All posts by Khabrain News

انڈر 19 ایشیا کپ: پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو شکست دے دی

انڈر 19 ایشیا کپ میں  پاکستان   نے بھارت کو سنسنی خیز مقابلے میں 2 وکٹوں سے شکست  دے دی۔

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے 238 رنز کا ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر میچ کی آخری گیند  پر حاصل کیا۔

پاکستان کو آخری اوور میں فتح کے لیے 8 رنز درکار تھے اور اس کی 3 وکٹیں باقی تھیں۔پہلی گیند پر وکٹ گرنے کے باوجود احمد خان نے شاندار بیٹنگ جاری رکھی اور آخری گیند پر جب فتح کے لیے دو رنز درکار تھے تو چوکا لگاکر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروادیا۔

پاکستان کی جانب سے محمد شہزاد نے 82 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ان کے علاوہ عرفان خان 33 ، معاذ صداقت ، رضوان محموداور احمد خان 29،29 رنز بناکر نمایاں رہے۔

بھارت کی جانب سے راج باوا نے 4 جبکہ راجوردھن ہنگارگیکر، روی کمار اور نشانت سندھو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان نے   ٹاس جیت کر پہلے بالنگ کرنے کا فیصلہ کیا  تھا جو کہ ابتداء میں بلکل درست ثابت ہوا  تھا جب پاکستان نے صرف 41 رنز پر 4  بھارتی کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیج دیا تھا۔

تاہم اس کے بعد بھارتی بلے بازوں نے ذمہ داری  سے کھیلتے ہوئے 49 اوورز میں  دس وکٹوں کے نقصان پر اسکور 237 رنز تک پہنچادیا تھا۔

بھارت کی جانب سے ارادھیا یادیو 50 ، راجوردھن ہنگارگیکر 33 اور کوشال تامبے 32 رنز بناکر نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے ذیشان ضمیر نے شاندار بالنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ اویس علی نے 2 جبکہ قاسم اکرم اور معاذ صداقت نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یاد رہے کہ   ابتدائی روز کھیلے گئے اپنے پہلے میچ میں بھارت نے میزبان یو اے ای اور پاکستان نے افغانستان کو شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کیا تھا۔

نئے پاکستان کا نعرہ لگانے والوں نے پرانے کو بھی تباہ کر دیا، حمزہ شہباز

مسلم لیگ ن کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ نئے پاکستان کا نعرہ لگانے والوں نے پرانے کو بھی تباہ کر دیا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں آج بھی مسلم لیگ ن کا کارکن ہوں۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے قوم سے جھوٹے وعدے کیے اور آج گھروں میں فاقے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج لوگوں کے پاس نئے کپڑے بنانے کے لیے پیسے نہیں ہیں۔ نیا پاکستان بنانے والوں نے کہا تھا ایک کروڑ نوکریاں دیں گے لیکن آج بجلی کا بل ادا کرنے کے لیے لوگوں کے پاس پیسے نہیں ہیں۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ آج لاکھوں لوگ بےروزگار ہو کر گھروں میں بیٹھے ہیں اسی لیے عمران نیازی سے مجھے نفرت نہیں لیکن ان پر غصہ ضرور ہوں کیونکہ نئے پاکستان کا نعرہ لگانے والوں نے پرانے کو بھی تباہ کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن جیلوں کا حساب نہیں مانگتی لیکن عوام کا احساس کریں اور سویلین بالادستی قائم ہونے تک جمہوریت کی گاڑی نہیں چل سکتی۔ یہ جعلی وزیر اعظم ہے جبکہ یہ ووٹ چور اور جھوٹا ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ساڑھے 3 سال میں اخلاقیات کا جنازہ نکال دیا گیا اور 200 ارب ڈالر لانے کا وعدہ آج تک پورا نہیں ہو سکا۔ تمام ملکی مسائل کا حل آزادانہ اور منصفانہ انتخابات میں ہے۔

