کوہاٹ (بیورورپورٹ) وزیراعظم محمد نواز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان عنقریب اﷲ کے فضل و کرم سے دنیا کا بہترین اور خوشحال ملک بنے گا، حزب اختلاف کو یہی فکر اور غم کھائے جا رہا ہے کہ اگر پاکستان کے اندر ترقی اور خوشحالی کا یہ سفر جاری رہا تو 2018ءمیں ان کی سیاست ختم ہو جائے گی اور عوام بھی انہیں جان چکے ہیں، تبدیلی کوئی اور نہیں ہم لے کر آ رہے ہیں۔ کوہاٹ کو براستہ جنڈ، پنڈی گھیب بہترین ہائی وے کے ذریعے موٹر وے سے ملایا جائے گا، کوہاٹ سے کرک اور سرائے گھمبیلہ شاہراہ کو بھی بہترین ہائی وے بنایا جائے گا، کوہاٹ میں 3.9 ارب روپے کی لاگت سے سوئی گیس کی فراہمی، جدید ہسپتال، ہیلتھ انشورنس سکیم شروع کرنے، کوہاٹ یونیورسٹی کا ویمن کیمپس قائم کرنے اور پنڈی سے کوہاٹ ریل کار سروس شروع کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں قلعہ گراﺅنڈ میں کوہاٹ کی مختلف یونین کونسلوں کے لئے گیس کی فراہمی کے منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کوہاٹ کی ضلع کونسل کے لئے 20 کروڑ روپے اور تحصیل کونسل کے لئے 10 کروڑ روپے کی گرانٹ کا بھی اعلان کیا۔ گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا، وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی، مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر اور سابق وزیراعلیٰ پیر صابر شاہ، سابق وفاقی وزیر اور علاقے کی ممتاز شخصیت عباس آفریدی کے علاوہ علاقے کے عمائدین اور معززین کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ کوہاٹ کے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ کو اور آپ کے جذبے کو دیکھ کر آج میرا دل باغ باغ ہو گیا ہے، عوام کا جوش و خروش قابل فخر ہے، اتنی بڑی تعداد میں عوام کو دیکھ کر بہت خوشی ہو رہی ہے۔ میرے بھائی عباس آفریدی کی بڑے عرصہ سے خواہش تھی کہ میں کوہاٹ کا دورہ کروں، یہ میرے بڑے اچھے ساتھی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ عباس آفریدی نے مجھے کوہاٹ کے دورہ کے لئے کہا تو میں نے جواب دیا کہ کوہاٹ میرا اپنا شہر ہے، مجھے کوہاٹ کے عوام سے بہت محبت ہے اس لئے میں چاہتا ہوں کہ جب میں کوہاٹ جاﺅں تو خالی ہاتھ نہ جاﺅں، کوہاٹ کے عوام کے لئے کچھ تحفہ لے کر جاﺅں۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ آج کوہاٹ کے عوام کے لئے ایک تحفہ لے کر آئے ہیں اور یہ تحفہ ان پر کوئی احسان نہیں، یہ میرا فرض اور آپ کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ اگر آج اس صوبہ کے اندر کوئی تسلی بخش کام ہو رہا ہوتا تو آج اتنی بڑی تعداد میں لوگ مسلم لیگ (ن) میں نہ آئے ہوتے، یہاں کیا ترقی ہو رہی ہے وہ مجھ سے بہتر آپ جانتے ہیں۔ خیبر پختونخوا کتنا تبدیل ہوا ہے وہ آپ مجھ سے بہتر جانتے ہیں لیکن میں یہ سمجھتا ہوں کہ کے پی کے کو تبدیل ہونا چاہئے اور انشاءاﷲ وہ تبدیلی ہم لے کر آئیں گے۔ انہوں نے عوام سے استفسار کیا کہ آج جب کوہاٹ سے ہائی ویز بنیں گی، موٹر ویز بنیں گی تو کیا یہ کوہاٹ ایک نیا ضلع اور شہر بنے گا یا نہیں؟ جب کوہاٹ کے اندر سوئی گیس آئے گی تو کیا کوہاٹ تبدیل ہوگا یا نہیں؟، وزیراعظم نے کہا کہ آج آپ کے سامنے میں نے کوہاٹ کو سوئی گیس کی فراہمی کے منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھا ہے، 3.9 ارب روپے کی لاگت سے کوہاٹ کو سوئی گیس فراہم کی جا رہی ہے۔ یہ چھوٹا منصوبہ نہیں ہے۔ انہوں نے کوہاٹ کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کوہاٹ والوں کے لئے ایسا کبھی کسی نے سوچا تھا، کس نے آج تک کوہاٹ کو گیس دینے کی بات کی ہے؟، ہم بات کرنے نہیں آئے یہ منصوبہ شروع کرنے آئے ہیں، آج اس کا افتتاح کیا جا رہا ہے اور آپ کو معلوم ہونا چاہئے کہ جب نواز شریف کوئی وعدہ کرتا ہے تو وہ پورا کر کے رہتا ہے۔ آج کوہاٹ کے لئے ایک تاریخی دن ہے اور آج الحمداﷲ صرف کوہاٹ بلکہ خوشحال گڑھ، استر زئی، شیر کوٹ، علی زئی، نصرت خیل، ڈوڈہ اور لکی کو بھی گیس فراہم کی جا رہی ہے۔ اس پر تین ارب 90 کروڑ روپے یعنی تقریباً 400 کروڑ روپے خرچہ آئے گا، یہ 400 کروڑ میرے کوہاٹ کے جوانوں، بزرگوں، بہنوں، ماﺅں پر قربان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان 400 کروڑ کی کوئی حیثیت نہیں، نواز شریف کی جان بھی آپ پر قربان ہے۔ انہوں نے کہا کوہاٹ کے عوام کے لئے ایک اور تحفہ بھی لایا ہوں۔ کوہاٹ کو براستہ جنڈ، پنڈی گھیب ایک خوبصورت ہائی وے کے ذریعے موٹر وے سے ملایا جائے گا جس سے آپ اسلام آباد کے نزدیک آ جائیں گے اور بہت مختصر سفر کر کے آپ اسلام آباد پہنچیں گے۔ چیئرمین این ایچ اے یہاں موجود ہیں جن کو آرڈرز دے دیئے گئے ہیں اور اس کی تعمیر کا کام شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس ہائی وے کی تعمیر سے آپ اسلام آباد اور پشاور سے نزدیک ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوہاٹ سے کرک ، کرک سے سرائے گھمبیلہ نیشنل ہائی وے کو دگنا چوڑا کیا جائے گا اور یہ آگے جا کر موٹر وے سے ملے گی۔ یہ بہت بڑا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوہاٹ کے لئے ایک بہترین اسٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بنانے کا اعلان کرتا ہوں اور انشاءآﷲ آپ کو اور آپ کے بچوں کو یا کسی بھی بیمار کو کوہاٹ سے اسلام آباد یا پشاور علاج معالجہ کے لئے نہیں جانا پڑے گا، یہیں علاج ہوگا، کراچی اور لاہور نہیں جانا پڑے گا، کوہاٹ کے ہسپتال میں ہی تمام امراض کا علاج ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کوہاٹ کے غریب اور مستحق عوام کے لئے مفت علاج کا ایک منصوبہ لے کر آ رہے ہیں، مفت علاج ان کے لئے ہوگا جو اپنا علاج کرانے کی استطاعت نہیں رکھتے اور علاج کے لئے انہیں ادھار لینا اور جائیدادیں تک بیچنا پڑ جاتی ہیں۔ ان کو ہم مفت علاج فراہم کریں گے اور کسی کو اپنا مکان جائیداد نہیں بیچنا پڑے گی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر خواتین کے لئے کوہاٹ یونیورسٹی کے ویمن کیمپس کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی سے کوہاٹ ریل کار سروس شروع کی جائے گی، ابتداءمیں اس کو تجرباتی بنیاد پر شروع کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے ضلع کونسل کوہاٹ کے لئے 20 کروڑ روپے اور تحصیل کونسل کوہاٹ کے لئے 10 کروڑ روپے کی گرانٹ کا بھی اعلان کیا تاکہ کوہاٹ کے عوام کے لئے خوشحالی کے منصوبے شروع کئے جا سکیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج پاکستان بھر میں ترقیاتی عمل بہت تیز ہے، سی پیک بن رہا ہے جو انشاءاﷲ پاکستان کے عوام کے لئے ترقی اور خوشحالی لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2018ءمیں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کو ہمیشہ کے لئے ختم کر دیا جائے گا۔ انہوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ جانتے ہیں کہ جب ہماری حکومت آئی تھی تو کتنی لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی؟ انہوں نے کہا کہ 18، 18 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی جو آج بہت کم ہو چکی ہے اور انشاءاﷲ 2018ءمیں بالکل ختم ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندر سڑکیں، موٹر ویز اور ہائی ویز بن رہے ہیں، آج اس کا آغاز کوہاٹ سے بھی کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اﷲ کے فضل و کرم سے ایک ترقی یافتہ ملک بننے جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کو یہی فکر اور غم کھائے جا رہا ہے کہ اگر پاکستان کے اندر ترقی اور خوشحالی کا یہ سفر جاری رہا تو 2018ءتک ان کی سیاست ختم ہو جائے گی لیکن میں جانتا ہوں کہ اﷲ کے فضل و کرم سے عوام کو پتہ لگ چکا ہے کہ ان کے اندر کوئی جان نہیں ہے۔ صوبہ خیبر پختونخوا میں انہوں نے تین سال کے دوران کچھ نہیں کیا، انشاءاﷲ آپ کے صوبہ میں بھی اﷲ کے فضل و کرم سے 2018ءمیں مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئے گی اور مسلم لیگ (ن) اپنا خدمت کا سفر یہاں پر بھی بھرپور طریقے سے شروع کرے گی۔ وزیراعظم نے عوام سے پوچھا کہ وہ بتائیں کہ پاکستان میں دہشت گردی میں کمی آئی ہے یا نہیں؟ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی میں واضح کمی آئی ہے، جب 2013ءمیں ہماری حکومت آئی تھی تو دہشت گردی ملک بھر میں پھیلی ہوئی تھی، آج دہشت گردی ختم ہو رہی ہے، دہشت گردی کی کمر ٹوٹ چکی ہے۔ وزیراعظم نے پولیس، فوج اور انتظامیہ کے افسروں اور جوانوں کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے قربانیاں دے کر ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم شمالی وزیرستان کے تمام لوگوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ان کی دوبارہ آباد کاری کے لئے حکومت نے انتظامات کئے ہیں اور اس سلسلے میں اربوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی کو مزید بہتر بنانے کے لئے حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ انشاءاﷲ پاکستان عنقریب اﷲ کے فضل و کرم سے دنیا کا بہترین اور خوشحال ملک بنے گا۔ آج ملک اقتصادی ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے اور معیشت بہتر ہو رہی ہے اور یہ دعوے ہم نہیں کر رہے بلکہ پوری دنیا یہ کہہ رہی ہے۔ چند دن پہلے آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے سربراہان آئے، انہوں نے پاکستان کی اقتصادی ترقی کی تعریف کی یہ پاکستان کے لئے بہت بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب یہ منصوبے مکمل ہوں گے تو وہ ان کے افتتاح کے لئے دوبارہ کوہاٹ آئیں گے اور ان منصوبوں کی تکمیل پر کوہاٹ کے عوام کو مبارکباد دیں گے۔ قبل ازیں سابق وفاقی وزیر سینیٹر عباس آفریدی نے کہا کہ وزیراعظم نے ملک کی ترقی کے لئے جو اقدامات کئے ہیں وہ مخالفین کو ہضم نہیں ہو رہے، انہیں ڈر ہے کہ ترقی کا سفر ایسے ہی جاری رہا تو آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کا مقابلہ نہیں کر پائیں گے۔ خیبر پختونخوا کا برا حال ہے۔ انہوں نے وزیراعظم سے کوہاٹ سے اسلام آباد تک موٹر وے کی تعمیر، اسے سی پیک کا حصہ بنانے، گیس کی فراہمی اور ہسپتال کی تعمیر کے منصوبوں کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع کی حالت انتہائی خراب ہے، جنوبی اضلاع کی تقدیر بدلنے والا شیر آج اسٹیج پر براجمان ہے۔ پاکستان ایشیاءکا ٹائیگر بنے گا، نواز شریف پوری مسلم دنیا کے رہنما ہیں اور دنیا دیکھ لے کہ پاکستان میں ہم کیا چاہتے ہیں اور ایک چھوٹا سا ٹولہ کیا چاہتا ہے۔