All posts by Khabrain News

کوئٹہ میں سائنس کالج کے باہر دھماکا، 3افراد جاں بحق

کوئٹہ میں جناح روڈ پر واقع سائنس کالج کے مرکزی دروازے کے قریب دھماکا ہوا ہے، پولیس کے مطابق واقعے میں 3 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوگئے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں اور لاشوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔

پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور غیر متعلقہ افراد کو اس مقام سے دور رکھا جارہا ہے۔ پولیس نے دھماکے کی نوعیت جاننے کیلئے تحقیقات شروع کردیں۔

پی ٹی آئی پاکستان کی مقبول اور منظم ترین سیاسی قوت ہے: عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف پاکستان کی مقبول اور منظم ترین سیاسی قوت ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا، چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اجلاس کی صدارت کی، وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر سمیت سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اراکین نے شرکت کی۔
اجلاس میں تحریک انصاف کے آئین پر نظرِثانی کیلئے قائم کردہ خصوصی کمیٹی کی پیش کردہ سفارشات پر غور کیا گیا اورچیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے نظرِثانی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں نئی آئینی سکیم کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم نے سیکرٹری جنرل کی قیادت میں نئے نامزد کردہ ذمہ داران کو نچلی ترین سطح تک تنظیم سازی کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے کی فوری ہدایت کر دی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف پاکستان کی مقبول اور منظم ترین سیاسی قوت ہے، سیاسی و انتظامی طور پر نچلی ترین سطح تک عوام کو بااختیار بنانے کے ہدف کی جانب بڑھ رہے ہیں، قومی تعمیر و ترقی کے عمل میں سماج کے غریب طبقے کی بہبود پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، صحت کارڈ سے سستے راشن کی اسکیموں تک حکومت فلاحی ریاست کی طرز پر عوامی بہبود پر غیر معمولی وسائل صرف کررہی ہے، کارکنان تحریک انصاف کی حکومت کے فلاحی منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے عمل میں شرکت کریں، تحریک انصاف کے تنظیمی ذمہ داران ہر سطح پر خود کو منظم اور آئندہ کے سیاسی چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کی تیاری کریں۔

عمر ایوب کو کابینہ نجکاری کمیٹی کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹا دیا گیا

وزیراعظم نے وفاقی وزیر عمر ایوب کو کابینہ نجکاری کمیٹی کے چیئرمین کے عہدے سے ہٹا دیا۔ عمر ایوب کو کابینہ کمیٹی سرکاری ملکیتی اداروں کے چیئرمین کے عہدے سے بھی ہٹا دیا گیا۔ وفاقی وزیر دونوں کابینہ کمیٹیوں کے رکن بھی نہیں رہے۔
وزیراعظم نے کابینہ نجکاری، سرکاری ملکیتی اداروں کی کمیٹوں کی تشکیل نو کر دی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی وزیر شوکت ترین کابینہ نجکاری، سرکاری ملکیتی اداروں کی کمیٹیوں کے چیئرمین ہوں گے۔ وفاقی وزراء، توانائی، مواصلات، صنعت و پیداوار، وفاقی وزراء قانون، منصوبہ بندی اور نجکاری، وفاقی وزراء توانائی، نجکاری، صنعت و پیداوار کابینہ کمیٹی نجکاری کے ارکان میں شامل ہیں۔
خیال رہے وفاقی وزیر عمر ایوب کو چیئرمین ای سی سی کے عہدے سے بھی ہٹایا جا چکا ہے۔ وفاقی وزیر اقتصادی امور عمر ایوب تینوں کابینہ کمیٹیوں کے چیئرمین تھے۔ شوکت ترین کے مشیر خزانہ کے بننے کے بعد عمر ایوب کو کمیٹیوں کا چیئرمین بنایا گیا تھا۔

