لاہور (سپورٹس رپورٹر) عالمی پیسز چیمپئن شپ کے تیسرے روز سٹ اپس مقابلہ کی تینوں پوزیشنز پاکستان آرمی کے جوانوں نے جیت لیں۔سپاہی صابر حسین نے پہلی ، محمد فیصل نے دوسری اور محمد نیاز بابر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ایونٹ میں شریک غیر ملکی کھلاڑی مقابلے ختم ہونے پر پاکستانی گانوں پر رقص کرتے رہے۔ 325کھلاڑیوں کو آٹھ گروپس میں تقسیم کرکے سٹ اپس کیلئے نصف گھنٹے کا وقت دیا گیا ۔ پاکستان آرمی کے صابر حسین نے آدھے گھنٹے میں 2076سٹ اپس لگا کر سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔ محمد فیصل نے دو ہزار اکسٹھ سٹ اپس لگا کر دوسری پوزیشن حاصل کی۔ محمد نیاز دو ہزار چونتیس سٹ اپس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر رہے۔ پیپلز لیبریشن آرمی چین کے ینگ ہونگ نے ایک ہزار سات سو تیرہ سٹ اپس کے ساتھ چوتھی پوزیشن حاصل کی ۔ باقی پوزیشنز پر بھی چین کے ایتھلیٹس چھائے رہے۔ اس موقع پر غیر ملکی ایتھلیٹس نے انتظامات کو سراہا ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آکر وہ بہت لطف اندوز ہورہے ہیں۔