لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ پش اپس لگانے سے بورڈ نے منع نہیں کیا اور پش اپس لگانے کا مقصد کسی کی دل آزاری نہیں تھی اس حوالے سے قائمہ کمیٹی میں جو بات ہوئی وہ مناسب نہیں تھی کیونکہ یہ ایک خراج تحسین کا اظہار تھا جن لوگوں کے ساتھ ہم نے کام کیا ٹریننگ کی ان سے وعدہ تھا کہ ہم انہیں خراج تحسین پیش کرینگے۔ ہمارے ذہن میں کوئی منفی سوچ نہین تھی یا مخالف ٹیم کو کم تر کہنے یا ان کی تذلیل مقسد نہیں تھا بلکہ یہ ایک خوشی کا اظہار تھاجسے اتناایشو نہیں بنانا چاہیے۔ دبئی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مصباح الحق نے مزید کہا کہ نجم سیٹھی صاحب نے بھی اس حوالے سے ٹویٹ پر واضح کردیا کہ کھلاڑی پش اپس لگا سکتے ہیں اپنی خوشی کا اظہار کسی بھی انداز میں کرسکتے ہیں ہاں اس اظہار میں کسی کی توہین کا پہلو نہیں ہونا چاہیے۔ دورہ آسٹریلیا نیوزی لینڈ کے ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے اپنے باﺅلرز پر بھروسہ ہے اور امید ہے ہمارے باﺅلرز اچھا پرفارم کرینگے۔ ایک سوال کہ ابوظہبی میں تو ڈیڈ وکٹ پر کرکٹ کھیلنااور آسٹریلیا میں باﺅنسی وکٹس پر اگلا دورہ تو کیا سمجھتے ہیں کہ اچھی تیاری ہوسکتی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر جگہ کی کنڈیشنز مختلف ہوتی ہیں آپ کہیں بھی کھیلیں دوسری جگہ کھیلیں گے تو دشواری ہوگی لیکن ٹائم کے ساتھ ایڈجسٹمنٹ ہوجاتی ہے۔ ویسٹ انڈیز اتنا بھی آسان حریف نہیں ہے۔انہوں نے پہلے ٹیسٹ میں اور پھر دوسرے میں بھی کئی جگہ کم بیک کیا تھا اور ہمار ا مقصد اچھی کرکٹ کھیلنا ہے ہمارے ذہن میں کوئی ریکارڈ نہیں ۔ورلڈ رینکنگ میں اچھی پوزیشن پر آنا خواہش ضرور ہے مگر ہماری کوشش اچھا کھیلنا اور میچ جیتنا ہے۔ تیسرے ٹیسٹ میں جیت کر کلین سویپ کی کوشش کرینگے ۔