All posts by Khabrain News

اسلام آباد میں مونال ریسٹورنٹ سیل، نیوی گالف کورس کو آج ہی تحویل میں لینے کا حکم

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں مارگلہ نیشنل پارک میں قائم مونال ریسٹورنٹ کو سیل کرنے اور نیوی گالف کورس کو آج ہی سی ڈی اے کی تحویل میں لینے کا حکم دے دیا۔

ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے وفاقی دارالحکومت میں تجاوزات اور قبضوں کے خلاف کیسز کی سماعت کی تو سیکرٹری دفاع ، سیکریٹری داخلہ عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ مارگلہ ہلز نیشنل پارک پر اگر کوئی ملکیت کا دعوٰی کرتا ہے تو غلط ہے، نیشنل پارک محفوظ شدہ علاقہ ہے جو وفاقی حکومت کا ہے، نیوی نے تجاوزات کرکے گالف کورس بنایا، آرمڈ فورسز کو بھی قانون پر عمل کرنا ہوگا ، ہر شہری آرمڈ فورسز کا احترام کرتا ہے لیکن جب تجاوزات کریں گے تو کیا پیغام جائے گا، جب یہ چیزیں رکیں گی عام آدمی خود قانون پر چلے گا، عام آدمی تو نیشنل پارک میں نہیں گھس سکتا، یہ اشرافیہ کی وجہ سے ہے، جب حکومت کے ادارے تجاوزات نہیں کریں گے تو پھر کسی اور کی بھی ہمت نہیں ہو گی۔

ہائیکورٹ نے نیوی گالف کورس کو آج ہی سی ڈی اے کے سپرد کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری دفاع صاحب یقینی بنائیں کچھ ایسا نہ ہو بعد میں شرمندگی کا باعث بنے، آپ نے تسلیم کیا کہ گالف کورس غیرقانونی ہے اسے سربمہرکرکے انکوائری کریں۔

چیئرمن سی ڈی اے نے بتایا کہ ہم نے نیوی سیلنگ کلب گرانے کا نوٹس دے دیا ہے، اسلام آباد میں تقریبا تمام سرکاری اداروں نے تجاوز کیا ہوا ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ تین فورسز کے سیکٹرز میں بھی تمام قوانین لاگو ہوتے ہیں، کیا عمل ہو رہا ہے؟ ایئر فورس نے جتنی تعمیرات کیں، کیا سی ڈی اے سے منظوری لی؟ ہو سکتا ہے کہ ان کے کچھ سیکورٹی تحفظات ہوں، سیکرٹری دفاع موجود ہیں، ان کے تحفظات بھی سن لیں اور قانون پر سختی سے عمل درآمد کرائیں، اسلام آباد میں فورسز کے تین سیکٹرز میں خلاف قانونی تعمیرات نہیں ہونی چاہئیں، ‏اسلام آباد مارگلہ ہلز ملٹری فارمز کی ملکیت نہیں بلکہ وفاقی حکومت کی ملکیت ہے۔

عدالت نے کہا کہ مارگلہ نیشنل پارک کی 8 ہزار ایکڑ زمین پر ملٹری ڈائریکٹوریٹ کی ملکیت ختم ہو چکی، 1910 کا نوٹیفکیشن غیر موثر ہو چکا اب 1979 کے قانون کے تحت عمل ہو گا، یہ اسٹیٹ لینڈ ہے مارگلہ نیشنل پارک کے نام پر نوٹیفائی ہو چکی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیف کمشنر اسلام آباد کو آج ہی مونال کو سیل کرنے اور سی ڈی اے کو نیوی گالف کورس کو اپنی تحویل میں لینے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سیکریٹری دفاع اس پر ناجائز قبضے کے ذمے داران کیخلاف تحقیقات کروائے، مونال کی لیز ختم ہو چکی ہے تو اسے سیل کریں۔

‏اسلام آباد ہائی کورٹ نے مارگلہ میں نیشنل پارک میں قائم مونال ریسٹورنٹ کو سیل کرنے کا حکم دے دیا۔

بھارتی پنجاب کے وزیراعلی کا مودی کا قافلہ روکنے والے کسانوں کیخلاف کارروائی سے انکار

