لاہور(خصوصی رپورٹ) واٹر جیننامی کمپنی کی تیار کردہ اس مشین کا انحصار ایک سادہ اور بنیادی سائنسی حقیقت پر ہے جسے (condensation) کہا جاتا ہے ۔ سکول کی سطح پر سائنس میں پڑھایا جاتا ہے کہ جب پانی کو گرم کیا جاتا ہے تو وہ بخارات یعنی گیس میں تبدیل ہوجاتا ہے اور جب آبی بخارات کو ٹھنڈا کیا جائے تو وہ پانی میں تبدیل ہوجاتے ہیں۔ اسی بنا پر ٹھنڈے پانی کے گلاس پر پانی کی بوندیں نمودار ہوجاتی ہیں جو دراصل ہوا میں موجود نمی کی مائع شکل ہوتی ہے ۔ یہ مشین بھی ٹھیک اسی اصول پر کام کرتی ہے ۔اس کے اندر نصب نظام ارد گرد کی ہوا اپنے اندر کھینچتا ہے اور اسے اتنا ٹھنڈا کرتا ہے کہ اس میں موجود آبی بخارات پانی میں تبدیل ہوجائیں اور پھر اس صاف پانی کو مشین کے اندر محفوظ کرلیا جاتا ہے جہاں سے ضرورت پڑنے پر نکالا جاسکتا ہے ۔ دور افتادہ علاقوں کی صورت میں اس مشین کو شمسی توانائی کی مدد سے بھی چلایا جاسکتا ہے ۔ بجلی کی موجودہ عالمی قیمتوں کے پیشِ نظر واٹر جین کی تیار کردہ یہ مشینیں صرف دس سینٹ میں 3.7 لٹر کی شرح سے پانی بناسکتی ہیں۔