اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) باخبر ذرائع سے معلوم ہواہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف نے سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کو عملی سیاست میں سرگرم حصہ لینے کا گرین سگنل دے دیا۔ پرویز رشید جنہیں گزشتہ ماہ قومی سلامتی سے متعلق اعلیٰ سطح کی خبر کی اشاعت کے ایشو کی تحقیقات کے سلسلے میں ”سٹیپ ڈاﺅن“ کر دیا گیا کو وزیراعظم محمد نوازشریف نے تحریک انصاف کی قیادت کے الزامات کی سیاست کا جواب دینے میدان میں اتار دیا ہے۔ وہ پچھلے ایک ماہ نو دن تک گوشہ نشین رہے۔ انہوں نے کسی صحافی سے ٹیلیفون پر بھی بات نہیں کی حتیٰ کہ چیئرمین سینٹ کی جانب سے موصول ہونے والے ٹیلیفون کو بھی اٹینڈ نہیں کیا۔ انہوں نے قومی سلامتی سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی خبر لیک ہونے کے بارے میں تحقیقات کرنے والی کمیٹی میں اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا۔ جس کی رپورٹ وزارت داخلہ میں جمع کرانے کے بعد سنیٹر پرویز رشید کو وزارت پر بحال کئے جانے کا امکان ہے۔
گرین سگنل