ہوا کی طاقت سے 10,000 یونٹ سالانہ بجلی بنانے والی دیوار

ایک امریکی ڈیزائنر ’جو ڈوسے‘ نے ہوا سے بجلی بنانے والی دیوار ایجاد کرلی ہے جو بہت کم جگہ گھیرنے کے باوجود پورے سال میں تقریباً دس ہزار یونٹ جتنی بجلی بنا سکتی ہے۔
اس دیوار کو ’وِنڈ ٹربائن وال‘ کا نام دیا گیا ہے جس کے مختلف خوبصورت ڈیزائن بھی تیار کیے جاچکے ہیں۔
ایسی ہر دیوار میں درجنوں ہلکی پھلکی پنکھڑیاں نصب ہیں جو تھوڑی سی ہوا چلنے پر بھی گھومنے لگتی ہیں جس سے بجلی بننے لگتی ہے۔
اس ’وِنڈ ٹربائن وال‘ کی چوڑائی 24 فٹ جبکہ اونچائی 8 فٹ ہے، یعنی یہ اوسط رقبے والے ایک مکان کی چھت پر آسانی سے نصب کی جاسکتی ہے۔
اسے بڑے مکان کی راہداری میں بھی رکھا جاسکتا ہے جبکہ یہ دفتروں کی زینت بھی بن سکتی ہے۔
اس دیوار سے نہ صرف بجلی کا بِل کم کرنے میں مدد ملے گی بلکہ یہ گھروں اور دفاتر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ کرے گی۔
واضح رہے کہ کوئلے، تیل اور گیس کے تیزی سے کم ہوتے ہوئے قدرتی ذخائر اور مسلسل بڑھتی آلودگی کی وجہ سے آج دنیا بھر میں توانائی کے ایسے متبادل ذرائع پر بہت زیادہ کام ہو رہا ہے جو ماحول دوست ہونے کے ساتھ ساتھ ہماری ضروریات بھی بخوبی پوری کرسکیں۔
اسی بناء پر ہوا سے بجلی کی پیداوار یعنی ’وِنڈ پاور‘ کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے کیونکہ یہ نسبتاً سادہ اور آسان بھی ہے۔
اس وقت دنیا بھر میں ہوا کی طاقت سے 743 گیگا واٹ بجلی بنائی جا رہی ہے۔ امید ہے کہ 2030 تک دنیا بھر میں بجلی کی کم از کم 20 فیصد ضرورت ہوا کی طاقت ہی سے پوری کی جارہی ہوگی۔

آئی سی سی ون ڈے پلیئر آف دی ایئر کیلئے نامزد کھلاڑیوں میں بابر اعظم بھی شامل

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے پلیئر آف دی ایئر کے لیے نامزد کھلاڑیوں میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم بھی شامل ہیں۔

آئی سی سی نے گزشتہ روز سال کے بہترین ٹی ٹوئنٹی کھلاڑی کے لیے 4 نامزدگیاں کی تھیں جس میں پاکستان کے محمد رضوان، سری لنکا کے ہسا رنگا، آسٹریلیا کے مچل مارش اور انگلینڈ کے جوز بٹلر کا اعلان کیا تھا۔

اب آئی سی سی نے ون ڈے کے پلئیر آف دی ایئر کے لیے بھی نامزدگیوں کا اعلان کر دیا ہے۔

آئی سی سی کی جانب سے ون ڈے کےلیے نامزد کردہ بہترین کھلاڑیوں میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم کے علاوہ بنگلا دیش کے شکیب الحسن، جنوبی افریقا کے ینامن ملان اور آئرلینڈ کے پال اسٹرلنگ بھی شامل ہیں۔

خیبر میل میاں چنوں ریلوے اسٹیشن کے قریب پٹڑی سے اُتر گئی، جانی نقصان نہیں ہوا

کراچی آنے والی خیبر میل ایکسپریس کو میاں چنوں کے قریب حادثہ پیش آیا جس میں ٹرین کے بریک فیل ہوگئے۔

ریلوے ذرائع کے مطابق لاہور سے کراچی آنے والی خیبرمیل ایکسپریس کی میاں چنوں کے مقام پر کئی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں تاہم حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ خیبر میل کے ڈرائیوز نے قریبی عزیز کے انتقال پر چارج چھوڑا اور دوسرے ڈرائیور کو ٹرین کا چارج دیا جس پر چارج لینے آنے والے ڈرائیور نے بریکنگ پاور کو چیک نہیں کیا جس وجہ سے ڈرائیور بریک پر کنٹرول نہ رکھ سکا۔

ذرائع کے مطابق ٹرین کوبریک فیل ہونےکےباعث لوپ لائن پر منتقل کیاگیا جس کے بعد اسے میاں چنوں پر روک لیا گیا ۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ حادثے کے بعد ٹیکنیکل ٹیم کو ملتان سے طلب کرلیا گیا ہے۔

روس ٹیلر کا بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوش ہونے کا فیصلہ

نیوزی لینڈ کے بلے باز روس ٹیلر نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ بنگلہ دیش کے ساتھ 2 میچوں کی سیریز کے بعد ٹیسٹ کرکٹ سے سبکدوش ہوجائیں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق روس ٹیلر محدود اوورز کی بین الاقوامی کرکٹ میں آخری میچ آسٹریلیا اور نیدر لینڈز کے خلاف کھیلیں گے۔

