لاہور (خصوصی رپورٹ) سرکاری اداروں‘ بیوروکریسی میں حکومت مخالف مخبروں کی تلاش‘ جے آئی ٹی کو ریکارڈ کس نے دیا‘ میڈیا اور دیگر اداروں میں حکومتی لیٹر‘ کرپشن‘ سفارش اور دیگر معاملات کے حوالے سے انفارمیشن کون باہر نکالتا ہے‘ بیوروکریسی میں کون کون حکومت کے خلاف کام کر رہا ہے‘ ان (مخبروں) کی تلاش کیلئے حکومت نے اپنے مخبروں کی ڈیوٹی لگا دی۔ پولیس‘ ایف آئی اے ‘واپڈا‘ اینٹی کرپشن‘ جیل خانہ جات اور دیگر اداروں میں ایسے تمام افراد جو حکومت مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہو سکتے ہیں یا حکومت مخالف کوئی ثبوت دے سکتے ہیں ان کے حوالے سے معلومات اکٹھی کرنے کیلئے نہ صرف حکومتی مخبروں کو متحرک کر دیا گیا ہے بلکہ حکومت کے لاڈلے سرکاری افسران کو یہ ٹاسک بھی دے دیا گیا ہے کہ ایسے تمام سرکاری ملازمین کی نشاندہی کی جائے تاکہ ان کو فوری طور پر کھڈے لائن لگایا جائے یا دوسرے صوبوں میں بھیجا جائے۔ حکومتی ارکان اسمبلی اور وزراءسے بھی رائے لی جا رہی ہے کہ کون کون سے سرکاری افسران ان کی بات نہیں سنتے اور اپوزیشن کے ارکان کو زیادہ ترجیح دیتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں حکومت نے دیگر معاملات پر توجہ دینے کی بجائے بیوروکریسی کے اندر اپنی گرفت مضبوط کرنے اور مخالفین کو کھڈے لائن لگانے کا کام شروع کر رکھا ہے۔
