All posts by Khabrain News

جی سیون ممالک کی تنبیہ، روس نواز فورسز کی یوکرائنی سرحد کے قریب مشقیں

جی سیون ممالک کی تنبیہ کے بعد روس نواز فورسز نے یوکرائن کی سرحد کے قریب مشقیں شروع کر دی ہیں۔
روسی ٹی وی کے مطابق اسلحے سے لیس فوجی سفید یونیفارم پہنے منفی دس ڈگری سینٹی گریڈ پر حملہ کرنے کی مشق کرتے رہے، مشقوں میں جدید اسلحے سمیت برف پر چلنے والی گاڑیوں نے بھی حصہ لیا، مشقیں اس وقت کی جا رہی ہیں جب جی سیون ممالک کی جانب سے روس پر یوکرین پر حملہ کرنے سے باز رہنے کیلئے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

بھارتی آل راؤنڈر ایشون محمد رضوان، بابر اعظم اور شاہین آفریدی کے مداح نکلے

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سپنر روی چندر ایشون نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں محمد رضوان، بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کے مداح ہیں۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھارتی کھلاڑی نے پاکستانی ٹیم میں شاندار ٹیلنٹ کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پسندیدہ پاکستانی کرکٹرز بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی ہیں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں کافی عرصے سے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو فالو کر رہا ہوں، اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ ایک شاندار کھلاڑی ہیں اور اپنی ہر نئی اننگ میں بہترین فارم میں ہوتے ہیں۔
ایشون نے کہا کہ رضوان کے علاوہ مجھے بابر اعظم بھی بہت پسند ہیں، ان کی بیٹنگ کی صلاحیتیں کمال کی ہیں۔بابر اعظم کے بعد ایشون نے پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا نام لیا اور ساتھ یہ بھی کہا کہ پاکستانی ٹیم میں ہمیشہ اچھے کھلاڑی موجود رہے ہیں اور موجودہ پاکستانی ٹیم میں بھی باصلاحیت کرکٹرز موجود ہیں۔

ایشین چیمپئنز ہاکی ٹرافی؛ پاکستان اور کوریا کا میچ 3، 3 گول سے برابر

ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے میچ میں پاکستان اور کوریا کا میچ تین تین گول سے برابر رہا۔
پاکستان کی جانب سے رانا وحید نے 2 گول کیے، فراز نے ایک گول کرکے ٹیم کی پوزیشن کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ گول کیپر مظہر عباس، عماد بٹ نے بھی اچھی کارکردگی دکھائی۔
خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم نے جاپان کے خلاف میچ برابر کھیلا تھا۔ بھارت کے خلاف میچ میں قومی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پاکستانی ٹیم اب راؤنڈ میں آخری میچ بنگلا دیش کے خلاف کھیلے گی۔ پاکستانی ٹیم کے پوائنٹس ٹیبل پر پوائنٹس کی تعداد دو ہوگئی ہے۔

کیا وزیراعظم کی طرح عام پاکستانی بھی ویڈیولنک پر عدالت میں پیش ہوسکتا ہے، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ کیا عام پاکستانی بھی وزیراعظم کی طرح ویڈیولنک پر عدالت میں پیش ہوسکتا ہے۔
سراج الحق نے ایوان اقبال لاہور میں الخدمت یوتھ گیدرنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس شاہی چابی سے ہم نے دنیا کوفتح کیا آج بھی وہ قرآن کی صورت ہمارے پاس موجود ہےِ ، دنیا کو آج ایسے نظام کی ضرورت ہے جو لوگوں کو روٹی،کپڑا،مکان دے سکے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ اس وقت دنیا کا نظام عالمی سامراج کے شکنجے میں ہے، جماعت اسلامی کے پاس متبادل نظام موجود ہے، ہمارے پاس سود سے پاک بینکاری کا نظام موجود ہے، قرآن پاک کی روشنی میں سیاسی،قانونی اورمعاشی نظام موجود ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ شیروانی پہننے سے کوئی قائداعظم ثانی نہیں بن جاتا ہے، قائداعظم کردارکے غازی تھے،وہ ایک رول ماڈل تھے، انہوں نے آپ کی طرح کرپٹ لوگوں کو اپنے ارد گرد جمع نہیں کیا تھا، آج یہاں امیروں کے لیے الگ اور غریبوں کے لیے الگ انصاف ہے، کیا وزیراعظم کی طرح گھر بیٹھ کر ویڈیولنک کے ذریعے عدالتوں میں اپنا موقف پیش کرنے کی سہولت عام پاکستانیوں کو بھی میسر ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ ملک سے وی آئی پی کلچر ختم ہونا چاہیے، پاکستان میں انصاف تعلیم و علاج سب کےلئے ہو ، صرف مظلوم اور طالب علم وی آئی پی ہو، حکمران کہتے ہیں بڑا لیڈر وہی ہوتا ہے جو یوٹرن لیتاہے، نوکریوں کا وعدہ پاکستان میں کیا تھا لیکن ڈگری ہولڈر ملک سے باہر جا رہے ہیں ان کو اپنے ملک آنا چاہئے تھا، وزیراعظم گاڑی میں آنے کے بجائے ہیلی کاپٹر کو استعمال کرتے ہیں پھر کہتے ہیں وی آئی پی کلچر کو ختم کر دیں گے۔