بھارتی ریاست پنجاب کے وزیراعلی چرنچیت سنگھ نے وزیراعظم نریندر مودی کے دورے کے دوران احتجاج کرنے والے سکھ کسانوں کے خلاف کارروائی سے انکار کر دیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کے دورے کیلئے سکیورٹی کے ٹھوس اقدامات کئے گئے تھے، احتجاج کرنے والے کسی کسان اور پنجابی کے خلاف کارروائی نہیں کروں گا۔ بھارتی پنجاب کے وزیراعلی نے مزید کہا کہ اگر وزیراعظم کو 10منٹ انتظار کرنا پڑا تو کیا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مظاہرین تو مودی صاحب کے پاس بھی نہیں گئے۔ کسی نے ان کے ساتھ کچھ نہیں کیا وزیراعظم کی ریلی میں کیپٹن امریندر سنگھ کے علاوہ کوئی پنجابی نہیں گیا۔

اہم معاملات، سعودی وزیر خارجہ چین پہنچ گئے

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان چین پہنچ گئے، جہاں انہوں نے چینی ہم منصب وینگ یی سے ملاقات کی۔ سعودی میڈیا کے مطابق سعودی وزیر خارجہ کی چینی ہم منصب سے ملاقات میں افغانستان میں امن و استحکام یقینی بنانے کے اقدامات پر بات چیت ہوئی، اور دونوں رہنماوں نے تمام شعبوں میں تعلقات مزید مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ سعودی عرب اور مشرق وسطیٰ کی دیگر ریاستوں کے وزرائے خارجہ اس ہفتے دنیا کی دوسری سب سے بڑی معیشت، تیل کے معروف صارف اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے ذرائع کے حکام سے ملاقاتوں کے لیے چین کا دورہ کر رہے ہیں۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے تہران میں کہا کہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان بھی اس ہفتے کے آخر میں چین روانہ ہوں گے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران عالمی طاقتوں سے 2015 کے جوہری معاہدے کو بحال کرنے کے لیے مذاکرات کی رفتار سے مطمئن نہیں ہے، جو ویانا میں ہفتوں سے جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وقت ہمارے لیے اہم ہے لیکن یہ ممکن نہیں کہ دوسری طرف کچھوے کی طرح حرکت کی جائے اور ہم روشنی کی رفتار سے چلیں۔

ڈرون نے زندگی بچا لی

سویڈن میں ڈرون کی مدد سے ہارٹ اٹیک کے بعد 71 سالہ مریض کی جان بچائی لی گئی۔ رپورٹ کے مطابق شہری گھر کے باہر برف صاف کررہا تھا کہ اچانک دل میں درد ہوا، جو ہارٹ اٹیک تھا۔ کارڈیئک اریسٹ میں دل اچانک کام کرنا بند کر دیتا ہے جسے ہارٹ فیل ہونا بھی کہتے ہیں۔ مریض نے بتایا کہ اسی لمحے مصطفیٰ علی نامی ڈاکٹر اپنی کار میں وہاں سے گزر رہے تھے، انہوں نے فورا ڈرون کمپنی کو الرٹ جاری کیا، اس کے بعد خون کی گردش رواں کرنے کے لیے ڈاکٹر نے سی پی آر کا عمل شروع کیا۔ اور چند ہی لمحوں میں ڈاکٹر کے سر پر ڈرون بھی آ پہنچا۔ جس میں ‘ڈی فبری لیٹر‘ آلہ موجود تھا، جو کارڈیئک اریسٹ کے مریض کے دل کو بجلی کا جھٹکا لگا کر اس پر طاری کپکپاہٹ کو ختم کرکے نارمل دھڑکن بحال کرنے میں مدد دیتا ہے۔ لیکن اس کا بروقت مریض تک پہنچنا لازم ہے، اور ڈرون نے یہ کام صرف 3 منٹ میں کر دکھایا۔ ڈرون کمپنی ایورڈرون کا کہنا تھا کہ اطلاع موصول ہونے کے تین منٹ کے اندر آٹومیٹِڈ ایکسٹرنل ڈی فِیبری لیٹر مریض کے پاس پہنچ گیا تھا، جو کسی بھی ایمبولنس سے تیز سروس ہے۔ یاد رہے سویڈن میں ڈرون کے ذریعے ڈی فِبری لیٹر پہنچانے کا تجربہ سب سے پہلے 2020 میں کیا گیا تھا۔ ایورڈرون دوسرے ممالک جن میں برطانیہ شامل ہے کو بھی یہ ٹیکنالوجی فراہم کرنے کے لیے بات چیت کر رہا ہے۔

