لاہور(نیوزایجنسیاں)قومی وومن کرکٹ ٹیم رواں سال ایک بھی میچ نہیں جیت پائی ہے، کھلاڑیوں، خاص طور پر کپتان ثناء میر کی کارکردگی پر سوال اٹھ رہے ہیں، تیس سالہ کپتان نے نیوزی لینڈ کے خلاف دو میچز میں بیٹنگ آرڈر تبدیل کیا اور باری لینے بھی نہیں آئیں۔ قومی وومن کرکٹ ٹیم ہارے یا پھر ہارے، انہیں سب معاف ہے۔ دورہ نیوزی لینڈ وومن ٹیم کے لئے ڈراو¿نا خواب ضرور تھا لیکن ایسا پہلی بار نہیں ہوا۔ کپتان ثناء میر کہنے کو تو پاکستان وومن کرکٹ کا سب سے بڑا نام ہیں مگر نام بڑے درشن چھوٹے۔ثناء نے دورہ نیوزی لینڈ کے پانچ میچز میں مجموعی طور پر 37 رنز بنائے اور 5 ہی وکٹیں لیں۔ حیران کن طور پر دو میچز میں قومی کپتان نے بیٹنگ آرڈر تبدیل کیا مگر خود بلے بازی کرنے نہ آئیں۔ اب ذرا ان کے کیریئر پر نظر ڈالیں تو نوے میچز میں انہوں نے محض 16 کی اوسط سے رنز بنائے جن میں دو ففٹیز شامل ہیں۔ اٹھانوے وکٹیں بھی ثناء میر کے حصے میں آ چکی ہیں۔وومن ٹیم کو کوئی بھی میچ جیتے تیرہ ماہ کا عرصہ گزر چکا مگر کپتان کی کارکردگی ایسی ہو تو دیگر کھلاڑیوں سے کون پوچھے گا۔