او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا 17 واں اجلاس کل اسلام آباد میں ہوگا

او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا 17 واں اجلاس کل اسلام آباد میں ہوگا۔ او آئی سی کے رکن ممالک اور مبصرین کے وزرائے خارجہ شریک ہوں گے۔ اجلاس میں افغانستان میں معاشی و اقتصادی بحران سے نمٹنے پر مشاورت ہوگی۔
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کے مطابق وزرائے خارجہ کونسل اجلاس بلانے کی تجویز سعودی عرب نے دی۔ پاکستان نے کال کا خیر مقدم کیا تھا اور سیشن کی میزبانی کی پیشکش کی تھی۔ ترجمان نے کہا کہ اجلاس میں او آئی سی رکن ممالک اور مبصرین کے وزرائے خارجہ شریک ہوں گے، اقوام متحدہ، بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے نمائندے بھی شرکت کریں گے۔ امریکا، برطانیہ، فرانس، چین، روس، جرمنی، اٹلی سمیت غیر رکن ممالک کو مدعو کیا گیا ہے، جاپان، یورپی یونین اور افغانستان کی عبوری حکومت کی بھی نمائندگی ہوگی۔
او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں افغانستان میں انسانی المیے کے حوالے سے غور کیا جائے گا۔ افغانستان میں معاشی و اقتصادی بحران سے نمٹنے پر بھی مشاورت ہوگی۔ افغانستان میں خوراک و ادویات کی قلت اور بے گھر افراد کی امداد پر نئے پہلو تلاش کئے جائیں گے۔ او آئی سی وزراء خارجہ کا 17 واں اجلاس افغانستان کی مدد کے پاکستان کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

شمالی وزیرستان پاک فوج کا آپریشن، دو دہشت گرد ہلاک

سیکورٹی فورسز کے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں دہشتگرد کمانڈر غفور عرف جلیل فائرنگ تبادلے میں ہلاک ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے ضلع باجوڑ میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دہشتگرد کمانڈر غفور عرف جلیل فائرنگ ہلاک ہوگیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگرد کمانڈر غفور عرف جلیل متعدد دہشتگرد سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے، اور افغانستان میں موجود مولوی فقیر محمد کا قریبی ساتھی تھا۔