بھارت میں مسلمانوں کو ختم کرنے کی دھمکی، مودی خاموش کیوں ؟ جاوید اختر کا سوال

بھارت کے مشہور نغمہ نگار اور شاعر جاوید اختر نے بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی کو ان کی مجرمانہ خاموشی پر تنقید کا نشانہ بنایا، ان کا کہنا تھا کہ کروڑوں مسلمانوں کو ختم کرنے کی کھلے عام دھمکی دی جا رہی ہے اور مودی خاموش ہیں کیوں؟ جاوید اختر نے ٹوئٹ کی کہ وزیراعظم نے صدر سے ملاقات میں بلٹ پروف گاڑی میں بیٹھ کر اپنے پر لاحق فرضی خطرات کے بارے میں بات کی، جو ایل ایم جیز محافظوں کے گھیرے میں تھی، لیکن مودی نے اس وقت ایک لفظ بھی نہیں کہا جب 20 کروڑ مسلمانوں کو کھلے عام نسل کشی کی دھمکی دی جا رہی تھی۔

فواد چوہدری،فرخ حبیب،واوڈا اورصداقت عباسی کی نااہلی کی درخواست پرفیصلہ محفوظ

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کی فیملی کی جانب سے وزیراطلاعات فواد چوہدری سمیت 4 حکومتی رہنمائوں کی نااہلی کی درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ شبہ ظاہرکیا گیا ہے کہ اس عدالت کا کوئی بینچ دبائو میں بنا، بتائیں کون سا بینچ دبائو میں بنا؟ یہ ایک تھیم ہے جس کے تحت ساری چیزیں چل رہی ہیں۔ رانا شمیم کی بہو، پوتے اورپوتی نے وزیراطلاعات فواد چوہدری، فرخ حبیب، فیصل واوڈا اور صداقت عباسی کی نااہلی کےخلاف درخواست دائرکررکھی ہے۔ دوران سماعت درخواست گزاروں کی جانب سے رانا شمیم کے بیٹے احمد حسن رانا ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ چیف جسٹس اطہرمن اللہ کا کہنا تھا کہ کیا کوئی ثبوت ہے کہ اپیلوں پر بنچ دبائومیں بنا۔ جن کی اپیلیں ہیں کیا انہوں نے اس عدالت پر عدم اعتماد کا اظہار کیا، کیا رانا شمیم نے آپکو یہ درخواست دائر کرنے کا کہا کہ استدعا ساری یہ ہے کہ رانا شمیم کی ہتک عزت ہوئی۔

ن لیگ اور پیپلزپارٹی سانحہ مری پر سیاسی دکانداری چمکا رہے ہیں: حسان خاور

حسان خاور نے کہا ہے کہ پوری قوم جانتی ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے ہمیشہ لاشوں پر سیاست کی، یہ سانحہ مری پر بھی سیاسی دکانداری چمکا رہے ہیں، شہباز شریف پہلے ماڈل ٹاؤن میں 14 معصوم جانوں کے قتل کاحساب دیں۔ ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے اپنے بیان میں کہا کہ ماڈل ٹاؤن کے 14 شہدا ء کے لواحقین آج بھی شہباز شریف سے انصاف مانگ رہے ہیں، تھر میں بلک بلک کر دم توڑنے والے معصوم بچے بلاول سے اپنا قصور پوچھتے ہیں، پیپلز پارٹی عرصہ دراز سے سندھ پر حکومت کرتی آ رہی ہے لیکن تھر میں معصوم بچے علاج کے بغیر آج بھی مر رہے ہیں۔ حسان خاور نے کہا کہ کئی دہائیوں تک پنجاب پر حکمرانی کرنے والے شریف خاندان نے مری میں اداروں کو مضبوط بنانے کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر مری کے واقعہ کی غیر جانبدارانہ انکوائری شروع ہو چکی ہے۔