نواز شریف کی برطانیہ سے بے دخلی کو سیاسی واپسی بنایا جارہا ہے، شہباز گل

معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی برطانیہ سے بے دخلی کو سیاسی واپسی بنایا جارہا ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی شہبازگل نے ٹوئٹ میں کہا کہ برطانیہ میں نواز شریف کے ویزہ کی توسیع رجیکٹ ہو چکی ہے، اس وقت اپیل میں ہیں لیکن انہیں پتہ ہے ویزہ رجیکٹ کر کے بے دخل کیا جائے گا اس لیے نواز شریف کے بے دخل ہونے کو ان کا واپس آنے کا سیاسی فیصلہ بنا کر پیش کیا جا رہا ہے۔

بھارت میں مسیحیوں کو ہندو مذہب اختیار کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے: امریکی میڈیا

بھارت میں مسیحی برادری پر مظالم کے تہلکہ خیز انکشافات امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز سامنے لے آیا، ہندو انتہا پسند مسیحی کمیونٹی کی عبادت گاہوں کو نقصان پہنچاتے ہیں ، زبردستی ہندو مذہب اختیار کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔
امریک یاخبار دی نیو یارک ٹائمز میں تہلکہ خیز انکشافات سامنے آئے ہیں، جس کے مطابق ہندو انتہا پسند عیسائیوں کی عبادت گاہوں کو نقصان پہنچاتے اور ان کو عبادت سے روکتے ہیں، عیسائیوں پر بڑھتے ظلم کی وجہ ہندو انتہا پسندانہ سوچ ہے جس کی وجہ سے اقلیت خود کو غیر محفوظ تصور کرتے ہیں، ہندو انتہا پسند بھارت میں رہنے والے عیسائیوں کو زبردستی ہندو مذہب اختیار کرنے پر مجبور کر رہے ہیں۔
نیو یارک ٹائمز کے مطابق موت کے خوف سے عیسائیوں خود کو ہندو ظاہر کرنا شروع کر دیا، عیسائیوں کے زیر تسلط چلنے والے خیراتی ادارے کو ہندو انتہا پسند وکلا نے بند کروانے کیلئے متعدد بار شکایت درج کروائیں، ہندو انتہا پسندبھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی مسلمانوں کے قتل عام کے ساتھ ساتھ عیسائیوں کی نسل کشی پر بھی خاموش۔
امریکی اخبار کے مطابق اقلیتوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف بھارتی وزیر اعظم کی خاموشی پر عالمی برادری کو شدید تحفظات ہیں، ہندو انتہا پسند مودی ہندوستان کو قوم پرست ملک بنانے کے خواہ ہیں۔

امریکا میں پولیس کی فائرنگ سے 14 سالہ لڑکی ہلاک

امریکا میں ملزم کے تعاقب میں پولیس کی کپڑوں کی دکان پر فائرنگ کی زد میں آکر 14 سالہ لڑکی ہلاک ہوگئی۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق لاس اینجلس پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک مسلح شخص دہشت گردی کی نیت سے مارکیٹ میں موجود ہے۔ تعاقب پر ملزم کپڑے کی دکان میں داخل ہوگیا۔
پولیس نے ملزم کو گرفتاری دینے کو کہا کہ تاہم وہ نہیں مانا جس پر پولیس اہلکار نے فائرنگ کردی۔ پولیس کی فائرنگ سے ملزم موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جب کی ایک گولی چینجنگ روم کے دروازے کو توڑتے ہوئے اندر موجود لڑکی کو لگ گئی۔
کپڑے تبدیل کرنے کے کمرے میں اپنی ماں کے ہمراہ موجود 14 سالہ لڑکی پولیس کی گولی لگنے سے موقع پر ہی ہلاک ہوگئی جب کہ ایک خاتون بھی زخمی ہوئیں جنھیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
لاس اینجلس پولیس چیف نے فائرنگ کی زد میں آکر میں 14 سالہ لڑکی کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مکمل تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔

