اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے کہا ہے کہ میری ساری زندگی جائے نماز پر گزری‘ زندگی میں سیکھا کہ عبادت بہت ضروری ہے۔ رب نے مجھے مہارانی کی طرح رکھا۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان بہت سادہ انسان ہیں‘ انہیں کسی چیز کا لالچ نہیں‘ وہ کپڑوں کے معاملے میں بے پروا ہیں‘ کوئی لیڈر ایسا ہو گا جس کے پاس صرف دو یا تین سوٹ ہوں‘ ان کے کھانے پینے میں بھی کوئی نخرے نہیں۔ اس صدی میں لیڈر خان صاحب اور ترکی کے صدر اردگان ہیں۔ پاکستان کی تقدیر عمران خان ہی بدلیں گے۔ عمران خان پیسہ بنانے نہیں‘ عوام کی خدمت کرنے آئے ہیں۔ ایسا نہیں کہ عمران خان کے پاس جادو کی چھڑی ہے تاہم تبدیلی آنے میں تھوڑا وقت لگے گا۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن بہت مضبوط ہے۔ اپوزیشن میں موجود تمام افراد عمران خان کے خلاف ہیں۔ وہ گھر آ کر شکرانے کے نفل ادا کرتے ہیں۔ پردے کا تعلق میری ذات اور رب سے ہے۔ تعریف نہیں کرسکتے تو تنقید بھی نہیں کرنی چاہئے۔ میرا ایمان ہے کہ پاکستان ایک مثالی ملک بنے گا۔