نیویارک پراپرٹی کیس: آصف زرداری کو ضمانت ملے گی یا نہیں، فیصلہ محفوظ

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیویارک پراپرٹی کیس میں سابق صدر آصف زرداری کی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ آصف زرداری کے خلاف نیویارک پراپرٹی کیس کی سماعت ہوئی۔ آصف زرداری کے وکیل فاروق نائیک نے موقف اپنایا کہ عدالت آصف زرداری کی مستقل ضمانت منظور کرے۔ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ نیب نے وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کئے، درخواست مسترد کی جائے۔ احتساب عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔

وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، ملکی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ

وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، جس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ کابینہ کو مہنگائی کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ 17 نکاتی ایجنڈے پر غور کرے گی۔ انٹلیکچوئل پراپرٹی رائٹس بورڈ میں چیرمین اور ارکان کی تعیناتی کی منظوری دی جائے گی۔ اسلام آباد کیپٹیل ٹیرٹری ایکٹ 2020 کے تحت ٹرسٹ فنڈز کے لیے کریڈٹ گارنٹی کی منظوری دی جائے گی۔ زون فور میں روشن پاکستان پراجیکٹ کے تحت سمندر پار پاکستانیوں کے لیے ہاوسنگ منصوبے کی منظوری ایجنڈے میں شامل ہے۔ کابینہ سی ڈی اے کے سالانہ بجٹ 2021-22 کی منظوری دے گی۔ انجیئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے سی ای او کی ملازمت میں توسیع کی جائے گی۔ 2020 اکیس کی چوتھی سہہ ماہی کے لیے بجلی کے ٹیرف میں ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دی جائے گی۔ فاٹا اور پاٹا میں نان کسٹم گاڑیوں کی رجسٹریشن میں ڈیوٹی ٹیکسز کی ون ٹائم چھوٹ کی منظوری دی جائے گی۔ بین المذاہب ہم آہنگی کے مسودے کی منظوری بھی کابینہ ایجنڈے میں شامل ہے۔ مسیحی برادری سے اقلیتی کمیشن میں ممبر کی تعیناتی کی منظوری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔ سائنس ٹیکنالوجی اینڈ انوویشن پالیسی 2021 کی منظوری دی جائے گی۔ محکمہ انسداد منشیات میں ماہر کی تعیناتی کی جاتی جائے گی۔ پی ٹی ڈی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں چیئرمین کی تعیناتی کی منظوری دی جائے گی۔ کابینہ ادارہ جاتی اصلاحات کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کرے گی۔ کابینہ نجکاری کمیٹی کے 31 دسمبر کے فیصلوں کی توثیق بھی کرے گی۔ کابینہ ای سی سی کے گزشتہ دو اجلاسوں کی فیصلوں کی توثیق کرے گی۔

‘شاہ رخ جتوئی کے معاملے پر جو بھی ذمہ دار ہوگا اس کےخلاف کارروائی ہوگی’

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت پر تنقید سے خوشی ہوتی ہے، شاہ رخ جتوئی کے معاملے پر یہ نہیں کہیں گے پچھلے راستے سے نکل گیا، شاہ رخ جتوئی کے معاملے پر جو بھی ذمہ دار ہوگا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ مری پر ہر انسان کا دل دہل گیا، حکومت کہہ رہی ہے لوگ وہاں کیوں گئے، ایسے بے حس حکمران پہلے کبھی نہیں دیکھے، حکومت کہہ رہی ہے لوگ خود ذمہ دار ہیں کہ وہ مری کیوں گئے اور گاڑی میں کیوں بیٹھے، پہلے حکومت خود ہی تعریفیں کر رہی تھی کہ اتنے لوگ مری پہنچ گئے، یہ پاکستان میں مہنگائی نہ ہونے کا بیان دیکر غریبوں کا دل دُکھاتے ہیں۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ وزراء کام کریں نہ کریں، ٹویٹ ضرور کرتے ہیں، انہیں صرف ٹویٹ کا شوق ہے، اگر تمام مسائل سندھ حکومت پیدا کر رہی ہے تو ہٹ جائیں ہمیں ملک چلانے دیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میچجز کو ویلکم کرتے ہیں، اومی کرون کا ویرینٹ تیزی سے پھیل رہا ہے، عوام ماسک پہنیں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