بیروت(این این آئی)اسرائیلی جنگی طیاروں نے مشرقی لبنان کے تاریخی شہر بعلبیک اور وادی بقاع کے مختلف دیہات پر رات گئے شدید فضائی حملے کیے جن کے نتیجے میں متعدد رہائشی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔ لبنانی وزارتِ صحت اور شہری دفاع کے حکام کے مطابق ان حملوں میں 8 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے جنہیں ملبے تلے سے نکال کر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا جبکہ بمباری کی شدت سے قدیم تاریخی کھنڈرات کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔ مقامی بلدیاتی نمائندے کا کہنا تھا کہ فضائی حملوں سے قبل شہریوں کو کسی قسم کا انتباہ جاری نہیں کیا گیا جس کے باعث جانی نقصان میں اضافہ ہوا۔ عالمی ثقافتی اداروں نے تاریخی شہر کے قریب عسکری کارروائیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متحرک فریقین سے عالمی ورثے کے تحفظ کا مطالبہ کر دیا۔
