کیلیفورنیا (خصوصی رپورٹ) انگور میں موجود اجزاءنہ صرف موٹے افراد میں چکنائیاں ختم کرکے انہیں بلڈ پریشر اور امراضِ قلب سے بچاتے ہیں بلکہ انہیں مختلف قسم کے انفیکشن (امراض کے حملہ آور جراثیم) سے بھی محفوظ رکھتے ہیں۔ ڈیوس کیلیفورنیا میں واقع ویسٹرن ہیومن نیوٹریشن ریسرچ سنٹر کے ماہرین نے انگور اور سٹرابری میں موجود فائٹو کیمیکلز کا جائزہ لے کر کہا ہے کہ یہ خصوصاً فربہ افراد کے قدرتی دفاعی (امنیاتی) نظام کو مضبوط بناتا ہے۔ ماہرین کے مطابق موٹے افراد میں کسی سرجری کے بعد انفیکشن کا خطرہ 35 فیصد بڑھ جاتا ہے خواہ وہ بیکٹیریا سے ہو یا وائرس سے۔ اس سے ان میں انفیکشن کی تعداد بڑھ جاتی ہے۔ اس کے لیے ماہرین نے بہت سے افراد پر تجربات کئے۔ موٹے رضاکاروں کو 3 ہفتے تک انگور کا رس دیا گیا۔ اس دوران ان کے خون میں چکنائیوں کو نوٹ کیا گیا جن میں لپڈز شامل ہیں جو امنیاتی نظام پر اثرانداز ہوکر سوزش کی وجہ بن سکتے ہیں۔ جن مریضوں نے انگور کا جوس پیا تھا ان میں دیگر کے مقابلے میں ایل ڈی ایل کولیسٹرول کم تھا اور اس کی زیادتی دل کے امراض کی وجہ بن سکتی ہے۔