لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میں پنجاب کی سیاست پر جمہوری قبضہ کرنے آیا ہوں وزیر داخلہ نے نیشنل ایکشن پلان کا فائدہ اٹھایا حکیم اللہ مسعود ہلاک ہوا تو وہ آنسو بہارہے تھے دہشت گردوں سے حکومت نہیں ہماری فوج ، ہماری پولیس اور ہماری عوام لڑرہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے بلاول ہاﺅس لاہور میں پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس کی جاری تقریبات کے چھٹے روز پیپلزپارٹی گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان جسے وزیر داخلہ نے ن لیگی ایکشن پلان بنادیا آج ختم ہوچکا ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے شروع سے کہنا شروع کردیا تھا کہ دہشت گردوں کے ساتھ لڑکو لیکن وزیراعلیٰ پنجاب اتنا طاقتور نہ تھا کہ وہ دہشت گردوں کے ساتھ لڑسکتا بلکہ حکیم اللہ مسعود جب ہلاک ہوا تو وہ آنسو بہارہا تھا انہوں نے کہاکہ نوازشریف اور وزیرداخلہ اصل کام پرتوجہ دینے کی بجائے ڈاکٹر عاصم کے پیچھے پڑگیا انہوںنے کہا کہ نوازشریف آج تک امیر المومنین بننا چاہتا ہے گلگت بلتستان کے الیکشن میں کیا ہوا آپ سب جانتے ہیں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکمران ہماری لاشوں پر سیاست کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ پیش کیے گئے ہمارے چار نکات منظور نہ کیے گئے تو 27دسمبر کے بعد اگر میں کال دو تو کیاک آپ میرا ساتھ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے ضیاءالحق کو ہروادیا پرویز مشرف کو وردی اتارنے پرمجبور کردیا تو حکمران کس کھیت کی مولی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ اگر اورنج لائن ٹرین پر اربوں روپے خرچ کیے جاسکتے ہیں تو گلگت بلتستان پر دس روپے کیوں نہیں خرچ کیے جاسکتے۔ انہوں نے ورکرز کنونشن کے شرکاءسے پوچھا کہ وہ بتائیں جب سے بلاول بھٹو زرداری آیا ہے تبدیلی آئی ہے انہوں نے کہا کہ2018ءکے الیکشن میں آپ کا وزیراعظم پیپلزپارٹی سے ہوگا پانچوں صوبوں کے وزراءاعلیٰ گورنرز صدر ہمارے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول سکردو آرہاہے سکردو پہ جمہوری قبضہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ آصف علی زرداری کا خواب تھا آصف علی زرداری پھر سے ہمارے صدر ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے گوادر پورٹ چائنہ کے حوالے کرکے پاکستان کو تحفہ دیا۔ قبل ازیں بلاول بھٹو زرداری اپنے خطاب کےلئے جب سٹیج پر آئے تو انہیں گلگت بلتستان کی روایتی ٹوپی اور چوغہ پہنایا سٹیج پر اپنے خطاب سے قبل انہوں نے کراچی کے ہوٹل میں آتشزدگی کے واقعہ میں جاں بحق افراد کےلئے فاتحہ خوانی کرتے ہوئے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی اور ذمہ داروں کا تعین کرکے انہیں سخت سزائیں دینے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے سٹیج سے روزانہ کی طرح بھرپور نعرے بھی لگوائے۔