لاہور(شوبز ڈیسک) سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا ہے کہ حکومت اور صاحب ثروت شخصیات بھیک مانگنے والے بچوں کو معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں ، بچوں سے بھیک منگوانے کاگھناﺅنا فعل کرنے والوں کی پکڑ کےلئے قوانین بنا کر ان پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں لیکن بد قسمتی سے ان کےلئے حکومت کی سطح پر کوئی خاص پروگرام نہیں رکھا گیا ۔چائلڈ لیبر کے خاتمے اور خصوصاً بھکاریوں بچوں کےلئے خصوصی منصوبہ شروع کرنے کی ضرورت ہے اور اس کے تحت ان کی کفالت کرنے کا اعلان کیا جائے ۔ صاحب ثروت شخصیات کوبھی اپنی حیثیت کے مطابق بچوں کی کفالت کا اعلان کرنا چاہیے اور اس سے معاشرے میں مثبت رجحان فروغ پائے گا ۔