لاہور(اے پی پی ) سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد نے کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم ٹی ٹونٹی اور ون ڈے کی طرح ٹیسٹ سیریز میں بھی ویسٹ انڈیز کے خلاف کلین سوئپ کرے گی اور بھارت سے مستقبل قریب میں آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن دوبارہ حاصل کرلے گی۔ جمعرات کو اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم متواز ن ہے ۔ باﺅلرز اور بلے باز بھرپور فارم میں ہیں اور بابر اعظم کی شمولیت سے ٹیم مزید مضبوط ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ قومی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میچ کو چار دن میں ختم کرکے فتح حاصل کرےگی اور مجھے پوری امید ہے کہ ٹیم ٹی ٹونٹی اور ون ڈے کی طرح ٹیسٹ میں بھی کلین سوئپ کرے گی۔ صادق محمد نے کہاکہ بھارت کی طرف سے پاکستان کے ساتھ کرکٹ میچز نہ کھیلنے کے دیئے گئے بیان کو پوری دنیا کے کھیلوں سے وابستہ شخصیات نے پسند کی نظر سے نہیں دیکھا۔ کھیلوں میں سیاست کو نہیں لانا چاہئے۔ بھارت اگر پاکستان کے ساتھ نہیں کھیلنا چاہتا تو نہ کھیلے پاکستان کو بھی اس کی پرواہ نہیں کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ جاوید میانداد اور شاہد آفریدی کے مابین تنازعہ افسوسناک ہے۔ جاوید میاندار ایک لیجنڈ کھلاڑی ہیں اور انہو ں نے شاہد آفریدی کو معاف کرکے بڑے پن کا ثبوت دیا ہے۔ دونوں کھلاڑی اب اس معاملے کو رفع دفع کردیں کیونکہ ان کی بیان بازی سے دنیا میں پاکستان کی پوزیشن خراب ہورہی ہے ۔