Tag Archives: ch-shujat

اب کو ئی راستہ نہیں ۔۔شجاعت کی زیر صدارت 4جماعتی اتحاد بے واضح کر دیا

لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے) مسلم لیگ (ق) صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ نوازشریف کے پاس عزت سے استعفیٰ دینے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچا، مینوفیکچرنگ ڈیفکٹ سیاستدانوں میں نہیں نوازشریف میں ہے، پورا شریف خاندان صرف کرپشن ہی نہیں بلکہ عوام سے جھوٹ بولنے اور دھوکہ دہی کا بھی مرتکب پایا گیا، سانحہ ماڈل ٹاﺅن پر جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ فوری پبلک کی جائے۔ چودھری شجاعت حسین کی زیرصدارت چار جماعتی اتحاد کے اجلاس میں انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگی وزرا جے آئی ٹی رپورٹ کے حوالے سے ابہام پھیلا کر ملک کو تصادم کی طرف لے جانا چاہتے ہیں۔ مسلم لیگی قائدین نے کہا کہ نوازشریف کی ہٹ دھرمی ملک و قوم کیلئے بدنامی کا باعث بن رہی ہے۔ اجلاس کے دوران چودھری شجاعت حسین نے ٹیلیفون پر امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق سے بھی رابطہ کیا اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں طارق بشیر چیمہ ایم این اے، چودھری ظہیرالدین، محمد بشارت راجہ، سالک حسین اور پاکستان عوامی تحریک کے خرم نواز گنڈاپور شریک تھے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے صاحبزادہ حامد رضا اور مجلس وحدت المسلمین کے راجہ ناصر عباس سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا گیا۔

بڑی سیاسی پارٹی کے’ لیڈر ‘ کی زردار ی سے ملاقات کیلئے کراچی روانگی

لاہور (خصوصی رپورٹ)حکومت کیخلاف تمام اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنے کیلئے مسلم لیگ کے مرکزی صدر چودھری شجاعت حسین سرگرم ہوگئے ہیں، وہ آج کراچی روانہ ہوں گے جہاں پیپلزپارٹی رہنما آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے جس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور مستقبل کے لائحہ عمل کی منصوبندی کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کی وطن آمد سے ملک میں سیاسی صورتحال میں گہماگہمی نظر آرہی ہے آصف علی زرداری مختلف سیاسی جماعتوں اور دیگر شعبوں سے تعلقات رکھنے والے افراد سے ملاقاتیں کررہے ہیں اس حوالے سے مسلم لیگ ق کے مرکزی صدر چودھری شجاعت حسین جو ایک عرصہ سے تمام اپوزیشن جماعتوں کو اکٹھا کرنے کیلئے کوشاں ہیں وہ آج کراچی روانہ ہوں گے جہاں وہ مسلم لیگ ق کی صوبائی قیادت سے ملاقاتیں کرنے کے ساتھ ساتھ پیپلزپارٹی کے رہنما آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کریں گے، ذرائع کے مطابق اس حوالے سے دونوں پارٹیوں کے رہنماﺅں نے اس امر کی تصدیق بھی کی ہے۔