کراچی (یو این پی) سعید اجمل نے بھی قومی سلیکشن کمیٹی سے آخری موقع مانگ لیا ہے جن کا کہنا ہے کہ اگر چانس مل گیا تو ایک مرتبہ پھر خود کو سرفہرست باﺅلر ثابت کردیں گے۔ سعید اجمل کو مسلسل نظر انداز کئے جانے کے باوجود امید ہے کہ سلیکشن کمیٹی انہیں قابل غور سمجھ سکتی ہے۔ سعید اجمل کے مطابق بالنگ ایکشن کی تبدیلی کے بعد جب انہیں بنگلہ دیش کیخلاف موقع دیا گیا تو وہ خود بھی اپنی بالنگ سے مطمئن نہیں تھے لیکن اب وہ ماضی کے مقابلے میں قدرے بہتر بالنگ کر رہے ہیں اور نئے ایکشن کے ساتھ بھی ”دوسرا“کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ آف اسپنر کے مطابق وہ اس وقت انٹرنیشنل کرکٹ کیلئے پوری طرح تیار ہیں اور موقع ملنے پر خود کو ثابت کر دیں گے اور ان کا نہیں خیال کہ نیا بالنگ ایکشن ان کیلئے کسی بھی قسم کے مسائل پیدا کرے گا۔ سعید اجمل کا مزید کہنا تھا کہ وہ سلیکٹرز سے آخری موقع اس وجہ سے مانگ رہے ہیں کیونکہ انہیں اس بات پر پورا بھروسہ ہے کہ اس بار ناکامی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا کیونکہ فی الوقت وہ اس موقع کے مستحق ہیں تاہم بدقسمتی سے کامیاب نہ ہو سکے تو پھر آخری فیصلے کا اختیار سلیکٹرز کو حاصل ہو گا۔