پیانگ یانگ(این این آئی)شمالی کوریا نے جزیرہ نما کوریا میں جاری امریکی اور جنوبی کوریائی
جنگی مشقوں کے ردعمل میں اپنے جدید ترین اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کر لیا۔ شمالی کوریا کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق اس میزائل تجربے کی نگرانی ملک کے اعلی ترین رہنما کم جونگ ان نے خود کی جنہوں نے سائنسدانوں اور عسکری ماہرین کی کارکردگی کو زبردست سراہا۔ سرکاری بیان میں کہا گیا کہ یہ میزائل جدید ترین ٹھوس ایندھن کی ٹیکنالوجی سے لیس اور کسی بھی بیرونی جارحیت کی صورت میں دشمن کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا۔ دوسری جانب جاپان اور جنوبی کوریا کی حکومتوں نے اس تجربے کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی اور خطے میں دفاعی چوکسی بڑھا دی۔