37 سالہ روس ٹیلر نے اپنا ٹیسٹ ڈیبیو 2007ء میں کیا تھا اور اس کے بعد سے وہ کیویز کے لیے اہم کھلاڑی رہے ہیں۔ انہوں نیوزی لینڈ کے لیے کھیلے گئے 110 میچوں میں 44.87 کی اوسط سے 7 ہزار 584 رنز اسکور کیے ہیں۔

ان کا شمار ان 4 کیوی کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے 100 سے زائد ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں، ان کے پاس بین الاقوامی ایک روزہ میچوں میں 8 ہزار 581 رنز اور 21 سنچریاں بنانے کا قومی ریکارڈ بھی موجود ہے، وہ دنیا کے پہلے ایسے کھلاڑی ہیں جنہوں نے تمام فارمیٹ میں ایک سو بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ’یہ ایک حیرت انگیز سفر رہا ہے اور میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنے پر خود کو ناقابل یقین حد تک خوش قسمت محسوس کرتا ہوں۔

’اس کھیل کے کچھ عظیم کھلاڑیوں کے ساتھ اور ان کے خلاف کھیلنا اور اس دوران بہت ساری یادیں سمیٹنا اور دوستیاں بنانا ایک اعزاز کی بات ہے۔ لیکن تمام اچھی چیزوں کا خاتمہ ہونا ہے اور میرے لیے یہی وقت صحیح محسوس ہوتا ہے۔

اسمبلی میں شہبازشریف کی تقریر نوکری کی درخواست ہوتی ہے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اسمبلی میں شہبازشریف کی تقریر نہیں ہوتی جاب ایپلی کیشن ہوتی ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس جاتے ہوئے میڈیا سے غیر رسمی بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہر تین ماہ بعد کہا جاتا ہے کہ حکومت مشکل میں ہے، حکومت کسی مشکل میں نہیں ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کہا جاتا ہے نواز شریف آج آرہے ہیں کل آرہے ہیں، نواز شریف جب سعودی عرب گئے تھے تب بھی یہی سن رہے تھے جب تک سمجھوتا نہیں ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ شہباز شریف کی تقریر نوکری کی درخواست ہوتی ہے۔

سابق افغان صدر اشرف غنی بھی سال 2021 کی کرپٹ ترین شخصیات میں شامل

واشنگٹن: سال 2021 کی کرپٹ ترین شخصیات میں افغانستان کے سابق صدر  اشرف غنی اور ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کا نام بھی شامل ہے۔

منظم جرائم اور کرپشن سے متعلق رپورٹنگ کے گروپ آرگنائزڈ کرائم اینڈ کرپشن رپورٹنگ پراجیکٹ (او سی سی آر پی )نے کرپٹ پرسن آف دی ایئر کے لیے یورپی ملک بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کا انتخاب کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بیلاروس کے صدر کا بحیثیت کرپٹ ترین شخصیت انتخاب صحافیوں اورا سکالرز کے ایک پینل نے متفقہ طور پر کیا۔

اس فہرست میں  الیگزینڈر کے مدمقابل سابق افغان صدر اشرف غنی، ترکی کے صدر رجب طیب اردوان، شامی صدر بشارالاسد اور آسٹریا کے سابق چانسلر سیبستیان کرز کے نام بھی شامل ہیں۔

خیال رہے کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد اشرف غنی ملک سے فرار ہوگئے تھے اور ان پر الزام عائد کیا گیا تھاکہ ملک سے فرار کے وقت وہ پیسوں سے بھری 4 گاڑیاں اور ایک ہیلی کاپٹر ساتھ لے کر گئے۔

ایران کی عدم استحکام پھیلانے والی پالیسی پرتشویش ہے،شاہ سلمان

ریاض: سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان کا کہنا ہے کہ ایران کی عدم استحکام کی کارروائیاں باعث تشویش ہیں۔

سال کے اختتام پرکی جانے والی تقریر میں سعودی عرب کے شاہ سلمان کا کہنا تھا کہ ایرانی حکومت کی خطے کے استحکام اورامن کو نقصان پہنچانے والی پالیسی پرگہری تشویش ہے۔ایران کی حوثی باغیوں کی حمایت کی وجہ سے یمن جنگ کا شکار ہے۔

شاہ سلمان کا مزید کہنا تھا کہ ایران اپنے نیوکلئیرپروگرام کے حوالے سے عالمی برادری سے تعاون نہیں کررہا۔ایران سعودی عرب کا پڑوسی ہے۔ توقع ہے کہ وہ خطے میں اپنے منفی رویے اورپالیسی کوتبدیل کرتے ہوئے مذاکرات اورتعاون کی طرف آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب عالمی امن کے لئے مرکزی کردار ادا کرتا رہے گا۔