All posts by Khabrain News

‘ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، معیشت کو ٹریک پر لائے، ریکارڈ قرض واپس کیا’

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) حماد اظہر نے کہا ہے کہ ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، معیشت کو ٹریک پر لائے، ریکارڈ قرض بھی واپس کیا، کورونا کے دوران دنیا بھر میں مہنگائی ہوئی، اثرات پاکستان میں بھی آئے، صحت کارڈ سے امیروں کے اسپتالوں میں غریب علاج کرا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سخت فیصلے کر کے معیشت کو سنبھالا، ن لیگ معیشت کو دیوالیہ ہونے کے قریب چھوڑ گئی، ہم نے ان کی معاشی پالیسیوں کو رد کر کے صحیح راستہ اپنایا، ان کی غلطیوں کی وجہ سے ہمیں سخت فیصلے کرنے پڑے، کورونا کے دوران سپلائی چین بند ہونے سے مہنگائی ہوئی۔
حماد اظہر کا کہنا تھا کہ فصلوں کی پیداوار (ن) لیگ دور سے زیادہ ہوئی، سب سے زیادہ یوریا کی فروخت 2021 میں ہوئی، ڈیمانڈ بڑھنے سے یوریا کی کمی آئی ہے، یہ اپنی بات کر کے چوروں کی طرح بھاگ جاتے ہیں، سندھ میں ریاست کا نظام کمزور ہوچکا ہے، عدالت کے ریمارکس ہیں کہ سندھ میں کوئی حکومت ہے ہی نہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے صرف 300 ارب کے ٹیکسز لگائے ہیں، لگائے گئے ٹیکسز ایڈجسٹ ایبل ہیں، منظور چپڑاسی کے اکاؤنٹ سے 4 ارب کہاں سے نکل آئے ؟ ہم نے نومبر، دسمبر اور جنوری میں ایل این جی کے 10 کارگو امپورٹ کیے، ان کے لگائے گئے ٹرمینلز کو 5 لاکھ ڈالر یومیہ دے رہے ہیں، ایل این جی کا ایک کارگو 10 ارب روپے کا ہے۔

شہباز شریف نے ایف آئی اے کی منی لانڈرنگ تحقیقات لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیں

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) شہباز شریف نے ایف آئی اے کی منی لانڈرنگ تحقیقات لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیں۔ درخواست امجد پرویز ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی گئی۔
درخواست میں نیب اور ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ ایف آئی اے نے بد نیتی پر تحقیقات شروع کیں، جیل میں بھی شامل تفتیش کیا گیا، ایف آئی اے کی تحقیقات میں اب تک شہباز شریف کا کوئی بے نامی اکاونٹ سامنے نہیں آیا، منی لانڈرنگ کا کیس احتساب عدالت میں زیر سماعت ہے، ایک ہی الزام پر دو کیس نہیں بنائے جاسکتے۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ حتمی فیصلے تک ایف آئی اے کو تحقیقات سے روکا جائے۔
درخواست میں عدال سے ایف آئی اے کی تحقیقات کو غیر قانونی قرار دینے کی استدعا کی گئی۔

حکومت کا عثمان مرزا ویڈیو کیس کی خود پیروی کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) وفاقی حکومت نے عثمان مرزا لڑکا، لڑکی تشدد اور جنسی ہراسگی کیس کی خود پیروی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف ملکیہ بخاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ عثمان مرزا لڑکا، لڑکی تشدد کیس میں ہونے والی پیش رفت کے بعد وزارت قانون و انصاف میں وفاقی وزیر قانون کی سربراہی میں اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزارت قانون و انصاف مذکورہ کیس کی خود پیروی کرے گی۔
ملکیہ بخاری نے کہا کہ خاتون کو برہنہ کرنے کی ناقابل تردید ویڈیو اور فرانزک بطور ثبوت ریکارڈ پر موجود ہے، ایسے عمل کرنے والے کو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیئے۔
واضح رہے کہ اجلاس میں وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم، پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف ملائیکہ بخاری اور آئی جی اسلام آباد شریک ہوئے۔

وزیراعظم عمران خان سے سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کی ملاقات

