تازہ تر ین

طیارہ حادثہ کے لواحقین پر پل پل بھاری …. 39 میتوں کا انتظار

اسلام آباد (اے این این) حویلیاں طیارہ حادثہ ، لواحقین کےلئے ایک ایک پل بھاری گزرنے لگا ، 39خاندانوں کو میتوں کے ڈی این اے کا انتظار ، حادثے میں جاں بحق 47 میں سے 8افراد کی شناخت ہو گئی ،4 کو سپرد خاک کر دیا گیا ، شناخت کئے جانے والوں میں 5 مسافر ، ایک ایئرہوسٹس اور دو گارڈز شامل ، جنید جمشید کے بھائی سمیت 30لواحقین کے بلڈ سیمپل لے لئے گئے ، ڈی این اے ٹیسٹ کا پہلا مرحلہ مکمل ، سوائے غیر ملکیوں کے تمام افراد کے لواحقین کے خون کے نمونے حاصل کر لئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق حویلیاں طیارہ حادثے میں جاں بحق 39 خاندانوں کا غم ابھی کم نہیں ہوا ، میتیں ملیں گی تو قرار آئے گا ، لواحقین پر اک اک پل بھاری گذر رہا ہے ، انتظار کی گھڑیاں ہیں کہ ختم ہی نہیں ہو رہیں ، 39 لاشوں کی تمام تر کوشش کے باوجود شناخت نہ ہو سکی ۔ ڈی این اے ٹیسٹ کیلئے جنید جمشید کے بھائی سمیت تیس لواحقین کے بلڈ سیمپل لئے گئے ۔ نمونے لینے کے بعد متیوں کو روات کے نجی ہسپتال میں منتقل کیا گیا ۔ جن میتوں کی ڈی این اے ٹیسٹ رپورٹ موصول ہو جائے گی ان کو لواحقین کے حوالے کر دیا جائے گا ۔ فضائی حادثے میں جاں بحق 8 افراد کی شناخت ہوگئی ، چار کی تدفین کر دی گئی ، شناخت ہونے والوں میں 5 مسافر ، ایک ایئر ہوسٹس اور دو گارڈ شامل ہیں ۔ ڈی سی چترال اسامہ وڑائچ ، اہلیہ مہرین اور بیٹی ماہ رخ کواسلام آباد کی ایچ الیون قبرستان میں سیکڑوں سوگواران کی موجودگی میں سپرد خاک کر دیا گیا ۔ ایئرہوسٹس اسما عادل کی شناخت کانوں میں پہنی بالیوں سے ہوئی ، ان کی تدفین ایئرپورٹ ہاسنگ سوسائٹی میں ان کی رہائش گاہ کے قریب قبرستان میں کی گئی ۔ ایئر کمانڈوز احسن غفار اور سمیع اللہ کی نمازجنازہ اےایس ایف کوارٹرز میں ادا کی گئی ۔ چترال کے محمد نواز اور حاجی تکبیر کی میتیں ورثا کے سپرد کر دی گئیں ۔ دوسری جانب پمز اسپتال کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر الطاف حسین کا کہنا ہے کہ حادثے میں جاں بحق افراد کی میتیں ورثا کے حوالے کرنے کے لئے ڈی این اے ٹیسٹ کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے اور سوائے غیر ملکیوں کے تمام افراد کے لواحقین کے خون کے نمونے حاصل کر لئے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکیوں میں ہینگ کینگ، ہارونگ اورسچل بینگر کے ورثا کی پاکستان آمد کا انتظار ہے، تینوں غیر ملکیوں کے ورثا کی پاکستان آمد کے بعد ان کے بھی خون کے نمونے حاصل کئے جائیں گے۔ڈاکٹر الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ڈی این اے ٹیسٹ کے لئے خون کے نمونے ترجیحی بنیادوں پر لیبارٹریز بھیجے جا رہے ہیں، ڈی این اے رپورٹ کے فورا بعد میتیں لواحقین کے حوالے کر دی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈی این اے ٹیسٹ کے لئے آخری نمونے حسینہ گل سے آج صبح 5 بجےحاصل کیے گئے۔واضح رہے کہ دو روز قبل چترال سے اسلام آباد آنے والے پی آئی اے کے اے ٹی آر طیارے کو حویلیاں میں حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں معروف نعت خوان جنید جمشید اور ڈی سی چترال عمر چیمہ سمیت 47افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ 8مسافروں کی شناخت ہونے کے بعد متیں لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہیں جبکہ 39افراد کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے کی جائے گی۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain