All posts by Khabrain News

اردو بطور سرکاری زبان رائج نہ کرنے کے کیس میں وزارت تعلیم سے جواب طلب

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) سپریم کورٹ نے اردو کوسرکاری زبان کے طور پر رائج نہ کرنے کے توہین عدالت کیس میں وزارت تعلیم سے جواب طلب کر لیا۔
جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے توہین عدالت کیس کی سماعت کی، جسٹس عمرعطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ کے اردو کو سرکاری زبان کے طور پر رائج کرنے کے حکم پر عمل ہونا چاہیے، تعلیم کے علاوہ ایک چیزتربیت بھی ہوتی ہے، شہریوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ اپنی زبان کوزندہ رکھیں۔ باقی صوبے اپنی زبانوں کا تحفظ کررہے ہیں تو پنجاب کیوں پیچھے ہے؟ اردو زبان رائج کرنے کے معاملے کو اب سنجیدگی سے دیکھیں گے۔
عدالت نے قرار دیا کہ اردو کو عالمی زبان بنانا چاہیے، تعلیمی اداروں میں اردو زبان کو کوئی فروغ نہیں مل رہا، وفاقی حکومت نشاندہی کرے کہ اردو زبان رائج کرنے کے کون سے ادارے ہیں۔ عدالت نے پنجابی لٹریچر نہ پڑھانے پر پنجاب حکومت سے بھی جواب طلب کرلیا۔ کیس کی سماعت غیرمعینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی۔

سگریٹس پر 15 کروڑ روپے سے زائد کی ٹیکس چوری پکڑنے کا انکشاف

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) ایف بی آر نے غیر قانونی سگریٹ پر 15 کروڑ روپے کی ٹیکس چوری پکڑنے کا انکشاف کیا ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ان لینڈ ریونیو انفورسٹمنٹ نیٹ ورک اسکواڈز نے رواں ملی سال 2021-22 کی پہلی ششماہی(جولائی تا دسمبر) کے دوران غیر قانونی سگریٹ پر 15 کروڑ 61 لاکھ35 ہزار 55 روپے کی ٹیکس چوری پکڑنے کا انکشاف کیا ہے۔ اس عرصے کے دوران مجموعی طور پر 19 کروڑ 56 لاکھ 74 ہزار 652 روپے مالیت کے 8 کروڑ چار لاکھ 46 ہزار 800 غیر قانونی سگریٹ ضبط کئے گئے۔

باہمی تجارت مقامی کرنسیوں میں ہونی چاہیے، افغان قونصل جنرل

کراچی: (ڈیلی خبریں) افغانستان کے قائم مقام قونصل جنرل سعید عبدالجبار نے کہا ہے کہ افغانستان کا پہلا تجارتی شراکتدار پاکستان ہے جس سے افغانستان کی حکومت اور عوام مدد وتعاون کے طلبگار ہیں۔ افغانستان کے قائم مقام قونصل جنرل سعید عبدالجبار نے پاک افغان جوائنٹ چیمبر آف کامرس کے صدر زبیرموتی والا کے درمیان ہونے والے ملاقات میں کہا کہ افغانستان کی عوام فنڈز منجمد ہونے سے بدترین مسائل کے ساتھ مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔ قونصل جنرل نے PAJCCI پر زور دیا کہ وہ حکومت پاکستان سے افغانستان میں نقدی کی عدم دستیابی کی وجہ سے باہمی تجارت امریکی ڈالر کے بجائے پاکستانی روپے اور افغان کرنسی میں کرنے کی اجازت حاصل کرے افغانستان پاکستان کو اولین تجارتی پارٹنر سمجھتا ہے اور تجارتی حجم کو بڑھا کر پاکستان کی جانب سے مدد و تعاون کا طلبگار ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے پاس متنوع تازہ مصنوعات کے ساتھ معدنیات اور کوئلے کے بہت بڑے ذخائر ہیں جن کی پاکستان کو ضرورت ہے اور بھارتی مصنوعات سے جو خلا رہ گیا ہے اسے پاکستان آسانی سے پر کر سکتا ہے۔ پاک افغان جوائنٹ چیمبر کے صدر زبیر موتی والا نے کہا کہ PAJCCI وفد کو افغان تجارتی اداروں اور وزارتوں کے ساتھ ملاقاتوں کے لیے افغانستان کا دورہ کرنے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کو نہ صرف تجارتی بلکہ سماجی اور ثقافتی تعلقات کی تعمیر نو کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرنے کے لیے تمام اقدامات اٹھائے جائیں اور PAJCCI جیسے فورم معاشی اور عوام کے درمیان رابطے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

