پرتھ(اے پی پی) ہاشم آملہ نے کہا ہے کہ انکی ٹیم مکمل طور پر فٹ اور بھرپور فارم میں ہے اور میزبان ٹیم کے خلاف ابتدائی ٹیسٹ کیلئے میدان میں اترنے کو بے تاب ہے۔ جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آج سے شروع ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کینگروز کے خلاف سون ڈے سیریز میں بڑی فتح کے بعد ٹیم کے حوصلے بلند ہیں اور اس فتح کا فائدہ ٹیم کو کینگروز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ضرور ہوگا تاہم انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کےلئے ٹیم کو کھیل کے تینوں شعبوں میں کارکردگی دکھانا ہوگی۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ون ڈے سیریز میں بدترین شکست کے بعد آسٹریلوی کھلاڑی اپنی سرزمین پر ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے دوران بھی ذہنی طور پر دباﺅ میں ہوں گے اسلئے ہمارے پاس اسے اس کی سرزمین پر زیر کرنے کا نادر موقع ہے اور ہدف کے حصول کیلئے کھلاڑیوں کو کھیل کے تینوں شعبوں میں سو فیصد کارکردگی دکھانا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کی حالیہ کارکردگی قابل ستائش ہے، موجودہ کمبی نیشن کے ساتھ ٹیم مشکل سے مشکل ہدف اور دنیا کی کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مطلوبہ ہدف کیلئے کھلاڑیوں کو میں عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھنا ہو گا۔ جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ (آج) جمعرات سے شروع ہو گا، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 12 سے 16 نومبر جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 24 سے 28 نومبر تک کھیلا جائے گا۔