کھربوں روپے کھانے والوں کا عوامی سطح پر احتساب نہیں ہو رہا، شفقت محمود

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ کھربوں روپے کھانے والوں کا عوامی سطح پر احتساب نہیں ہو رہا۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کے معاملے پر پہل کی ہے اور اگر دنیا نے افغانستان کی مدد نہ کی تو وہاں مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ بین الاقوامی ڈپلومیسی میں آگے بڑھ کر وزیر اعظم لیڈ لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن کی جس طرح مذمت کرنی چاہیے وہ اس طرح نہیں ہو رہی۔ شہباز شریف کرپشن کا کیس دیکھ لیں وہ چپڑاسی کے نام پر اکاؤنٹ کھولتے ہیں جبکہ نواز شریف آج تک فلیٹس کے پیسے نہ بتا سکے۔
شفقت محمود نے کہا کہ آصف علی زرداری اور شرجیل میمن کی فائل ہی غائب ہوجاتی ہے۔ کرپشن پر ملکی ادارے کچھ کام کر رہے ہیں اور کچھ نہیں کر رہے۔ برے کو برا کہا جائے۔ اخلاقیات ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل کی لیکن خود ہی مؤخر کر دی۔ ضمنی الیکشن کی ساری سیٹیں ن لیگ نے جیتی ہیں لیکن جب انتخابات کا وقت آئے گا تو تحریک انصاف اگلا انتخاب بھی جیتے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کھربوں روپے کھانے والوں کا عوامی سطح پر احتساب نہیں ہو رہا۔

پاکستان میں اومی کرون کے پھیلاؤ کا خدشہ، اسد عمر نے عوام کو خبردار کردیا

نیشنل کمانڈ ایںڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر کا کہنا ہے کہ اومی کرون کے آتے ہی ویکسی نیشن کی ضرورت اور بھی بڑھ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ ایںڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب ساٰئٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ اومی کرون کےآتےہی ویکسی نیشن کی ضرورت اور بھی بڑھ گئی ہے، اب تک8کروڑ75لاکھ پاکستانی کم ازکم ایک خوراک لےچکےہیں اور 6کروڑافرادکومکمل طورپرویکسین لگائی جا چکی ہے۔
یاد رہے پاکستان میں اومی کرون کے دو کیسز سامنے آئے ہیں ، دونوں کیسز کراچی میں رپورٹ ہوئے ، کراچی کی 65 سالہ خاتون اور پینتیس سالہ شخص میں اومی کرون کی تصدیق ہوئی۔

اسلام آباد میں پولیس مقابلہ، 2 ڈاکو ہلاک، 3 پولیس اہلکار زخمی

اسلام آباد پولیس کیساتھ پولیس مقابلے میں بدنام زمانہ گینگ کے 2 ڈاکو ہلاک ہو گئے جبکہ 3 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کا بتانا ہے کہ بحریہ ٹاؤن فیز ایٹ میں پولیس ٹیم پر ڈاکوؤں کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس میں ایک اہلکار زخمی ہوا، تعاقب پر ڈاکو تھانہ روات کی حدود میں ہاؤسنگ سوسائٹی کے ایک گھر میں گھس گئے۔
ترجمان کے مطابق پولیس اہلکاروں نے گھر کو گھیرے میں لیا تو ڈاکوؤں نے دوبارہ پولیس ٹیم پر فائرنگ شروع کر دی، فائرنگ کے تبادلے میں 2 ڈاکو ہلاک ہوئے۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے اسلام آباد پولیس کے مزید 2 اہلکار زخمی ہو گئے۔
آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ فیز ایٹ سے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی تک ملزمان سے 3 بار فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور آپریشن کی خود نگرانی کرتا رہا۔
احسن یونس کا کہنا تھا کہ پولیس مقابلے میں مارے گئے ڈاکوؤں میں بلال گینگ کے واجد اور ارشد شامل ہیں جبکہ فرار ہونے والے 3 ڈاکوؤں کی تلاش جاری ہے۔

بھارت کا جنگی جنون برقرار، اگنی پرائم میزائل کا تجربہ

جنگی جنون میں مبتلا بھارت نے اگنی پرائم میزائل کا تجربہ کیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اگنی پرائم میزائل کا تجربہ اڑیسہ میں کیا گیا۔ اگنی پرائم میزائل 1000کلومیڑسے لے کر2000کلومیٹرتک ہدف کونشانہ بنا سکتا ہے۔
یہ بھارت کی جانب سے اگنی پرائم میزائل کا دوسرا تجربہ ہے۔اگنی پرائم میزائل کا وزن اگنی3 میزائل سے50فیصد کم ہے۔
جنگی جنون کا شکار بھارت ہتھیاروں کی مسلسل خریداری اورمیزائل تجربات کی وجہ سے خطے کے امن وسلامتی کے لئے خطرہ ہے۔