ذیابیطس سمیت کئی امراض سے آگاہ کرنے والے کانٹیکٹ لینس

کیلیفورنیا: (ڈیلی خبریں) اب یہ ممکن ہے کہ آنکھوں میں لگائے جانے والے لینس مجھے اور آپ کو ذیابیطس سمیت کئی امراض کی خبر دے سکتے ہیں۔ لینس جدید ترین مائیکروچپ اور حساس سینسر بھی لگے ہیں۔ کیلیفورنیا میں واقع اِن ودھ نامی کمپنی نے برسوں کی محنت سے اسے تیار کیا ہے جس میں مرکزی لینس لچکدار ہائیڈروجل سے بنایا گیا ہے۔ اس کے کنارے پر مائیکروالیکٹرانکس کا کمال ہے جس کی بدولت باریک سرکٹ، سینسر اور مائیکروچپ لگائی گئی ہیں۔ اتنے نظام کے باوجود کوئی بھی شے آنکھوں میں محسوس نہیں ہوتی۔ لینس کے اندر بچھا ہوا پورا نظام آنکھوں کے اندر کی جسامت، شکل اور بیرونی سطح کا خیال رکھتا ہے۔ اگر آنکھوں میں خون کی باریک ترین رگوں میں کوئی تبدیلی ہوتی ہے یا ریٹینا میں کچھ اتار چڑھاؤ ہوتا ہے تو اس کی فوری خبر مل جاتی ہے۔ اس کا ڈیٹا حقیقی وقت میں ایپ کی بدولت اسمارٹ فون اور کمپیوٹر تک پہنچتا رہتا ہے۔ لینس میں یہ خاصیت موجود ہے کہ وہ سبزموتیا یا گلوکوما اور دیگر بیماریوں کا پتا لگا سکتا ہے۔ لیکن سب سے اہم بات یہ ہے کہ کسی طرح خون میں شکر کی مقدار بڑھتی ہے تو لینس پہننے والے کو اس کا علم ہوجائے گا۔ اس طرح ہم لینس کو آنکھوں میں سمائے ہوئے ڈاکٹر سے تعبیر کرسکتے ہیں۔ ان ودھ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے دنیا کا پہلا نرم برقی سرکٹ والا کانٹیکٹ لینس بنایا ہے۔ تاہم کمپنی نے اس کی قیمت کا اعلان نہیں کیا ہے۔

ایئرپورٹ پر جگہ چھن جانے کے خوف سے 18000 خالی پروازیں

جرمنی: (ڈیلی خبریں) کووڈ 19 کی عالمی وبا نے دنیا بھرکا نظام درہم برہم کررکھا ہے اب اس خبر یہ ہے کہ مشہور ایئرلائن لفتھانسا نے مشہور اور مصروف ہوائی اڈوں پر اپنی پارکنگ کھودینے کے خوف سے ایک دو نہیں بلکہ 18000 ایسی پروازیں چلائیں جن میں مسافروں کی تعداد نہ ہونے کے برابر تھی۔ کچھ ہروازیں برسلز ایئرلائن نے انجام دیں جو لفتھانسا کی ذیلی کمپنی بھی ہے۔ گروپ نے تصدیق کی ہے کہ برسلز نے 3000 اور لفتھانسا نے 15000 پروازیں ایسی کیں جن میں بہت ہی کم مسافر تھے یا بالکل خالی تھیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ یورپی قوانین کے تحت اگر فضائی کمپنیاں اپنی جگہ (سلاٹ) محفوظ بنانا چاہتی ہین تو ضروری ہے کہ وہ بڑے فضائی اڈوں پر آمدورفت کا سلسلہ جاری رکھیں۔ یعنی اس کا مطلب ہوا کہ نہیں آؤگے تو کھودوگے والامعاملہ ہے جس کے تحت لینڈنگ اور ٹیک آف کا 80 فیصد کوٹہ استعمال کرنا ہوتا ہے ورنہ وہ ضائع ہوجاتا ہےاور کسی دوسری کپمنیوں کو دیدیا جاتا ہے۔ یورپ میں بالخصوص قوانین بہت سخت ہیں اور کورونا وائرس کی تازہ ترین لہر کی وجہ سے فضائی سفر 50 فیصد تک کم ہوگیا ہے۔ تاہم لفتھانسا واقعے کے بعد فضائی کمپنیوں نے یورپی یونین پر فضائی قوانین پر نظرثانی کرنے کی درخواست کی ہے۔ لیکن حالیہ چند دنوں میں یورپی ممالک کی پروازوں میں 33ہزار کی کمی ہوئی ہے۔

