اوٹاوا (نیٹ نیوز) ماہرین کا کہنا ہے کہ 18 ماہ سے کم عمر بچوں کا سمارٹ فون استعمال کرنا خطرے سے خالی نہیں۔ یونیورسٹی آف ٹورنٹو کے محققین نے کم عمر بچوں کے سمارٹ فون استعمال کرنے اور اس کی صورت میں ہونے والے نقصانات پر تحقیق کی‘ جس کے بعد ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے بچے جو 18 ماہ سے کم عمری میں سمارٹ فون استعمال کرنا شروع کردیتے ہیں ان میں اپنی بات کو بیان کرنے کا اظہار کم ہونے کا امکان ہوتا ہے۔ تحقیق کرنے والی ڈاکٹر کیتھرین برکن کا کہنا ہے کہ موجودہ زمانے میں سمارٹ فون اور ٹیبلٹ کا استعمال عام ہے اور یہ چیزیں کم عمر بچوں کی رسائی میں ہیں تاہم یہ جاننا بھی ضروری ہے کہ کم عمر بچے سمارٹ فونز کے استعمال سے بیان کے اظہار سے محروم ہوسکتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ان کی تحقیق کے دوران اخذکردہ نکات والدین کو اپنے کم عمر بچوں کو سمارٹ فونز تھمانے کی حوصلہ شکنی کریں گے۔