اسلام آباد، لاہور، فیصل آباد (نمائندگان خبریں) وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کے وکیلوں کے دلائل سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ پاناما کیس میاں نواز شریف سے حسد اور مریم نواز سے خوف کا ہے۔ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف اور ان کے خاندان نے سپریم کورٹ میں تمام دستاویزات پیش کردیے ہیں انہی دستاویزات کے اوپر عمران خان کے وکیل دلائل پیش کر رہے ہیں۔ پاناما کیس اب عمران خان کے تمام جھوٹے الزامات سے میاں نواز شریف کی تقریروں پر آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم خود چاہتے ہیں کہ سپریم کورٹ پاناما کیس کی سماعت کرے لیکن عمران خان کے وکلا کے دلائل نے ثابت کردیا ہے کہ کیس شیروانی کا ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ جن اخباری تراشوں پر عمران خان کیس لڑ رہے ہیں، اگر ان کے خلاف ان اخباری تراشوں کی تحقیقات ہوئیں تو پھر کیا ہوگا۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا کیس جھوٹ اور الزامات پر مبنی ہے اور عمران خان قوم سے مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں ، عمران خان اپنے ثبوتوں پر غور کریں اور سپریم کورٹ سے کیس واپس لے لیں ۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف پرماضی میں بھی جھوٹے الزامات لگائے گئے اور اس بار بھی وزیر اعظم پانامہ کیس سے انشاءاللہ باعزت طریقے سے نکلیں گے،دلائل کے ساتھ کیس لے کر آگے بڑھیں گے اور دلائل سے ثابت کریں گے کہ عمران خان اوران کی ٹیم نے جھوٹ بولا،عمران خان نے جھوٹ بول کر قوم کے 3سال ضائع کئے اب مخالفین کو ملک میں منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی، انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے کی رکھوالی پر بلا شیخ رشید بیٹھا تھا،ان کی کہانیاں ناکام ہوگئیں ، وزیر مملکت آئی ٹی انوشہ رحمان نے کہا کہ تحریک انصاف نے کیس سے متعلق ایک بھی ثبوت عدالت میں جمع نہیں کرایا ، عمران خان کے وکیل خود عدالت میں کہتے ہیں کہ ٹیکس لاءسے آگاہی نہیں ، ہم نے تمام ثبوت عدالت میں جمع کرا دیئے ہیں اور ثابت کر دیا ہے کہ مریم صفدر شادی کے بعد وزیر اعظم نواز شریف کی زےر کفالت نہیں ہیںاور ثبوت سے ثابت کیا کہ پی ٹی آئی کے الزامات جھوٹے ہیں ، انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی مخالفین کو منہ کی کھانا پڑے گی ۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان سپریم کورٹ کے نام پر عدالتی آبزرویشنز کو توڑ مروڑ کر پیش کرتے ہیں، آبزر ویشنز کو مسخ کرنے پر عدالت عظمیٰ کو انکی جواب طلبی کرنی چاہئے، عمران اینڈ کمپنی قوم کو گمراہ نہیں کرسکتی، مسلم لیگ(ن)کے رہنماطارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا امپائر عدالت عظمی کو سمجھتے ہیں ،پانامہ لیکس کی سماعت کے دوران پی ٹی آئی نے آج پھر الف لیلی کی کہانی دہرائی، وزیراعظم اور ان کی فیملی کو کلین چٹ ملے گی اور الزامات مسترد ہوں گے،اہم کیس ہے جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف واحد وزیر اعظم ہوں گے جنہیں ذاتی الزامات پر سپریم کورٹ سے کلین چٹ ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہو ،تحریک انصاف نے ہم پر الزامات لگائے لیکن ثبوت ایک بھی پیش نہیں کیا ،عمران خان کو سیاست ضرور کرنی چاہیے لیکن کسی پر الزامات تراشی بغیر کسی ثبوت کے نہیں کرنے چاہیں۔ہم چاہتے ہیں کہ کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی جائے کیونکہ عمران خان وکلاءبدل بدل کر کیس کو طویل کرناچاہتے ہیں۔