عمران عباس، سجل اور احد کی علیحدگی کی افواہیں پھیلانے والوں پر برہم

کراچی: (چینل فائیو) نامور پاکستانی اداکار عمران عباس نے اداکارہ سجل علی اور احد رضا میر کے درمیان علیحدگی کی افواہیں پھیلانے والوں اور ان کی زندگی کے بارے میں تجسس رکھنے والوں پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ پچھلے کچھ عرصے سے سوشل میڈیا پر خبریں گردش کررہی ہیں کہ سجل علی اور احد رضا میر کے درمیان تعلقات میں دراڑ آگئی ہے۔ ان افواہوں کو تقویت اس وقت ملی جب احد رضا میر اور ان کی فیملی نے سجل کی چھوٹی بہن اداکارہ صبور علی کی شادی میں بھی شرکت نہیں کی۔ صبور کی شادی میں ہر موقع پر سجل علی اکیلی ہی نظر آئیں جس کی وجہ سے لوگوں نے سوشل میڈیا پر باتیں کرنی شروع کردیں کہ سجل اور احد کے درمیان ناراضگی چل رہی ہے۔ کچھ سوشل میڈیا صارفین نے تو دونوں کی طلاق کی خبریں بھی سوشل میڈیا پر وائرل کردیں۔ حال ہی میں انسٹاگرام پر (کیو این اے) یعنی سوال جواب کے سیشن کے دوران جب ایک صارف نے اداکار عمران عباس سے سجل علی اور احد رضا میرکے درمیان تلخیوں کی وجہ معلوم کرنا چاہی اور ان سے سوال کیا ’’کیا آپ جانتے ہیں کہ احد رضا میر کیوں نہیں آئے صبور کی شادی پر؟‘‘ تو عمران عباس نے صارف پر بھڑکتے ہوئے کہا ’’کیا آپ جانتے ہیں کہ آپ اپنے کام سے کام کیوں نہیں رکھتے؟؟ عمران عباس نے کہا جتنا آپ لوگوں کی زندگی کے بارے میں سوچتے ہیں اگر اپنے بارے میں سوچیں تو کہیں کے کہیں پہنچ جائیں‘‘۔ واضح رہے کہ علیحدگی کی خبروں پر فی الحال سجل علی اور احد رضا میر کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔ تاہم سجل علی نے چند روز پہلے اپنی اور احد کی ایک تصویر شیئر کی تھی جس سے ایسا ظاہر ہورہا تھا کہ دونوں کے درمیان سب ٹھیک ہے لیکن بعد میں انہوں نے وہ تصویر ڈیلیٹ کردی تھی۔

مہوش حیات کی ہمایوں سعید کو ’دی کراؤن‘ میں کاسٹ ہونے پر انوکھے انداز میں مبارکباد

کراچی: (ڈیلی خبریں) داکارہ مہوش حیات نے ہمایوں سعید کو آنجہانی برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا کی زندگی پر بننے والی نیٹ فلکس سیریز ’’دی کراؤن‘‘ میں کاسٹ ہونے پر نہایت انوکھے انداز میں مبارکباد دی ہے۔ مہوش حیات نے سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر شیئر کی جس میں ان کے چہرے پر مونچھیں نظر آرہی ہیں۔ مہوش نے اس تصویر کے ساتھ پیغام میں لکھا ’’بھائی آپ سب لوگوں کو کوئی غلط فہمی ہوئی ہے۔ مجھے یہاں کنفیوزن (الجھن) دور کرنے دیں۔ دراصل وہ میں ہوں جو ’’دی کراؤن‘‘ میں ڈاکٹر حسنات کا کردار ادا کررہی ہوں۔ افواہیں پھیلانے والے اب آرام کرسکتے ہیں۔ تاہم مہوش حیات نے بعد میں اسے مذاق قرار دیا اور اس بات کی تصدیق کی کہ ’’دی کراؤن‘‘ میں ڈاکٹر حسنات کا کردار ہمایوں سعید ہی ادا کررہے ہیں۔ مہوش نے اپنے ساتھی اداکار کو انٹرنیشنل پلیٹ فارم پر، پرفام کرنے کا موقع ملنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا، سنجیدگی سے، ہمایوں سعید میں آپ کے لیے بہت خوش ہوں۔ ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں، مبارک ہو‘‘۔ واضح رہے کہ ’’دی کراؤن‘‘ میں کردار ادا کرنے سے متعلق فی الحال ہمایوں سعید نے خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔ تاہم صحافی حسن زیدی اور حسن چوہدری نے ٹوئٹر پر ’’دی کراؤن‘‘ میں ڈاکٹر حسنات کے کردار کے لیے ہمایوں سعید کو کاسٹ کیے جانے کی تصدیق کی ہے۔ اس کے علاوہ اداکارہ ماہرہ خان نے بھی ہمایوں سعید کو مبارکبا ددی ہے۔

