واشنگٹن(نیو زڈیسک)امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ میلینیا ٹرمپ نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ پر خواتین سے دست درازی اور قابل اعتراض گفتگو کے الزامات جھوٹے ہیں۔خواتین کے بارے میں نازیبا گفتگو کی ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد ری پبلکن امیدوارڈونلڈ ٹرمپ مشکل میں پھنس گئے تھے لیکن اب ان کی اہلیہ میلینیا ٹرمپ ان کے دفاع میں سامنے آگئی ہیں، میلینیا کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو ایسی باتیں کرنے پراکسایا گیا تھا۔ گزشتہ روز امریکی ٹی وی کوانٹرویو میں میلینیا ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ پر خواتین سے دست درازی اور قابل اعتراض گفتگو کے الزامات جھوٹے ہیں اور انہیں اپنے شوہر پر پورا اعتماد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ پر الزامات لگانے والوں کے پاس کوئی ثبوت نہیں اور جن خواتین نے الزامات لگائے ہیں کیا ان کی ماضی پر نظر ڈالی گئی۔میلینیا ٹرمپ نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ پر الزامات اپوزیشن کی منظم مہم کاحصہ ہے اور انہوں نے ٹرمپ کو کبھی اس قسم کے الفاظ استعمال کرتے نہیں دیکھا۔واضح رہے کہ امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی گزشتہ دنوں خواتین سے متعلق متنازع ویڈیو سامنے آنے کے بعد موصوف کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جب کہ ان کی مقبولیت میں بھی کافی کمی آئی ہے۔