لندن(آئی این پی) قومی کر کٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ وقار یونس فکسنگ سزا یافتہ سلمان بٹ کے حق میں بول پڑے،وقار یونس نے کہا ہے کہ محمد عامر کے بعد تجربہ کار اوپنر کی بھی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی ہونی چاہیے ۔وقار یونس نے سلمان بٹ کے حق میں آواز بلند کر دی ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق سابق ہیڈ کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ دو ہزار دس کے فکسنگ اسکینڈل میں سزا پانے والے سلمان بٹ کو بھی ایک موقعہ ملنا چاہیے۔ رواں سال جنوری میں ڈومیسٹک کرکٹ سے دوبارہ کھیل کا آغاز کرنے والے سلمان بٹ نے پورے سیزن کرکٹ شائقین اور ماہرین کو اپنی کارکردگی سے متاثر کیا۔ انہوں نے واپڈا کی کپتانی کرتے ہوئے قائد اعظم ٹرافی کے فائنل کی دونوں اننگز میں سنچریز اسکور کیں اور ٹیم کو پہلی بار چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