لتا منگیشکر کورونا کیساتھ نمونیا میں بھی مبتلا، آئی سی یو میں داخل

ممبئی: (ڈیلی خبریں) سُروں کی ملکہ لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر کو کورونا کے ساتھ نمونیا کی بھی تشخیص ہوئی ہے گلوکارہ اس وقت انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل ہیں۔ گزشتہ روز لتا منگیشکر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی خبریں منظر عام پر آئی تھیں جس کے بعد انہیں ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ تاہم اب تازہ ترین خبر آئی ہے کہ سُروں کی ملکہ لتا منگیشکر نمونیا میں بھی مبتلا ہیں جس کے بعد انہیں آئی سی یو (انتہائی نگہداشت) کے وارڈ میں داخل کردیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بریچ کینڈی اسپتال کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر پرتت صمدانی جو پچھلے کئی برسوں سے 92 سالہ گلوکارہ لتا منگیشکر کی دیکھ بھال کررہے ہیں نے تصدیق کی ہے کہ لتا کو ہفتے کی رات اسپتال میں داخل کیا گیا تھا اور وہ نمونیا میں بھی مبتلا ہیں۔ دوسری جانب لتا منگیشکر کی بہن اوشا منگیشکر کووڈ پروٹوکولز کے باعث ان سے ملنے اسپتال نہیں جاسکیں تاہم وہ اپنی بہن کے لیے نہایت فکر مند ہیں اور مسلسل ڈاکٹرز سے رابطے میں ہیں۔ اوشا منگیشکر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ شاید ان کی بہن کو جلد ڈسچارج نہیں کیا جائے گا۔ ڈاکٹرز ان کی عمر کی وجہ سے انہیں مزید ایک یا دو دن اسپتال میں رکھیں گے۔ Continue reading لتا منگیشکر کورونا کیساتھ نمونیا میں بھی مبتلا، آئی سی یو میں داخل

پاکستانی پیسر نسیم شاہ کا ٹی 20 بلاسٹ میں گلوسٹرشائر سے معاہدہ

لندن: (ڈیلی خبریں) پاکستانی پیسر نسیم شاہ انگلش ٹوئنٹی 20 بلاسٹ ایونٹ میں گلوسٹرشائر کاؤنٹی کا حصہ بنیں گے۔ نوجوان بولر نسیم شاہ انگلش کاؤنٹی کو چیمپئن شپ سیزن کے پہلے ہاف اور بلاسٹ کے گروپ مرحلے میں دستیاب ہوں گے، 18 سالہ نسیم اب تک 9 ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ انھوں نے نومبر 2019 میں آسٹریلیا کیخلاف ڈیبیو کیا تھا، وہ 2022 میں گلوسٹرشائر کے 3 غیرملکی کرکٹرز میں شامل ہوگئے ہیں، جن کی تصدیق کائونٹی نے کردی ہے، اس میں دو پلیئرز تمام ایونٹس میں شریک ہوں گے۔ آسٹریلوی اوپنر مارکس ہیرس اور ظفرگوہر ضرورت کے مطابق کھیل میں شریک ہوں گے جبکہ نسیم شاہ کے جانے پر انھیں مکمل کنٹریکٹ مل پائے گا۔ نسیم کو جون میں ویسٹ انڈیز سے سیریز میں پاکستانی اسکواڈ میں طلب کیے جانے پر جلد جانے کی اجازت بھی رہے گی۔ رواں برس شاہین آفریدی نے مڈل سیکس جبہ محمد رضوان نے سسیکس سے معاہدے کیے ہیں۔

