کوئٹہ (بیورورپورٹ) بلاول بھٹو زرداری پولیس ٹریننگ سنٹر حملے کے زخمیوں کی عیادت کیلئے کوئٹہ آئے۔ عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا عمران خان کو چیف آف آرمی سٹاف کے سیاست میں مداخلت نہ کرنے کا دکھ ہے۔ ملک میں سیاسی انتقام کا کلچر پروان چڑھ رہا ہے۔ ڈاکٹر عاصم چودھری نثار کے قیدی ہیں۔ انہوں نے وفاقی وزیرداخلہ کے استعفے کا مطالبہ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ن لیگ اور شریفستان کی ضرورت نہیں۔ ذاتی حیثیت سے سانحہ پولیس ٹریننگ کالج کے زخمیوں کی ہرممکن مدد کروں گا۔ پیپلزپارٹی دہشت گردی کےخلاف ملک میں اتفاق رائے قائم کرنا چاہتی ہے۔ ملک کو نقصان پہنچانے والے غدار باقی سب لوگ محب وطن ہیں۔بلاول بھٹو نے کہا پوری قوم دہشت گردوں سے لڑنے کیلئے تیار ہے تو نوازشریف اور عمران خان کیوں تیار نہیں؟ کوئی نوازشریف اور چودھری نثار کی سوچ کےخلاف بات کرے تو اسے غدار قرار دےدیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا عوام مریں یا جئیں تخت رائیونڈ والوں کو تو اپنی حکمرانی سے غرض ہے۔بلاول بھٹو نے چار نومبر کو ساوتھ پنجاب اور سندھ کے بارڈ پر جلسہ کرنے کا اعلان بھی کر دیا۔ انہوں نے کہا سات نومبر تک ہمارے چار مطالبات مان لیے جائیں۔ سات نومبر تک مطالبات نہ مانے گئے تو 27 دسمبر کے بعد لانگ مارچ کا لائحہ عمل پیش کروں گا۔