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) وزیراعظم عمران خان سے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کی ملاقات ہوئی ہے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیرِاعظم عمران خان سے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کی ملاقات ہوئی ہے۔ ملاقات میں ملک کی فضائی حدود کے دفاع سے متعلق پیشہ ورانہ امور پر گفتگو کی گئی۔

نواز شریف کی وطن واپسی کا معاملہ، اٹارنی جنرل نے پنجاب حکومت کو خط لکھ دیا

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی کے معاملے پر اٹارنی جنرل نے پنجاب حکومت کو خط لکھ دیا۔ خط میں نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس پر ماہرانہ رائے طلب کی گئی ہے۔
خط میں پنجاب حکومت کو کہا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹس پر ماہرین سے رائے لی جائے۔ ماہرین کی آراء کی روشنی میں ہی نواز شریف کی واپسی سے متعلق آئندہ کا لائحہ عمل اپنایا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر طبی ماہرین نے نواز شریف کی صحت بہتر قرار دی تو ان کے معالج سے رابطہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ نے نواز شریف کی عدم واپسی پر ان کے ضامن شہباز شریف کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہ کیا تھا۔ کابینہ نے اٹارنی جنرل کو ہدایت کی تھی کہ اس حوالے سے تمام قانونی آپشنز پر غور کرتے ہوئے عدالتوں سے رجوع کریں۔
کابینہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے عدالت میں بیان حلفی اور ضمانت واپسی کی خلاف ورزی کا مذاق اڑایا ہے۔ سابق وزیر اعظم جیل سے ضمانت پر رہائی کے بعد نومبر 2019 میں علاج کے بیرون ملک گئے تھے تاہم وہ اب تک واپس نہیں آئے۔

اے این ایف کا دائرہ اختیار ختم کرنے سے متعلق کیس،کے پی حکومت سے پیشرفت رپورٹ طلب

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) سپریم کورٹ نے خیبرپختونخوا میں اے این ایف کا دائرہ اختیارختم کرنے سے متعلق کیس میں صوبائی حکومت سے پیشرفت رپورٹ طلب کر لی، جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ سمگلنگ مافیا، نارکوٹیکس مافیا، لینڈ مافیا کو قانون کی گرفت میں لانا ضروری ہے۔
جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے درخواست پر سماعت کی، جسٹس عمرعطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ انسداد منشیات سے متعلق صوبائی حکومت کے قانون میں اختلاف کا جائزہ لیں گے، منشیات معاشرے کیلئے بہت بڑا مسئلہ ہے۔
پراسیکیوٹر اے این ایف نے بتایا کہ نئے قانون میں اے این ایف کے اختیارات کو محدود کر دیا، ایڈووکیٹ جنرل کے پی بولے کہ وزیراعظم نے اجلاس میں اے این ایف کو لیڈ ایجنسی کا رول دینےکی ہدایت کی ہے، انسداد منشیات کے قانون میں ترامیم کا مسودہ کابینہ نے منظورکر لیا ، اب صوبائی اسمبلی سے منظورہونا ہے۔

جسٹس عمرعطا بندیال کی بطورچیف جسٹس تعیناتی کی سمری ایوان صدرکو ارسال

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) جسٹس عمرعطا بندیال کی بطور چیف جسٹس تعیناتی کی سمری ایوان صدرکو ارسال کردی گئی ،چیف جسٹس گلزار احمد یکم فروری کو ریٹائر ہو جائیں گے۔
سیکرٹری وزارت قانون و انصاف کی جانب سے بھیجی گئی سمری کی مںظوری صدرمملکت دیں گے۔ جسٹس عمرعطا بندیال کی بطور چیف جسٹس تعیناتی کی منظوری کے بعد وزارت قانون و انصاف نوٹیفکیشن جاری کرے گی جس کے بعد جسٹس عمرعطا بندیال بطورچیف جسٹس آف پاکستان عہدے کا حلف 2 فروری کواٹھائیں گے۔

