محمدنوازشریف وزیراعظم پاکستان نے چیف ایڈیٹر خبریں ضیا شاہد اور ایڈیٹر خبریں گروپ کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ روزنامہ ”خبریں“ اِس کے قارئین اور اخبار سے وابستہ عملہ و دیگر افراد یقینی طور پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ میں آپ کی وساطت سے سب کو خبریں اخبار کی 24 ویں سالگرہ کے موقع پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ 17 اکتوبر 1992ءکو خبریں اخبار کے اجراءسے پاکستان میں صحافت کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا کیونکہ یہ کارکن صحافی کا اخبار تھا۔ عوام نے اس اخبار کی دل کھول کر پذیرائی کی۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اخبار کی ساکھ اور مقبولیت میں ہونے والا اضافہ آپ سب کی محنت و لگن کا نتیجہ ہے۔ درست خبریں اور بے لاگ تبصرے اخبار کی اہمیت بڑھاتے ہیں۔ جن کا آپ نے ہمیشہ بطور خاص خیال رکھا ہے۔ اُمید ہے کہ یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا اور آپ اپنے قارئین کے ساتھ وابستگی کو بہتر سے بہتر بنائیں گے۔ میں آپ کی کامیابی کے لئے دُعا کرتا ہوں۔