ایچ آئی وی سے بچانے والا دنیا کا پہلا ٹیکہ ایف ڈی اے نے منظور کرلیا

امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی ( ایف ڈی اے ) نے دنیا کے پہلے انجیکشن کی اجازت دیدی ہے جو ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کو روکتا ہے اور ایڈز کے مرض کے شکار ہونے سے بچاسکتا ہے۔
اس کا بنیادی نام ایپریٹیوڈ رکھا گیا ہے جو ایچ آئی وی کے خطرے سے دوچار افراد کو اس موذی مرض سے بچاسکتی ہے۔ یوں وائرس سے بچانے والی ٹریووادا اور ڈیسکووی جیسی دوا کو روزانہ کھانے کی مشقت کم ہوجائے گی۔ یہ گولیاں جنسی عمل سے ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کو 99 فیصد روکتی ہیں۔
منظور شدہ انجیکشن کی پہلی دو خوراکیں ایک مہینے کے وقفے سے لگائی جاتی ہیں ۔ اس کے ہردوماہ بعد ایک ٹیکہ لگانا پڑتاہے۔
اس طریقہ علاج کو پری ایکسپوژر پروفائلیکسس کہا جاتا ہے اور صرف امریکہ میں ہی ایسے 12 لاکھ افراد ہے جو ابھی تو ایچ آئی وی کے جال میں نہیں آئے لیکن وہ جنسی طور پر اس کے گرفتار ہوسکتے ہیں ۔ ابتدائی تجربات سے معلوم ہوا کہ ایپریٹیوڈ انجیکشن نے دوا کے مقابلے میں قدرے زیادہ تاثیر دکھائی۔
پہلی آزمائش میں 4600 نارمل مردوں اور ٹرانس جینڈر خواتین کو یہ ٹیکے لگائے گئے۔ ٹرانس جینڈر خواتین کا مردوں سے جنسی ملاپ عام معمول تھا۔ ان میں ایپریٹیوڈ کا ٹیکہ 69 فیصد تک مؤثر ثابت ہوا۔ پھر دوسری آزمائش میں مزید 3200 ٹرانس جینڈر خواتین کو یہ انجیکشن لگایا گیا تو ایچ آئی وی سے 90 فیصد بچاؤ سامنے آیا۔
انجیکشن کی ایک خوراک کی قیمت 3700 ڈالر ہے جبکہ چھ ٹیکوں کی کل قیمت 22200 ڈالر ہوگی۔

پاکستانی نژاد امریکی خاتون کے اغوا کا کیس حل، سابق شوہر نے قتل کا اعتراف کر لیا

اغوا ہونے والی پاکستانی نژاد امریکی خاتون کے اغوا کا کیس حل ہوگیا، وجیہہ سواتی اغواء کیس کی تحقیقات میں پیشرفت ہوئی ہے، سابق شوہر رضوان حبیب نے وجیہہ کے قتل کا اعتراف کرلیا ہے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق سابق شوہر رضوان حبیب نے وجیہہ کے قتل کا اعتراف پولیس تفتیش کے دوران کیا۔ ملزم نے اپنی سابقہ اہلیہ کو پاکستان پہنچتے اغوا کیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ وجیہہ کو 16 اکتوبر کو ہی قتل کردیا گیا تھا، ملزم رضوان نے وجیہہ کی لاش ڈیرہ اسماعیل خان میں دفن کردی تھی۔
تفتیشی ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملزم رضوان کے والد بھی قتل میں مدد کے الزام میں گرفتار ہیں جبکہ آر پی او راولپنڈی کی ہدایت پر پولیس ٹیم لاش برآمدگی کے لیے ڈی آئی خان روانہ ہوگئی ہے۔
وجییہ سواتی کی لاش برآمدگی کے بعد راولپنڈی منتقل کی جائے گی، ملزم رضوان حبیب 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی حراست میں ہے۔