اردو بطور سرکاری زبان رائج نہ کرنے کے کیس میں وزارت تعلیم سے جواب طلب

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) سپریم کورٹ نے اردو کوسرکاری زبان کے طور پر رائج نہ کرنے کے توہین عدالت کیس میں وزارت تعلیم سے جواب طلب کر لیا۔
جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے توہین عدالت کیس کی سماعت کی، جسٹس عمرعطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ کے اردو کو سرکاری زبان کے طور پر رائج کرنے کے حکم پر عمل ہونا چاہیے، تعلیم کے علاوہ ایک چیزتربیت بھی ہوتی ہے، شہریوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ اپنی زبان کوزندہ رکھیں۔ باقی صوبے اپنی زبانوں کا تحفظ کررہے ہیں تو پنجاب کیوں پیچھے ہے؟ اردو زبان رائج کرنے کے معاملے کو اب سنجیدگی سے دیکھیں گے۔
عدالت نے قرار دیا کہ اردو کو عالمی زبان بنانا چاہیے، تعلیمی اداروں میں اردو زبان کو کوئی فروغ نہیں مل رہا، وفاقی حکومت نشاندہی کرے کہ اردو زبان رائج کرنے کے کون سے ادارے ہیں۔ عدالت نے پنجابی لٹریچر نہ پڑھانے پر پنجاب حکومت سے بھی جواب طلب کرلیا۔ کیس کی سماعت غیرمعینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی۔

سگریٹس پر 15 کروڑ روپے سے زائد کی ٹیکس چوری پکڑنے کا انکشاف

اسلام آباد: (ڈیلی خبریں) ایف بی آر نے غیر قانونی سگریٹ پر 15 کروڑ روپے کی ٹیکس چوری پکڑنے کا انکشاف کیا ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ان لینڈ ریونیو انفورسٹمنٹ نیٹ ورک اسکواڈز نے رواں ملی سال 2021-22 کی پہلی ششماہی(جولائی تا دسمبر) کے دوران غیر قانونی سگریٹ پر 15 کروڑ 61 لاکھ35 ہزار 55 روپے کی ٹیکس چوری پکڑنے کا انکشاف کیا ہے۔ اس عرصے کے دوران مجموعی طور پر 19 کروڑ 56 لاکھ 74 ہزار 652 روپے مالیت کے 8 کروڑ چار لاکھ 46 ہزار 800 غیر قانونی سگریٹ ضبط کئے گئے۔

باہمی تجارت مقامی کرنسیوں میں ہونی چاہیے، افغان قونصل جنرل

کراچی: (ڈیلی خبریں) افغانستان کے قائم مقام قونصل جنرل سعید عبدالجبار نے کہا ہے کہ افغانستان کا پہلا تجارتی شراکتدار پاکستان ہے جس سے افغانستان کی حکومت اور عوام مدد وتعاون کے طلبگار ہیں۔ افغانستان کے قائم مقام قونصل جنرل سعید عبدالجبار نے پاک افغان جوائنٹ چیمبر آف کامرس کے صدر زبیرموتی والا کے درمیان ہونے والے ملاقات میں کہا کہ افغانستان کی عوام فنڈز منجمد ہونے سے بدترین مسائل کے ساتھ مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔ قونصل جنرل نے PAJCCI پر زور دیا کہ وہ حکومت پاکستان سے افغانستان میں نقدی کی عدم دستیابی کی وجہ سے باہمی تجارت امریکی ڈالر کے بجائے پاکستانی روپے اور افغان کرنسی میں کرنے کی اجازت حاصل کرے افغانستان پاکستان کو اولین تجارتی پارٹنر سمجھتا ہے اور تجارتی حجم کو بڑھا کر پاکستان کی جانب سے مدد و تعاون کا طلبگار ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے پاس متنوع تازہ مصنوعات کے ساتھ معدنیات اور کوئلے کے بہت بڑے ذخائر ہیں جن کی پاکستان کو ضرورت ہے اور بھارتی مصنوعات سے جو خلا رہ گیا ہے اسے پاکستان آسانی سے پر کر سکتا ہے۔ پاک افغان جوائنٹ چیمبر کے صدر زبیر موتی والا نے کہا کہ PAJCCI وفد کو افغان تجارتی اداروں اور وزارتوں کے ساتھ ملاقاتوں کے لیے افغانستان کا دورہ کرنے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کو نہ صرف تجارتی بلکہ سماجی اور ثقافتی تعلقات کی تعمیر نو کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرنے کے لیے تمام اقدامات اٹھائے جائیں اور PAJCCI جیسے فورم معاشی اور عوام کے درمیان رابطے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