سنگریڈی ، تلنگانہ(خصوصی رپورٹ)بھارت میں قیدی کی زندگی کو قریب سے دیکھنے کے خواہشمند خواتین و حضرات کے لیے ایک سروس شروع گئی ہے جس میں کچھ رقم ادا کر کے جرم نہ کرنے والے افراد بھی 24 گھنٹے جیل میں گزار سکتے ہیں۔بھارتی ریاست تلنگانہ کے محکمہ جیل نےجیل کو محسوس کرو کے نام سے ایک انوکھی سروس شروع کی ہے جس کے تحت ضلع سنگریڈی میں برطانوی دور کی بدنام زمانہ ڈسٹرکٹ جیل میں معمولی فیس ادا کرکے لوگ اس جیل میں ایک دن قیدیوں کی طرح گزارسکتے ہیں۔ یہاں آنے والوں کو قیدیوں کے لباس، کھانے کی اسٹیل پلیٹیں، گلاس، صابن اور جیل مینوئل کی دیگر سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں قیدیوں کا کھانا ہی فراہم کیاجاتا ہے۔جیل سے نکلتے وقت مہمان قیدیوں کو اپنی جگہ صاف کرنے اور ایک پودا لگانے کا حکم بھی دیا جاتا ہے۔ جیل کا قیدی بننے کے لیے 500 روپے کا ٹکٹ خریدنا پڑتا ہے۔ قیدیوں کو صبح ساڑھے 5 بجے جگادیا جاتا ہے۔ ذاتی صفائی اور اپنی جگہ صاف کرنے کے بعد انہیں ساڑھے 6 بجے بڑے دالان میں لے جایا جاتا ہے جہاں چائے دی جاتی ہے اس کے بعد ساڑھے 7 بچے چاول کا ڈوسہ دیا جاتا ہے۔اس کے بعد 11 بجے تک دوپہر کا کھانا فراہم کیا جاتا ہے جو جیل مینوئل کے مطابق ہوتا ہے جس میں دال چاول شامل ہوتے ہیں جب کہ 5 بجے رات کا کھانا دیا جاتا ہے جس میں سالن، چاول اور دہی شامل ہوتا ہے۔ اس کے بعد قیدیوں کو دوبارہ ان کے مخصوص قیدخانوں میں رکھا جاتا ہے اور اگلی صبح 6 بجے چھوڑ دیا جاتا ہے۔جیل انتظامیہ کے مطابق اب تک چند لوگوں نے ہی ان سے رابطہ کیا ہے۔ 220 سالہ قدیم جیل میں بہت سے لوگوں نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے لیکن اب تک کوئی بھی یہاں نہیں آیا ہے۔ جیل انتظامیہ نے بتایا کہ شاید اس کی وجہ یہ ہے کہ ہم موبائل فون اور ٹی وی کی اجازت نہیں دے رہے اور لوگ اسی وجہ سے یہاں آنے سے کترارہے ہیں۔