کراچی میں جرائم بڑھ گئے، مرتضیٰ وہاب کا بھی اعتراف

کراچی میں ایک سال کے دوران جرائم کی شرح مزیدبڑھ گئی جس کا اعتراف ایڈمنسٹریٹر مرتضیٰ وہاب کی جانب سے بھی کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق سال 2020 میں کراچی میں 20،743 موبائل فون چھینے گئے لیکن رواں سال اس تعداد میں اضافہ ہوا اور مجموعی طور پر 24130 موبائل فون اسٹریٹ کرمنلز کے ہاتھ آئے۔ پولیس رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ گزشتہ سال کراچی میں 1560 گاڑیاں چھینی گئیں یا چوری ہوئیں،جن کی تعداد سال 2021 میں بڑھ کر 2060 ہوگئی۔ پولیس کے مطابق سال 2020 میں کراچی سے تقریباً ساڑھے 35 ہزار موٹرسائیکلیں چھینی یا چوری کی گئیں لیکن رواں سال اب تک یہ تعداد 50 ہزار تک جا پہنچی ہے۔ پولیس رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہےکہ گزشتہ سال شہر قائد میں 507 افراد قتل کیے گئے اور رواں سال اب تک یہ تعداد 541 ہوگئی ہے، اسی طرح گزشتہ سال اغوا برائے تاوان کی 24 اور رواں سال 55 وارداتیں ہوئیں۔ رپورٹ کے مطابق سال 2020 میں کراچی میں بھتے کی 151 اور اس سال 116 وارداتیں ہوئیں۔ مرتضیٰ وہاب کا اعتراف دوسری جانب شہر کے ایڈمنسٹریٹر مرتضیٰ وہاب نے وارداتوں میں اضافے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہےکہ معاشی حالات کی وجہ سے اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافہ ہورہاہے، کراچی نے بہت برا وقت دیکھا ہے لیکن شہر کی صورتحال 14-2013 کے مقابلے میں کافی بہتر ہے ۔

بہت جلد کچھ ہونے والا ہے اور ایک دم بڑا دھماکا ہوگا، ایاز صادق کی پیش گوئی

سابق اسپیکر قومی اسمبلی و مسلم لیگ (ن) ایاز صادق نے ملکی سیاست کے حوالے سے پیش گوئی کردی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق کا کہنا تھاکہ ن لیگ ان ہاؤ س تبدیلی کیلئے تیار نہیں ہے، ہم حکومت میں آکر نہیں بیٹھنا چاہتے، ہم ملک کی بہتری چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ نواز شریف بہت سے لوگوں سے ملاقات کرتے ہیں، اگر افواہیں ہیں کہ لوگ نواز شریف سے ملنے جارہےہیں تو کیوں جارہےہیں؟ نواز شریف کا ووٹ بینک ٹوٹنے کے کوئی چانسز نہیں ہیں۔
لیگی رہنما کا کہنا تھاکہ پارٹی کی قیادت کون کرے گا، نواز شریف فیصلہ کریں گے، ہوسکتاہے وہ واپس آجائیں، نواز شریف کب واپس آئیں گے یہ اللہ بہتر جانتا ہے۔
انہوں نے پیش گوئی کی کہ بہت جلد کچھ ہونے والا ہے، ایک دم بڑا دھماکا ہوگا لیکن اگر ابھی بتا دیا تو اس کے خلاف کام شروع ہوجائے گا۔

الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری کا معاملہ، اسد عمر اور خواجہ سعد رفیق کی بیٹھک

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے دو ممبران کی تقرری کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے دوبڑے رہنماؤں کی ملاقات ہوگئی۔
پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ای سی پی کے دو ممبران کی تقرری کے معاملے پر وفاقی وزیر منصوبہ اسد عمر اور ن لیگی رہنما اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی ملاقات ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اسد عمر اور خواجہ سعد رفیق کی ملاقات میں الیکشن کمیشن ممبران کی تقرری کے معاملے میں پیشرفت ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومتی اور اپوزیشن رہنماؤں کی اس ملاقات میں کوٹہ سسٹم کے بجائے غیر جانبدار ممبران کو ای سی پی میں لانے پر اتفاق ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسد عمر اور خواجہ سعد رفیق نے دوران گفتگو تجویز کردہ ناموں پر مزید مشاورت کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