کراچی(ویب ڈیسک) کراچی نادرا آفس کے باہرنجی ٹی وی کی خاتون میزبان عوام کی مشکلات کے حوالے سے پروگرام کررہی تھیں کہ اس دوران وہاں سیکیورٹی پر مامور ایف سی اہلکار نے کیمرہ مین کو ریکارڈنگ سے روکنے کی کوشش کی جس پر خاتون اینکر نے ایف سی اہلکار کو ایسا کرنے سے منع کیا اور کچھ سخت جملے بھی کہے جب کہ اس دوران خاتون نے اہلکار کی وردی پر بھی ہاتھ ڈالا اور کھینچا تانی کی جس پر اہلکار نے مشتعل ہو کر خاتون اینکر کو تھپڑ دے مارا۔
واقعے کے بعد صحافی برادری کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا ہے جب کہ بعض حلقوں کی جانب سے خاتون اینکر کے رویے پر بھی تنقید کی جارہی ہے۔واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد مذکورہ ایف سی اہلکار کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جس میں ہوائی فائرنگ اور خاتون پر تشدد کرنے کی دفعات شامل ہیں۔ خاتون کو تھپڑ مارنے کے بعد وہاں موجود افراد شدید مشتعل ہوگئے تھے جن کے غصے اور مارپیٹ سے بچنے کے لیے ایف سی اہلکار نے 18 بلیٹ ہوائی فائر بھی کیے۔دوسری جانب نادرا حکام کی جانب سے بھی خاتون اینکر کے خلاف کار سرکار میں مداخلت پر مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی گئی ہے۔