All posts by Khabrain News

روس میں کوئلے کی کان میں زہریلی گیس بھرنے سے ہلاکتیں 50 سے تجاوز کر گئیں

روس میں گزشتہ روز کوئلے کی کان میں زہریلی گیس بھر جانے سے ہلاک افراد کی تعداد 50 سے تجاوز کر گئیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق سائبیریا میں کوئلے کی کان میں زہریلی گیس لیکیج کے باعث ہلاک افراد کی تعداد 52 ہو گئی ہے اور تازہ ترین سانحے کو سویت یونین کے ٹوٹنے کے بعد روس میں کوئلے کی کان کا بدترین واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کوئلے کی کان میں پیش آنے والے واقعے میں 6 ریسکیو ورکرز بھی ہلاک ہوئے، ریسکیو ورکرز کان میں پھنسے درجنوں افراد کو نکالنے کے لیے کان کے اندر اترے تھے تاہم زہریلی گیس کی وجہ سے وہ بھی دم توڑ گئے۔

ریجنل انویسٹی گیشن ایجنسی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ناکافی انتظامات کے شبہے میں کان کے مالک سمیت تین عہدیداروں کو گرفتار کر لیا ہے اور حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

سعودیہ کی پاکستان پر پابندیاں ختم

پاکستان سے سعودی عرب جانے والے افراد کیلئے اچھی خبر سامنے آئی ہے، سعودیہ نے پاکستانی شہریوں کو  براہ راست ملک میں آنے کی اجازت دے دی ہے۔

اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ علامہ طاہر اشرفی نے بتایا کہ سعودى عرب نے پاكستان سے مسافروں كو براه راست آنے كی اجازت دےدی ہے۔

طاہر اشرفی نے کہا کہ سعودى عرب کی وزارت داخلہ اور قيادت كے فیصلے كا شکریہ ادا كرتے ہیں، سعودى عرب واپسی كے  منتظر ہزاروں پاکستانی  اب براہ راست سعودى عرب جا سكيں گے۔

سعودی حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اب پاکستان سمیت 6 ممالک جن میں بھارت، انڈونیشیا، مصر ، برازیل اور ویت نام بھی شامل ہیں، کے شہری کسی تیسرے ملک میں 14 روز کا قرنطینہ گزارے بغیر بھی مملکت میں داخل ہوسکتے ہیں۔

سعودی وزارت داخلہ کے مطابق نئی پالیسی کا اطلاق یکم دسمبر 2021 سے ہوگا۔

پاکستان کا شاہین ون اے بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ

پاکستان نے شاہین ون اے بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق زمین سے زمین پر مار کرنے والے شاہین ون اے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میزائل تجربے کامقصد ہتھیاروں کےنظام کے مخصوص ڈیزاِئن اورتکینکی پہلوؤں کا از سر نو جائزہ لینا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ڈی جی ایس پی ڈی لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی نے میزائل تجربے کامشاہدہ کیا۔
دوسری طرف کامیاب تجربے پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی،وزیراعظم عمران خان ،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی ہے۔

آرمی چیف سے اٹلی کے سیکرٹری جنرل ڈیفنس کی جی ایچ کیو میں ملاقات

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے  اٹلی کے  سیکرٹری جنرل ڈیفنس کی جی ایچ کیو میں ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں باہمی دلچسپی ، علاقائی سیکیورٹی اورافغانستان کی صورتحال پر بات چیت کی گئی، اس کے علاوہ ملاقات میں فوجی تعاون ،تربیتی امور اورانسداد دہشتگردی کے معاملات پر بھی  بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ  پاکستان عالمی  اورعلاقائی سطح پراٹلی کے کردار کو اہمیت دیتا ہے، پاکستان اٹلی کے ساتھ باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے، افغانستان میں بڑھتے انسانی بحران پر قابوپانے کےلیے منظم کوششوں کی ضرورت ہے،  افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق  اٹلی کے سیکرٹری جنرل نے پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارتوں کی تعریف کی،  اٹلی کے سیکرٹری جنرل نے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کا عندیہ دیا۔

سیکرٹری جنرل اٹلی نے کہا کہ  افغانستان اورعلاقائی صورتحال میں  پاکستان کا کردار قابل تعریف ہے۔

بنگلا دیش کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے 12 رکنی پاکستانی سکواڈ کا اعلان

ٹی ٹونٹی کے بعد ٹیسٹ سیریز کیلئے 12رکنی ٹیسٹ سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا، ٹیم میں امام الحق کی واپسی ہوئی ہے۔ کپتان بابراعظم اچھا پرفارم کرنے کیلئے پرعزم ہیں، پاکستان اور بنگلادیش پہلے میچ میں کل آمنے سامنے ہوں گے۔
پاکستان نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے اپنے 12 کھلاڑیوں کا اعلان کردیا گیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔ دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ٹیسٹ میچ 26 نومبر بروز جمعہ سے ظہور احمد چوہدری کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
میچ مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے شروع ہوگا۔ 12 رکنی سکواڈ میں بابر اعظم، محمد رضوان، عبداللہ شفیق، عابد علی، اظہر علی، فہیم اشرف، فواد عالم، حسن علی،امام الحق، نعمان علی،ساجد خان،شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 4 دسمبر سے شیر بنگلہ کرکٹ سٹیڈیم ڈھاکہ میں شروع ہوگا۔

