واشنگٹن( ویب ڈیسک ) روس کے کاؤنٹر انٹیلی جنس امور کے ماہر مغربی جاسوس نے امریکن خفیہ ایجنسی ایف بی آئی کو خبردار کیا ہے کہ ماسکو امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ سے گزشتہ کئی سالوں سے تعلقات میں ہے اور ان سے ساز باز کی کوشش کر رہا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کے کاؤنٹر انٹیلی جنس امور کے ماہر سابق جاسوس کی جانب سے ایف بی آئی کو بھیجے گئے خط میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ماسکو گزشتہ 5 برسوں سے ڈونلڈ ٹرمپ کی مدد کر رہا ہے، انہیں تیار کر رہا ہے اور ان سے مسلسل رابطے میں ہے۔ خفیہ میمو میں مزید کہا گیا ہے کہ روس کے خفیہ ادارے ڈونلڈ ٹرمپ کے ماسکو کے متعدد دوروں کے دوران سمجھوتا بھی کر چکے ہیں اور اگر ضرورت پڑی تو انہیں بلیک میل بھی کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ روس کے خفیہ ادارے نے امریکی صدارت کے لئے ڈیمو کریٹک امیدوار ہلیری کلنٹن سے متعلق ایک ڈوزیئر بھی تیار کیا ہے جس میں انہوں نے ہلیری کلنٹن کے متعدد دورہ ماسکو کے دوران ان کی خفیہ کال ریکارڈنگ کی تفصیلات موجود ہے۔