ارب پر لے کر آئی۔

منی بجٹ کے حوالے سے ترجمان کا کہنا تھاکہ موجودہ مالیاتی ترمیمی بل منی بجٹ نہیں ہے، گزشتہ حکومتوں کی غیر ضروری ٹیکس چھوٹ ختم کر رہے ہیں، آنے والے دنوں میں پیٹرول کی قیمت کم ہوگی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔

سابق جنوبی افریقی پیسر ڈیل اسٹین نے بھارتی ٹیم کو ورلڈ کلاس قرار دے دیا

جنوبی افریقہ کے سابق فاسٹ بالر ڈیل اسٹین نے بھارتی ٹیم کی جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں فتح کو ورلڈ کلاس پرفارمنس قرار دے دیا۔

سامجی رابطے کی ویب سائٹ پر ڈیل اسٹین نے بھارتی کرکٹ ٹیم سینچورین ٹیسٹ میچ میں کامیابی پر ٹیم کو مبارکباد دی۔

ڈیل اسٹین نے کہا کہ بھارت کی کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کے گزشتہ چند دوروں میں متاثر کن پرفارمنس دے رہے۔

ملک سے باہر فتح میں بھارت کا ریکارڈ مزید بہتر ہو رہا ہے اور اس کامیابی سے ثابت ہو گیا کہ وہ ورلڈ کلاس ٹیم ہے۔

واضح رہے کہ مہمان ٹیم نے سینچورین کے پہلے ٹیسٹ میں میزبان جنوبی افریقہ کو شکست دے کر سیریز میں ایک صفر کی برتری قائم کر لی ہے۔

اس میچ مین محمد شامی اور جسپریت بمرا کی شاندار بالنگ نے بھارتی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

جبکہ نئے کپتان کے ایل راہول نے بھی ٹیم کے لئے کیپٹین اننگ کھیل کر جیت کی راہ ہموار کی ۔

دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا ٹیسٹ پیر سے وانڈرز اسٹیڈیم جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا، جبکہ تیسرا ٹیسٹ نیولینڈ کرکٹ گراؤنڈ کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔

مستقبل میں مداخلت نہ ہوئی تو چاروں صوبوں میں مثالی فتح حاصل کریں گے، فضل الرحمان

جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مستقبل میں مداخلت نہ ہوئی تو چاروں صوبوں میں مثالی فتح حاصل کریں گے۔

مولانا فضل الرحمن نے پشاور میں جے یو آئی کے مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں کامیابی نے حکمرانوں کے عزائم خاک میں ملا دئیے.

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تین سالوں سے قوم کو سلیکٹڈ حکومت کے عزائم سے آگاہ کیا، جمعیتِ علماء اسلام عوام کی امیدوں کی کرن بن گئی۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی پالیسیوں نے ملک کی اقتصادی معاشی ترقی کاراستہ روک دیا، 2018 کے الیکشن میں ایک منصوبہ بندی کے تحت تحریک انصاف کو مسلط کیا گیا۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے کہا کہ عوام کے ووٹ چوری کرکے عوامی مینڈیٹ کی توہین کی گئی.

ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں مداخلت نہ ہوئی تو چاروں صوبوں میں مثالی فتح حاصل کریں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پشاورفاٹا انضمام کے دوران پرکشش مراعات کا اعلان کرکے عوام کو دھوکہ دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں کے وقار اور تقدس کو پامال کرکے آئین سے ماورا بل پاس کئے جارہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ 360 ارب کا منی بجٹ صرف آئی ایم ایف کی ایماء پر پیش کیا گیاہے۔