نئی دہلی (نیوزا یجنسیاں) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے ہندوستانی کرکٹ بورڈ(بی سی سی آئی) کے صدر انوراگ ٹھاکر سے ملاقات کر کے پاکستان اور ہندوستان کے ساتھ ساتھ دونوں ملکوں کی لیگ کی ٹیموں کے درمیان مقابلوں کے انعقاد پر زور دیا۔جاوید آفریدی اور انوراگ ٹھاکر کے درمیان ملاقات نئی دہلی میں ہوئی جہاں کرکٹ کے فروغ، پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کرکٹ تعلقات کی بحالی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد جاوید آفریدی نے بتایا کہ بی سی سی آئی کے صدر سے ملاقات کامیاب رہی اور انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ ہم کسی تیسرے مقام پر پاکستان سے کھیلنے کیلئے تیار ہیں۔جاوید نے کہا کہ انہوں نے پی ایس ایل اور انڈین پریمیئر لیگ کی ٹیموں کے درمیان کسی تیسرے مقام پر میچوں کے انعقاد کی اجازت دینے کی درخواست کی کیونکہ آئی پی ایل کی چند ٹیموں کے حکام پی ایس ایل کی ٹیموں سے میچز کھیلنے کیلئے کافی پرجوش ہیں۔
پشاور زلمی کے مالک نے بتایا کہ اس سلسلے میں اگلی ملاقات 17 دسمبر کو سری لنکا کے شہر کولمبو میں ہو گی جس میں مزید پیشرفت کا امکان ہے۔یاد رہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جاری کشیدگی کے سبب دونوں ملکوں کے درمیان 2007 کے بعد سے کوئی مکمل سیریز نہیں کھیلی گئی اور حالیہ کشیدگی کو دیکھتے ہوئے مستقبل قریب میں بھی کسی سیریز کا انعقاد مشکل نظر آتا ہے۔بھارتی جنتا پارٹی سے تعلق رکھنے والے انوراگ ٹھاکر بھی پاکستان سے سیریز کے سخت مخالف رہے ہیں اور اس سلسلے میں جاوید آفریدی کی ان سے ملاقات بڑی اہمیت کی حامل ہے۔ماضی میں بھی دونوں دونوں ملکوں کے تعلقات میں بہتری کیلئے کرکٹ ڈپلومیسی کا سہارا لیا گیا تھا اور جاوید آفریدی کی اس کاوش سے اگر دونوں ملکوں کے کرکٹ تعلقات میں جاری سرد مہری کا خاتمہ ہوتا ہے تو یہ دونوں ملکوں کے ساتھ ساتھ کرکٹ کیلئے بھی سنگ میل ثابت ہو گا۔