ہملٹن (آئی این پی) اظہرعلی نیوزی لینڈکےخلاف دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کی قیادت کرینگے ، وہ پانچ روزہ کرکٹ میں قومی ٹیم کی کپتانی کرنے والے اکتیس ویں کپتان ہونگے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈکے درمیان سیریزکا دوسرا ٹیسٹ ہملٹن میں شروع ہوگا۔ جس میں قومی ٹیم کی قیادت اظہر علی کریں گے، اکتیس سالہ اظہر علی یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے اکتیس ویں کپتان بن جائیں گے۔ گذشتہ چونسٹھ برس میں جن تیس کپتانوں نے پاکستان کی قیادت کی ان میں پندرہ کیپٹنز نے قیادت کا پہلا میچ پاکستان میں کھیلا جبکہ پندرہ کپتانوں نے بیرونِ ملک قومی ٹیم کی باگ دوڑ سنبھالی۔دوکپتان ایسے بھی گذرے ہیں جنہوں نے نیوزی لینڈ میں پہلی بار قیادت کے فرائض انجام دیے ان میں سلیم ملک نے انیس سوچورانوے میں آکلینڈ اور انضمام الحق نے دوہزار ایک میں ہملٹن میں پاکستان کی کپتانی کی،چار کپتان ایسے ہیں جو پچیس سے زائد میچز میں کپتانی کرچکے ہیں،مصباح الحق سب سے زیادہ پچاس ٹیسٹ میں کپتانی کااعزازرکھتے ہیں ،عمران خان اڑتالیس ، جاوید میانداد چونتیس اور انضمام الحق اکتیس ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی قیادت کرچکے ہیں۔سب سے زیادہ چوبیس میچزمیں فتوحات اور سب سے زیادہ پندرہ میچزمیں شکست مصباح الحق کے حصے میں آئی ، عمران خان کی قیادت میں پاکستان کے سب سےزیادہ چھبیس میچز ڈراہوئے۔