یہ ہے وہ ذلت جو چند روز کے اقتدار کیلئے عمران خان نے کمائی ہے ، مریم نواز

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے لکھا کہ  یہ ہے وہ ذلت جو چند روز کے اقتدار کے لیے عمران خان نے کمائی ہے عبرت کا نشان عمران خان۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ  یہ تصاویر صرف پیٹرول کے لیے قطاروں کی نہیں بلکہ عوام کے کرب، تکلیف اور بے بسی کی داستان ،  میری دعا ہے انھی قطاروں میں عمران خان اور وزرا بھی کھڑے ہوں،  تاکہ انھیں پتہ چلے کہ عوام پر کیا قیامت ٹوٹی ہے، پاکستان کے عوام کو آٹا چینی اور اب پٹرول کے لیے قطاروں میں کھڑا کر دینا ،ظلم کی انتہا ہے، خلقِ خدا رُل رہی ہے، تڑپ رہی ہے مگر مجال ہے ظالم حکومت کو کوئی فرق پڑے؟ ۔

کابل میں دھماکہ ، ہلاکتوں کا خدشہ

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق  افغان دارالحکومت کابل دھماکے سے گونج اٹھا، مقامی ذرائع نے تصدیق کے مطابق کابل کے علاقے کارتے پروان میں ایک دھماکہ ہوا ہے۔جس میں ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکہ مقامی وقت کے مطابق  آج شام 4 بج کر 15 منٹ پر کابل کے کارتے پروان چوراہے پر ہوا۔ عینی شاہد وڈا نے بتایا کہ دھماکہ بارودی سرنگ سے ہوا ہے۔تاہم ابھی تک سیکیورٹٰی فورسز نے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

این اے 133سےتحریک انصاف کا میدان کھلا چھوڑنے کا اعلان

ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار  جمشید چیمہ نے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف سپریم کورٹ نہ جانے کا اعلان کر دیا۔

 نجی ٹی وی کے مطابق این اے 133 کے امیدوارجمشید چیمہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ریٹرننگ آفیسر نے میرے اور میری کورنگ امیدوار کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جس پر پہلے الیکشن ٹریبونل اور پھر ہائیکورٹ کیا گیا مگر دونوں جگہ پر ہماری اپیلیں مسترد کر دی گئیں ۔سپریم کورٹ گیا تو ایک ہفتہ لگے گا اور اس دوران انتخابی مہم نہیں کر پائیں گے۔

پٹرول پمپس کی ہڑتال کی آڑ میں کچھ گروپس 9 روپے کا اضافہ چاہتے ہیں: حماد اظہر

حماد اظہر نے کہا ہے کہ پٹرول پمپس کی ہڑتال کی آڑ میں کچھ گروپس 9 روپے کا اضافہ کروانا چاہتے ہیں، چند کمپنیوں کو نوازنے کے لئے 9 روپے کا اضافہ نہیں کیا جا سکتا۔
وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے اپنے بیان میں کہا کہ جائز مطالبات مانیں گے، ناجائز مطالبات تسلیم نہیں کریں گے، عوام کو پریشان کرنا درست نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطالبہ پر مارجن میں اضافے کی سمری پہلے ہی ای سی سی میں پیش کر دی گئی ہے، آئندہ اجلاس میں اس کا فیصلہ ہو جائے گا لیکن جائز مطالبہ تسلیم کیا جائے گا۔
حماد اظہر کا کہنا تھا کہ پٹرول پمپ مالکان کی مشکلات کا احساس ہے، پٹرول پمپ مالکان بھی عوام کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں۔

ترک معیشت کو سہارا دینے کیلئے امارات کا بھاری سرمایہ کاری کا اعلان

متحدہ عرب امارات نے ترکی کی معیشت کو سہارا دینے کے لیے بھاری سرمایہ کاری کا اعلان کردیا۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جانب سے ترکی میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا گیا ہے۔

عرب میڈیا کا بتانا ہےکہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے یہ اعلان امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید اور ترک صدر طیب اردوان کے درمیان بدھ کے روز انقرہ میں ہونے والی ملاقات کے بعد کیا گیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جانب سے ترکی میں سرمایہ کاری کا اعلان دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے ایک نئے باب کو کھولے گا۔

عرب میڈیا کا کہنا ہےکہ امارات کی جانب سے یہ اقدام ترکی کی معیشت کو سہارا دینے اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو بڑھانے کےلیے اٹھایا گیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری میں اسٹریٹیجک سرمایہ کاری سب سے اہم ہوگی جب کہ توانائی، صحت اور خوراک کے شعبوں کو بھی خاص اہمیت حاصل ہوگی۔

واضح رہےکہ ترکی کی کرنسی لیرا کی قدر میں گزشتہ روز تاریخی کمی آئی اور لیرا ڈالر کے مقابلے میں 15 فیصد تک نیچے آیا۔