بھارت سے میچز، پاکستان ’’بگ 4‘‘ سیریز میں قحط ختم کرنے کا خواہاں

لاہور: (ڈیلی خبریں) پی سی بی بھارت سے مقابلوں کا قحط ’’بگ فور‘‘ سیریز میں ختم کرنے کا خواہاں ہے جب کہ چیئرمین رمیز راجہ آئندہ آئی سی سی اجلاس میں پاکستان، بھارت،انگلینڈ اور آسٹریلیا پر مشتمل 4ملکی ٹی 20سیریز کرانے کی تجویز پیش کریں گے۔ ماضی میں آئی سی سی میں اجارہ داری قائم کرنے والا ’’بگ تھری‘‘ منصوبہ بنایا گیا، پہلے سے مالی طور پر مستحکم بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا کے مفادات کا تحفظ ملا،دیگر وسائل کیلیے ان کے محتاج ہوئے،بالآخر عالمی کرکٹ میں پائی جانے والی بے چینی کو دیکھتے ہوئے اس سسٹم سے باضابطہ طور پر جان چھڑالی گئی مگر اب بھی بھاری کمائی کے زیادہ مواقع انہی تینوں ملکوں کو باہمی مقابلوں میں ملتے ہیں،ان کی کوشش ہوتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ آپس میں کھیلتے ہوئے اپنی تجوریاں بھرلیں۔ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ عالمی کرکٹ میں چوتھی سپر پاور کے طور پر پاکستان کا نام بھی درج کروانے کے خواہاں ہیں،ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سابق کپتان آئندہ آئی سی سی اجلاس میں 4ملکی ٹی 20سیریز سالانہ طور پر کروانے کی تجویز پیش کریں گے،یوں نہ صرف کہ دیگر بڑی ٹیموں بلکہ روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کو بھی آپس میں باقاعدگی سے میچز کھیلنے کا موقع ملے سکے گا۔ یاد رہے کہ پڑوسی ملکوں کی مابین آخری باہمی سیریز2012/13 میں ہوئی تھی جب گرین شرٹس نے بھارت کا دورہ کیا تھا۔ اس کے بعد بھارتی حکومت سیاسی کشیدگی کا ملبہ کھیلوں پر گراتے ہوئے کھیلنے سے انکار کرتی رہی ہے،دونوں ٹیمیں صرف آئی سی سی ایونٹس میں ہی مقابل ہوتی رہی ہیں جن سے ریکارڈ کمائی بھی ہوتی رہی۔ چیئرمین پی سی بی نے اپنی پہلی پریس کانفرنس میں بھی کہا تھا کہ سیاسی مشکلات کے سبب فی الحال باہمی مقابلے تو ہوتے نظر نہیں آتے، سہ ملکی سیریز کے ضمن میں پیش رفت ہوسکتی ہے،بورڈ کے سربراہ اب 4ملکی سیریز کی تجویز پیش کرنے کیلیے تیار ہیں۔ اسی انٹرویو میں رمیزراجہ نے کہا کہ آسٹریلوی ٹیم کے رواں سال دورہ پاکستان کا بیتابی سے انتظار کیا جارہا ہے۔ پاکستان میں پیدا ہونے والے کینگرو کرکٹر عثمان خواجہ نے ساتھی کھلاڑیوں کو اس ٹور پر آمادہ کرنے کیلیے دل کو چھولینے والا بیان دیا ہے۔ یاد رہے کہ آسٹریلوی ٹیم 24سال بعد پاکستان آرہی ہے،اس دورہ میں 3ٹیسٹ، اتنے ہی ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں 3مارچ سے شروع ہونے والے پہلے طویل فارمیٹ کے مقابلے میں آمنے سامنے ہوں گی، کرکٹ آسٹریلیا اور کرکٹرز ایسوسی ایشن اس ٹور کے حوالے سے گرین سگنل دے چکے ہیں۔ رمیز راجہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے کئی بار آسٹریلوی کھلاڑیوں کو باور کروانے کی کوشش کرتے ہیں کہ ان کے دورہ پاکستان سے نئی نسل کے کرکٹرز، شائقین اور کھیل پر کیا مثبت اثرات مرتب ہوں گے، سیریز بھی ایک ایسے وقت میں شیڈول کی جارہی ہے کہ اسٹار کھلاڑیوں کی دستیابی میں دیگر مصروفیات آڑے نہ آئیں۔