میلبورن(ویب ڈیسک) میلبورن ٹیسٹ میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 4 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنائے تھے کہ کھیل بارش کے باعث روک دیا گیا۔آسٹریلیا کے میلبورن کرکٹ گراو¿نڈ میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری ہے اور گرین کیپس نے چائے کے وقفے تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنائے تھے کہ میچ بارش کے باعث روک دیا گیا تاہم مسلسل بارش جاری رہنے کی وجہ سے کھیل دوبارہ شروع نہ ہو سکا اور امپائرز نے پہلے روز کا کھیل ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز سمیع اسلم اور اظہر علی نے کیا تاہم 18 کے مجموعی اسکور پر سمیع اسلم 9 رنز بنا کر ناتھن لیون کی گیند پر اسٹیون اسمتھ کو کیچ تھما بیٹھے۔بابر اعظم بھی 23 کے انفرادی اسکور پر ہیلز وڈ کی گیند پر اسٹیون اسمتھ کے ہاتھوں کیچ آو¿ٹ ہوئے۔ اظہر علی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے نہ صرف اپنی ففٹی مکمل کی بلکہ رواں برس ٹیسٹ میں اپنے ایک ہزار رنز بھی مکمل کئے۔ قومی ٹیم کا سکور 111 رنز پر پہنچا تو یونس خان جیکسن برڈ کی اندر آتی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، انہوں نے 21 رنز اسکور کئے، یونس اور اظہر کے درمیان 51 رنز کی شراکت ہوئی۔قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق جارحانہ موڈ میں نظر آئے اور انہوں نے ناتھن لیون کو چھکا لگا کر اپنا کھاتا کھولا لیکن 11 کے انفرادی اسکور پر وہ بھی جیکسن برڈ کی گیند پر شارٹ لیگ پر کیچ آو¿ٹ ہو گئے، میڈنسن نے ڈائیو لگا کر ان کا شاندار کیچ تھاما۔ پاکستان نے 50.5 اوورز میں 142 رنز اسکور کئے تھے کہ بارش کے باعث کھیل روک کر چائے کا وقفہ لے لیا گیا تاہم کھیل دوبارہ شروع نہ ہو سکا۔ پہلے روز کا کھیل ختم ہوا تو اظہر علی 66 اور اسد شفیق 4 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے۔ آسٹریلیا کی جانب سے جیکسن برڈ نے 2 جب کہ ہیزل وڈ اور ناتھن لیون نے ایک ایک کھلاڑی کو آو¿ٹ کیا۔قبل ازیں پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ راحت علی کو آرام دیا گیا ہے اور ان کی جگہ سہیل خان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان کے خلاف پہلا ٹیسٹ جیتنے والی آسٹریلین ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